یہ قرآن مجید کی اکتیسویں سورت ہے؛ اِس میں چونتیس آیتیں اور چار رکوع ہیں۔ یہ مکی سورت ہے، اور «الۗمّۗ» سے شروع ہونے والی اُن سورتوں میں سے ہے جو مکی دور میں نازل ہوئیں۔
رکوع 1 آیات 1 تا 11
1
الۤمّۤ
الف، لام، میم۔
2
تِلْكَ اٰيٰتُ الْكِتٰبِ الْحَكِيْمِ
یہ حکمت سے بھری ہوئی کتاب کی آیتیں ہیں۔
3
هُدًي وَّرَحْمَةً لِّلْمُحْسِنِيْنَ
(یہ کتاب) ہدایت اور رحمت ہے نیک عمل کرنے والوں کے لیے۔
اور لوگوں میں کوئی ایسا بھی ہے جو (اللہ سے) غافل کر دینے والی باتیں خریدتا ہے، تاکہ بغیر سمجھے بوجھے (لوگوں کو) اللہ کے راستے سے ہٹا دے اور اُس (راستے) کا مذاق اڑائے؛ ایسے ہی لوگوں کے لیے رسوا کن عذاب ہے۔
اور جب اُس کے سامنے ہماری آیتیں پڑھی جاتی ہیں تو وہ تکبر کرتا ہوا منہ پھیر لیتا ہے، جیسے اُس نے اُنہیں سنا ہی نہیں، گویا اُس کے دونوں کانوں میں بوجھ ہے؛ تو اُسے دردناک عذاب کی خوش خبری سنا دیجیے۔
اُس نے آسمانوں کو ستونوں کے بغیر پیدا کیا، جیسا کہ تم اُنہیں دیکھ رہے ہو؛ اور زمین میں پہاڑ گاڑ دیے تاکہ وہ تمہیں لے کر ڈگمگانے نہ لگے؛ اور اُس میں ہر طرح کے جانور پھیلا دیے؛ اور ہم نے آسمان سے پانی اتارا، پھر زمین میں ہر قسم کی عمدہ چیزیں اگائیں۔
یہ تو ہے اللہ کی تخلیق؛ اب تم مجھے دکھاؤ کہ اُس کے سوا جو (معبود) ہیں اُنہوں نے کیا پیدا کیا ہے؟ بلکہ (حقیقت یہ ہے کہ) یہ ظالم کھلی گمراہی میں پڑے ہوئے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور ہم نے لقمان کو حکمت عطا کی تھی (اور اُن سے کہا تھا) کہ اللہ کا شکر ادا کرو؛ اور جو شکر کرتا ہے وہ اپنے ہی فائدے کے لیے شکر کرتا ہے، اور جو ناشکری کرے تو اللہ بے نیاز ہے، (خود) تعریف کے لائق ہے۔
اور ہم نے انسان کو اُس کے ماں باپ کے بارے میں تاکید کی ہے؛ اُس کی ماں نے کمزوری پر کمزوری سہہ کر اُسے (پیٹ میں) اٹھائے رکھا، اور دو سال میں اُس کا دودھ چھوٹتا ہے؛ (ہم نے کہا) کہ میرا اور اپنے ماں باپ کا شکر ادا کرو، میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے۔
اور اگر وہ دونوں تم پر زور ڈالیں کہ تم میرے ساتھ کسی ایسی چیز کو شریک ٹھہراؤ جس (کے معبود ہونے) کا تمہارے پاس کوئی علم نہیں، تو اُن کی بات نہ ماننا، اور دنیا میں اُن کے ساتھ بھلے طریقے سے رہنا، اور اُس شخص کے راستے پر چلنا جو میری طرف رجوع کرتا ہے؛ پھر تم سب کو میرے ہی پاس لوٹ کر آنا ہے، تب میں تمہیں بتا دوں گا کہ تم کیا کیا کرتے تھے۔
(لقمان نے کہا:) میرے پیارے بیٹے! اگر کوئی (عمل) رائی کے دانے کے برابر بھی ہو، پھر وہ کسی چٹان کے اندر ہو یا آسمانوں میں یا زمین میں، تب بھی اللہ اُسے لا حاضر کرے گا؛ یقیناً اللہ بڑا باریک بین، پوری طرح باخبر ہے۔
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے، اللہ نے سب تمہارے کام پر لگا رکھا ہے، اور اپنی ظاہری اور باطنی نعمتیں تم پر پوری کر دی ہیں؟ پھر بھی لوگوں میں کوئی ایسا ہے جو اللہ کے بارے میں جھگڑتا ہے، نہ (اُس کے پاس) کوئی علم ہے، نہ ہدایت اور نہ کوئی روشن کتاب۔
اور جب اُن سے کہا جاتا ہے کہ اُس (کلام) کی پیروی کرو جو اللہ نے اتارا ہے، تو کہتے ہیں: نہیں، بلکہ ہم تو اُسی (طریقے) کی پیروی کریں گے جس پر ہم نے اپنے باپ دادا کو پایا ہے۔ کیا (وہ اُنہی کی پیروی کریں گے) چاہے شیطان اُنہیں بھڑکتی آگ کے عذاب کی طرف بلا رہا ہو؟
اور جو کفر کرے تو اُس کا کفر آپ کو غمگین نہ کرے؛ اُنہیں ہماری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے، پھر ہم اُنہیں بتا دیں گے کہ اُنہوں نے کیا کیا تھا؛ بے شک اللہ سینوں کے اندر کی باتوں کو خوب جانتا ہے۔
اور اگر آپ اُن سے پوچھیں کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے؟ تو وہ ضرور کہیں گے: اللہ نے۔ آپ کہہ دیجیے: سب تعریف اللہ کے لیے ہے؛ مگر اُن میں سے اکثر لوگ نہیں جانتے۔
اور زمین میں جتنے درخت ہیں، اگر وہ سب قلم بن جائیں، اور سمندر (روشنائی بن جائے) جسے اُس کے بعد سات سمندر اور (روشنائی) پہنچائیں، تب بھی اللہ کی باتیں ختم نہ ہوں گی؛ بے شک اللہ زبردست ہے، حکمت والا ہے۔
تم سب کو پیدا کرنا اور (مرنے کے بعد) دوبارہ زندہ کرنا (اللہ کے لیے) بس ایسا ہی ہے جیسے ایک شخص کو (پیدا کرنا اور زندہ کرنا)؛ بے شک اللہ سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے، اور اُس نے سورج اور چاند کو کام پر لگا رکھا ہے؛ ہر ایک ایک مقررہ مدت تک چل رہا ہے، اور یہ کہ اللہ تمہارے سب کاموں سے پوری طرح باخبر ہے۔
کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ کشتیاں سمندر میں اللہ کے فضل سے چلتی ہیں، تاکہ وہ تمہیں اپنی کچھ نشانیاں دکھائے؟ بے شک اِس میں ہر اُس شخص کے لیے نشانیاں ہیں جو خوب صبر کرنے والا، خوب شکر کرنے والا ہو۔
اور جب اُنہیں (سمندر میں) سائبانوں جیسی کوئی موج ڈھانپ لیتی ہے تو وہ اللہ کو اِس طرح پکارتے ہیں کہ اپنی بندگی خالص اُسی کے لیے کر لیتے ہیں؛ پھر جب وہ اُنہیں بچا کر خشکی تک پہنچا دیتا ہے تو اُن میں سے کچھ تو (سیدھے راستے پر) قائم رہتے ہیں؛ اور ہماری آیتوں کا انکار وہی کرتا ہے جو بڑا دغا باز، بڑا ناشکرا ہو۔
اے لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرو، اور اُس دن کا خوف رکھو جب نہ کوئی باپ اپنے بیٹے کے کچھ کام آئے گا، اور نہ کوئی بیٹا ایسا ہوگا جو اپنے باپ کے ذرا بھی کام آ سکے؛ یقیناً اللہ کا وعدہ سچا ہے، اِس لیے دنیا کی زندگی تمہیں ہرگز دھوکے میں نہ ڈالے، اور نہ وہ بڑا دھوکے باز (شیطان) تمہیں اللہ کے بارے میں دھوکا دے۔
بے شک قیامت کا علم اللہ ہی کے پاس ہے، اور وہی بارش برساتا ہے، اور وہی جانتا ہے کہ ماؤں کے پیٹ میں کیا ہے؛ اور کوئی شخص نہیں جانتا کہ وہ کل کیا کمائے گا، اور کوئی شخص نہیں جانتا کہ وہ کس زمین میں مرے گا؛ بے شک اللہ ہی سب کچھ جاننے والا، ہر بات سے باخبر ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←