یہ ایک کتاب ہے جو آپ کی طرف اُتاری گئی ہے، لہٰذا اِس (کو پہنچانے) سے آپ کے دل میں کوئی تنگی نہ ہو، تاکہ آپ اِس کے ذریعے (لوگوں کو) ڈرائیں، اور یہ ایمان والوں کے لیے نصیحت ہے۔
(لوگو!) جو کچھ تمہارے پروردگار کی طرف سے تمہاری طرف اُتارا گیا ہے، اُس کی پیروی کرو، اور اُسے چھوڑ کر دوسرے سرپرستوں کی پیروی نہ کرو۔ تم لوگ بہت کم نصیحت حاصل کرتے ہو۔
اور ہم نے تمہیں پیدا کیا، پھر تمہاری صورتیں بنائیں، پھر فرشتوں سے کہا کہ آدم کو سجدہ کرو؛ چنانچہ سب نے سجدہ کیا سوائے ابلیس کے، وہ سجدہ کرنے والوں میں شامل نہ ہوا۔
اللہ نے فرمایا: جب میں نے تجھے حکم دیا تھا تو کس چیز نے تجھے سجدہ کرنے سے روکا؟ اُس نے کہا: میں اُس سے بہتر ہوں؛ آپ نے مجھے آگ سے پیدا کیا ہے اور اُسے مٹی سے پیدا کیا ہے۔
پھر میں اُن کے پاس آؤں گا اُن کے سامنے سے بھی اور اُن کے پیچھے سے بھی، اُن کے دائیں سے بھی اور اُن کے بائیں سے بھی؛ اور آپ اُن میں سے اکثر کو شکر گزار نہیں پائیں گے۔
اور (ہم نے کہا:) اے آدم! تم اور تمہاری بیوی جنت میں رہو، اور جہاں سے چاہو کھاؤ، مگر اِس درخت کے قریب بھی نہ جانا، ورنہ تم دونوں ظالموں میں سے ہو جاؤ گے۔
پھر شیطان نے اُن دونوں کے دل میں وسوسہ ڈالا، تاکہ اُن کی شرم گاہیں جو ایک دوسرے سے چھپی ہوئی تھیں، اُن کے سامنے کھول دے؛ اور اُس نے کہا: تمہارے پروردگار نے تمہیں اِس درخت سے صرف اِس لیے روکا ہے کہ کہیں تم فرشتے نہ بن جاؤ، یا ہمیشہ زندہ رہنے والوں میں سے نہ ہو جاؤ۔
اِس طرح اُس نے دھوکے سے اُن دونوں کو نیچے اُتار لیا۔ پھر جیسے ہی اُنہوں نے درخت کا مزہ چکھا، اُن کی شرم گاہیں اُن پر کھل گئیں اور وہ جنت کے پتے جوڑ جوڑ کر اپنے اوپر رکھنے لگے۔ اور اُن کے پروردگار نے اُنہیں آواز دی: کیا میں نے تمہیں اِس درخت سے منع نہیں کیا تھا، اور تم سے یہ نہیں کہا تھا کہ شیطان تمہارا کھلا دشمن ہے؟
دونوں بول اُٹھے: اے ہمارے پروردگار! ہم نے اپنی جانوں پر ظلم کیا ہے، اور اگر آپ ہمیں معاف نہ کریں اور ہم پر رحم نہ فرمائیں تو ہم یقیناً نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔
اے آدم کی اولاد! ہم نے تمہارے لیے لباس اُتارا ہے جو تمہاری شرم گاہوں کو چھپاتا ہے اور زینت کا ذریعہ بھی ہے؛ اور تقویٰ کا لباس، وہ سب سے بہتر ہے۔ یہ اللہ کی نشانیوں میں سے ہے، تاکہ لوگ نصیحت حاصل کریں۔
اے آدم کی اولاد! شیطان تمہیں اُس طرح بہکاوے میں نہ ڈال دے جس طرح اُس نے تمہارے ماں باپ کو جنت سے نکلوایا، اُن سے اُن کا لباس اُتروا دیا تاکہ اُنہیں اُن کی شرم گاہیں دکھا دے۔ وہ اور اُس کا جتھا تمہیں وہاں سے دیکھتے ہیں جہاں سے تم اُنہیں نہیں دیکھ سکتے۔ ہم نے شیطانوں کو اُن لوگوں کا دوست بنا دیا ہے جو ایمان نہیں لاتے۔
اور جب یہ (مشرک) لوگ کوئی بے حیائی کا کام کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم نے اپنے باپ دادا کو اِسی طریقے پر پایا ہے اور اللہ نے ہمیں اِسی کا حکم دیا ہے۔ آپ کہہ دیجیے: اللہ ہرگز بے حیائی کا حکم نہیں دیتا؛ کیا تم اللہ کے ذمے ایسی باتیں لگاتے ہو جن کا تمہیں علم نہیں؟
آپ کہہ دیجیے: میرے پروردگار نے تو انصاف کا حکم دیا ہے، اور (یہ حکم دیا ہے کہ) ہر نماز کے وقت اپنا رُخ ٹھیک (اللہ کی طرف) سیدھا رکھو، اور اُسی کو پکارو، دین کو خالص اُسی کے لیے رکھتے ہوئے۔ اُس نے جس طرح تمہیں شروع میں پیدا کیا تھا، اُسی طرح تم دوبارہ پیدا ہو گے۔
ایک گروہ کو اللہ نے ہدایت دی، اور ایک گروہ ایسا ہے جس پر گمراہی ثابت ہو چکی؛ اُنہوں نے اللہ کو چھوڑ کر شیطانوں کو اپنا دوست بنا لیا ہے، اور (پھر بھی) سمجھتے ہیں کہ وہ ٹھیک راستے پر ہیں۔
اے آدم کی اولاد! جب کبھی مسجد میں آؤ تو اپنی زینت (کا لباس) اختیار کرو، اور کھاؤ اور پیو، مگر فضول خرچی نہ کرو؛ یقین جانو کہ اللہ فضول خرچی کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
آپ (اُن سے) پوچھیے: اللہ نے اپنے بندوں کے لیے جو زینت کا سامان اور رزق کی پاکیزہ چیزیں پیدا کی ہیں، اُنہیں کس نے حرام کیا ہے؟ آپ کہہ دیجیے: یہ دنیا کی زندگی میں (اصل میں) ایمان والوں کے لیے ہیں، (اگرچہ دوسرے بھی شریک ہیں، مگر) قیامت کے دن خاص اُنہی کے لیے ہوں گی۔ اِسی طرح ہم اُن لوگوں کے لیے آیتیں کھول کھول کر بیان کرتے ہیں جو علم رکھتے ہیں۔
آپ کہہ دیجیے: میرے پروردگار نے تو (صرف) بے حیائی کی باتوں کو حرام کیا ہے، چاہے وہ کھلی ہوں یا چھپی، اور ہر قسم کے گناہ کو، ناحق زیادتی کو، اور اِس بات کو کہ تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراؤ جس کی اللہ نے کوئی دلیل نہیں اُتاری، اور اِس بات کو کہ تم اللہ کے ذمے ایسی باتیں لگاؤ جن کا تمہیں علم نہیں۔
اے آدم کی اولاد! اگر تمہارے پاس تم ہی میں سے پیغمبر آئیں جو تمہیں میری آیتیں پڑھ کر سنائیں، تو جو لوگ تقویٰ اختیار کریں گے اور اپنی اصلاح کر لیں گے، اُن پر نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
پھر اُس شخص سے بڑا ظالم کون ہوگا جو اللہ پر جھوٹ گھڑے یا اُس کی آیتوں کو جھٹلائے؟ ایسے لوگوں کو (دنیا میں) اُن کے مقدر کا حصہ ملتا رہے گا، یہاں تک کہ جب ہمارے بھیجے ہوئے (فرشتے) اُن کی روح قبض کرنے کے لیے اُن کے پاس آئیں گے تو کہیں گے: کہاں ہیں وہ جنہیں تم اللہ کو چھوڑ کر پکارا کرتے تھے؟ وہ جواب دیں گے: وہ سب ہم سے غائب ہو گئے؛ اور اپنے بارے میں خود گواہی دیں گے کہ وہ واقعی کافر تھے۔
اللہ فرمائے گا: جنوں اور انسانوں کی جو جماعتیں تم سے پہلے گزر چکی ہیں، اُن کے ساتھ تم بھی دوزخ میں داخل ہو جاؤ۔ جب بھی کوئی جماعت (دوزخ میں) داخل ہوگی تو اپنی جیسی دوسری جماعت پر لعنت بھیجے گی، یہاں تک کہ جب سب کے سب اُس میں ایک دوسرے سے آ ملیں گے تو اُن میں سے بعد والے پہلے والوں کے بارے میں کہیں گے: اے ہمارے پروردگار! اِن لوگوں نے ہمیں گمراہ کیا تھا، اِس لیے اِنہیں آگ کا دُگنا عذاب دیجیے۔ اللہ فرمائے گا: ہر ایک کے لیے دُگنا عذاب ہے، لیکن تمہیں (ابھی) معلوم نہیں۔
یقین جانو کہ جن لوگوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا ہے اور تکبر کے ساتھ اُن سے منہ موڑا ہے، اُن کے لیے آسمان کے دروازے نہیں کھولے جائیں گے، اور وہ اُس وقت تک جنت میں داخل نہیں ہوں گے جب تک کوئی اونٹ سوئی کے ناکے میں داخل نہ ہو جائے؛ اور ہم مجرموں کو ایسا ہی بدلہ دیتے ہیں۔
اور جو لوگ ایمان لائے اور اُنہوں نے نیک عمل کیے (اور واضح رہے کہ) ہم کسی کو اُس کی طاقت سے بڑھ کر ذمہ داری نہیں دیتے، وہی لوگ جنت والے ہیں؛ وہ ہمیشہ اُسی میں رہیں گے۔
اور اُن کے دلوں میں (ایک دوسرے سے) جو کدورت ہوگی، اُسے ہم نکال دیں گے؛ اُن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، اور وہ کہیں گے: تمام تعریفیں اللہ کی ہیں جس نے ہمیں یہاں تک پہنچایا، اور اگر اللہ ہمیں ہدایت نہ دیتا تو ہم کبھی ہدایت نہ پاتے؛ ہمارے پروردگار کے پیغمبر واقعی ہمارے پاس سچی بات لے کر آئے تھے۔ اور اُنہیں پکار کر کہا جائے گا: یہ ہے وہ جنت جس کے تم اپنے اعمال کی وجہ سے وارث بنائے گئے ہو۔
اور جنت والے دوزخ والوں کو پکار کر کہیں گے: ہمارے پروردگار نے ہم سے جو وعدہ کیا تھا، ہم نے تو اُسے سچا پا لیا؛ کیا تم نے بھی اپنے پروردگار کے وعدے کو سچا پایا؟ وہ کہیں گے: ہاں! پھر اُن کے درمیان ایک پکارنے والا پکارے گا کہ ظالموں پر اللہ کی لعنت ہو۔
اور اِن دونوں (گروہوں) کے درمیان ایک آڑ ہوگی، اور اعراف (یعنی اُس آڑ کی بلندیوں) پر کچھ لوگ ہوں گے جو ہر ایک کو اُس کی نشانی سے پہچانتے ہوں گے۔ وہ جنت والوں کو پکار کر کہیں گے: تم پر سلامتی ہو؛ وہ (ابھی) جنت میں داخل نہیں ہوئے ہوں گے، مگر اُس کی امید رکھتے ہوں گے۔
اور اعراف والے کچھ (دوزخی) آدمیوں کو، جنہیں وہ اُن کی نشانیوں سے پہچانتے ہوں گے، پکار کر کہیں گے: تمہاری جمعیت اور جو بڑائی تم کیا کرتے تھے، وہ تمہارے کسی کام نہ آئی۔
(اور جنت کے غریب مسلمانوں کی طرف اشارہ کر کے کہیں گے:) کیا یہ وہی لوگ ہیں جن کے بارے میں تم قسمیں کھایا کرتے تھے کہ اللہ اِن پر کوئی رحمت نہیں کرے گا؟ (اِنہیں تو کہا جا چکا ہے کہ) جنت میں داخل ہو جاؤ، نہ تم پر کوئی خوف ہوگا اور نہ تم غمگین ہو گے۔
اور دوزخ والے جنت والوں کو پکاریں گے کہ ہم پر تھوڑا سا پانی ہی بہا دو، یا اللہ نے تمہیں جو رزق دیا ہے، اُس میں سے کچھ (دے دو)۔ وہ کہیں گے: اللہ نے یہ دونوں چیزیں کافروں پر حرام کر دی ہیں۔
جنہوں نے اپنے دین کو کھیل تماشا بنا رکھا تھا اور جنہیں دنیا کی زندگی نے دھوکے میں ڈال دیا تھا۔ چنانچہ آج ہم بھی اُنہیں اُسی طرح بھلا دیں گے جیسے وہ اپنے اِس دن کی ملاقات کو بھولے رہے، اور جیسے وہ ہماری آیتوں کا انکار کیا کرتے تھے۔
اور حقیقت یہ ہے کہ ہم اُن کے پاس ایک ایسی کتاب لے آئے تھے جسے ہم نے پورے علم کی بنیاد پر کھول کھول کر بیان کیا ہے، اور جو ایمان لانے والوں کے لیے ہدایت اور رحمت کا ذریعہ ہے۔
یہ لوگ اب کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں، سوائے اِس کے کہ اُس (کتاب) کا انجام سامنے آ جائے؟ جس دن اُس کا انجام سامنے آ جائے گا، اُس دن وہ لوگ جو اُسے پہلے بھولے ہوئے تھے، کہیں گے: واقعی ہمارے پروردگار کے پیغمبر سچی بات لے کر آئے تھے۔ اب کیا ہمیں کچھ سفارشی مل سکتے ہیں جو ہماری سفارش کریں؟ یا ہمیں دوبارہ (دنیا میں) لوٹا دیا جائے، تاکہ جو عمل ہم کیا کرتے تھے، اُن سے مختلف عمل کریں؟ حقیقت یہ ہے کہ اُنہوں نے خود اپنے آپ کو نقصان میں ڈال دیا ہے، اور جو جھوٹے معبود اُنہوں نے گھڑ رکھے تھے، وہ سب اُن سے گم ہو چکے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
یقیناً تمہارا پروردگار وہ اللہ ہے جس نے سارے آسمانوں اور زمین کو چھ دنوں میں پیدا کیا، پھر اُس نے عرش پر استوا فرمایا۔ وہ دن کو رات کی چادر اُڑھا دیتا ہے، جو تیزی سے چلتی ہوئی اُس کا پیچھا کرتی ہے؛ اور اُس نے سورج، چاند اور ستارے پیدا کیے جو سب اُس کے حکم کے تابع ہیں۔ یاد رکھو کہ پیدا کرنا اور حکم دینا اُسی کا کام ہے۔ بڑی برکت والا ہے اللہ، جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے۔
اور وہی ہے جو اپنی رحمت (بارش) سے پہلے ہوائیں بھیجتا ہے جو خوش خبری دیتی ہیں؛ یہاں تک کہ جب وہ بھاری بادلوں کو اٹھا لیتی ہیں تو ہم اُنہیں کسی مُردہ زمین کی طرف ہانک دیتے ہیں، پھر وہاں پانی برساتے ہیں، پھر اُس کے ذریعے ہر قسم کے پھل نکالتے ہیں۔ اِسی طرح ہم مُردوں کو بھی (زندہ کر کے) نکالیں گے، شاید تم نصیحت حاصل کرو۔
اور جو زمین اچھی ہوتی ہے، اُس کی پیداوار تو اُس کے پروردگار کے حکم سے (خوب) نکلتی ہے، اور جو زمین خراب ہو، اُس کی پیداوار تھوڑی اور ناقص ہی نکلتی ہے۔ اِسی طرح ہم نشانیوں کو طرح طرح سے اُن لوگوں کے لیے بیان کرتے ہیں جو شکر گزار ہوں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
ہم نے نوح کو اُن کی قوم کی طرف بھیجا، تو اُنہوں نے کہا: اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اُس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں؛ مجھے تمہارے بارے میں ایک بڑے دن کے عذاب کا اندیشہ ہے۔
کیا تمہیں اِس بات پر تعجب ہے کہ تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی نصیحت تم ہی میں سے ایک آدمی کے ذریعے آئی، تاکہ وہ تمہیں ڈرائے، اور تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو اور تم پر رحم کیا جائے؟
پھر بھی اُن لوگوں نے نوح کو جھٹلایا، تو ہم نے اُنہیں اور جو لوگ کشتی میں اُن کے ساتھ تھے، اُن کو بچا لیا، اور جنہوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا تھا، اُنہیں ڈبو دیا؛ یقیناً وہ اندھے لوگ تھے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور (قومِ) عاد کی طرف ہم نے اُن کے بھائی ہود کو بھیجا۔ اُنہوں نے کہا: اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اُس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں؛ کیا تم (اُس سے) ڈرتے نہیں؟
کیا تمہیں اِس بات پر تعجب ہے کہ تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے تم ہی میں سے ایک آدمی کے ذریعے نصیحت آئی، تاکہ وہ تمہیں ڈرائے؟ اور وہ وقت یاد کرو جب اللہ نے قومِ نوح کے بعد تمہیں جانشین بنایا اور تمہیں ڈیل ڈول میں بھی (دوسروں سے) بڑھا دیا؛ لہٰذا اللہ کی نعمتوں کو یاد کرو، تاکہ تمہیں کامیابی حاصل ہو۔
اُنہوں نے کہا: کیا تم ہمارے پاس اِس لیے آئے ہو کہ ہم صرف ایک اللہ کی عبادت کریں، اور جن (معبودوں) کی ہمارے باپ دادا عبادت کرتے آئے ہیں، اُنہیں چھوڑ دیں؟ اچھا، اگر تم سچے ہو تو وہ (عذاب) ہمارے پاس لے آؤ جس سے تم ہمیں ڈراتے ہو۔
ہود نے کہا: تم پر تمہارے پروردگار کی طرف سے عذاب اور غضب آ پڑا ہے۔ کیا تم مجھ سے اُن (بے حقیقت) ناموں کے بارے میں جھگڑتے ہو جو تم نے اور تمہارے باپ دادا نے رکھ لیے ہیں، جن کے حق میں اللہ نے کوئی دلیل نہیں اُتاری؟ لہٰذا انتظار کرو، میں بھی تمہارے ساتھ انتظار کرنے والوں میں ہوں۔
چنانچہ ہم نے ہود کو اور اُن کے ساتھیوں کو اپنی رحمت سے بچا لیا، اور جن لوگوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا تھا، اُن کی جڑ کاٹ دی؛ اور وہ ایمان لانے والے نہیں تھے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور (قومِ) ثمود کی طرف ہم نے اُن کے بھائی صالح کو بھیجا۔ اُنہوں نے کہا: اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اُس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں۔ تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے ایک واضح دلیل آ چکی ہے: یہ اللہ کی اونٹنی ہے جو تمہارے لیے ایک نشانی ہے، لہٰذا اسے آزاد چھوڑ دو کہ اللہ کی زمین میں چرتی پھرے، اور اسے بُرے ارادے سے ہاتھ بھی نہ لگانا، ورنہ تمہیں ایک دردناک عذاب آ پکڑے گا۔
اور وہ وقت یاد کرو جب اللہ نے تمہیں (قومِ) عاد کے بعد جانشین بنایا اور تمہیں زمین میں ایسا ٹھکانا دیا کہ تم اُس کے ہموار میدانوں میں محل بناتے ہو اور پہاڑوں کو تراش تراش کر گھر بناتے ہو؛ لہٰذا اللہ کی نعمتوں کو یاد کرو، اور زمین میں فساد مچاتے مت پھرو۔
اُن کی قوم کے متکبر سرداروں نے اُن کمزور سمجھے جانے والوں سے، جو ایمان لے آئے تھے، پوچھا: کیا تمہیں یقین ہے کہ صالح اپنے پروردگار کے بھیجے ہوئے پیغمبر ہیں؟ اُنہوں نے جواب دیا: یقیناً جو پیغام دے کر اُنہیں بھیجا گیا ہے، ہم اُس پر پورا ایمان رکھتے ہیں۔
پھر اُنہوں نے اونٹنی کی کونچیں کاٹ کر اسے مار ڈالا، اور اپنے پروردگار کے حکم سے سرکشی کی، اور کہنے لگے: اے صالح! اگر تم واقعی پیغمبر ہو تو وہ (عذاب) ہمارے پاس لے آؤ جس سے تم ہمیں ڈراتے ہو۔
پھر صالح اُن سے منہ موڑ کر چل دیے، اور کہنے لگے: اے میری قوم! میں نے تمہیں اپنے پروردگار کا پیغام پہنچا دیا تھا اور تمہاری خیر خواہی کی تھی، لیکن تم خیر خواہوں کو پسند ہی نہیں کرتے تھے۔
اور (اہلِ) مدین کی طرف ہم نے اُن کے بھائی شعیب کو بھیجا۔ اُنہوں نے کہا: اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اُس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں۔ تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے ایک روشن دلیل آ چکی ہے؛ لہٰذا ناپ اور تول پورا پورا کیا کرو، لوگوں کو اُن کی چیزیں گھٹا کر نہ دو، اور زمین میں اُس کی اصلاح کے بعد فساد نہ پھیلاؤ۔ یہی تمہارے لیے بہتر ہے، اگر تم ایمان رکھتے ہو۔
اور راستوں پر اِس غرض سے نہ بیٹھا کرو کہ ایمان لانے والوں کو دھمکاؤ، اللہ کے راستے سے روکو اور اُس میں کجی تلاش کرو؛ اور وہ وقت یاد کرو جب تم تھوڑے سے تھے، پھر اللہ نے تمہیں بڑھا دیا؛ اور دیکھو کہ فساد مچانے والوں کا انجام کیسا ہوا!
اور اگر تم میں سے ایک گروہ اُس (پیغام) پر ایمان لے آیا ہے جو مجھے دے کر بھیجا گیا ہے، اور ایک گروہ ایمان نہیں لایا، تو ذرا صبر کرو، یہاں تک کہ اللہ ہمارے درمیان فیصلہ کر دے؛ اور وہی سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے۔
اُن کی قوم کے متکبر سرداروں نے کہا: اے شعیب! ہم تمہیں اور تمہارے ساتھ ایمان لانے والوں کو اپنی بستی سے ضرور نکال باہر کریں گے، یا پھر تمہیں ہمارے مذہب میں لوٹ آنا ہوگا۔ شعیب نے کہا: کیا (ہم تمہارے مذہب میں لوٹ آئیں) چاہے ہم اُسے ناپسند ہی کرتے ہوں؟
اگر تمہارے مذہب میں لوٹ آئیں، جبکہ اللہ ہمیں اُس سے نجات دے چکا ہے، تو اِس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہم نے اللہ پر جھوٹ باندھا؛ ہمارے لیے یہ ممکن نہیں کہ اُس میں لوٹ آئیں، سوائے اِس کے کہ اللہ ہی، جو ہمارا پروردگار ہے، ایسا چاہے۔ ہمارے پروردگار کا علم ہر چیز کو گھیرے ہوئے ہے؛ ہم نے اللہ ہی پر بھروسہ کیا ہے۔ اے ہمارے پروردگار! ہمارے اور ہماری قوم کے درمیان حق کے ساتھ فیصلہ کر دیجیے، اور آپ سب سے بہتر فیصلہ کرنے والے ہیں۔
پھر شعیب اُن سے منہ موڑ کر چل دیے، اور کہنے لگے: اے میری قوم! میں نے تمہیں اپنے پروردگار کے پیغام پہنچا دیے تھے اور تمہاری خیر خواہی کی تھی؛ اب میں کافر لوگوں پر کیا افسوس کروں؟
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور ہم نے جس بستی میں بھی کوئی نبی بھیجا، (اور اُس کے لوگوں نے اُسے جھٹلایا) تو وہاں کے رہنے والوں کو تنگ دستی اور بیماری میں مبتلا کیا، تاکہ وہ عاجزی اختیار کریں۔
پھر ہم نے بدحالی کی جگہ خوشحالی دے دی، یہاں تک کہ وہ خوب پھلے پھولے، اور کہنے لگے: تکلیف اور خوشی تو ہمارے باپ دادا کو بھی پہنچتی رہی ہے۔ پھر ہم نے اُنہیں اچانک اِس طرح پکڑ لیا کہ اُنہیں پتہ بھی نہ چلا۔
اور اگر اُن بستیوں کے لوگ ایمان لے آتے اور تقویٰ اختیار کرتے تو ہم اُن پر آسمان اور زمین کی برکتوں کے دروازے کھول دیتے؛ لیکن اُنہوں نے (پیغمبروں کو) جھٹلایا، تو ہم نے اُن کے کرتوتوں کی وجہ سے اُنہیں پکڑ لیا۔
جو لوگ زمین کے پہلے رہنے والوں کے بعد اُس کے وارث بنے ہیں، کیا اُن پر یہ بات واضح نہیں ہوئی کہ اگر ہم چاہیں تو اُن کے گناہوں کی وجہ سے اُنہیں (بھی) آ پکڑیں؟ اور ہم اُن کے دلوں پر مہر لگا دیتے ہیں، چنانچہ وہ کوئی بات سنتے ہی نہیں۔
یہ وہ بستیاں ہیں جن کے کچھ حالات ہم آپ کو سنا رہے ہیں۔ اُن کے پاس اُن کے پیغمبر کھلی نشانیاں لے کر آئے تھے، مگر جس بات کو وہ پہلے جھٹلا چکے تھے، اُس پر ایمان لانے کو تیار نہ ہوئے۔ اِسی طرح اللہ کافروں کے دلوں پر مہر لگا دیتا ہے۔
پھر اُن (پیغمبروں) کے بعد ہم نے موسیٰ کو اپنی نشانیاں دے کر فرعون اور اُس کے سرداروں کے پاس بھیجا، مگر اُنہوں نے اُن نشانیوں کے ساتھ ظلم کا معاملہ کیا (یعنی اُن کا انکار کیا)؛ تو دیکھو فساد مچانے والوں کا کیسا انجام ہوا!
مجھ پر لازم ہے کہ اللہ کے بارے میں حق کے سوا کوئی بات نہ کہوں۔ میں تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے ایک کھلی دلیل لے کر آیا ہوں؛ اِس لیے بنی اسرائیل کو میرے ساتھ بھیج دو۔
موسیٰ نے کہا: تم ہی ڈالو۔ پھر جب اُنہوں نے (اپنی رسیاں اور لاٹھیاں) ڈالیں تو لوگوں کی آنکھوں پر جادو کر دیا، اُنہیں خوف زدہ کر دیا، اور بڑا زبردست جادو کر دکھایا۔
فرعون نے کہا: تم اِس پر ایمان لے آئے، اِس سے پہلے کہ میں تمہیں اجازت دوں؟ یقیناً یہ ایک سازش ہے جو تم نے اِس شہر میں مل کر بنائی ہے، تاکہ اِس کے رہنے والوں کو یہاں سے نکال دو؛ تو اب تمہیں جلد ہی پتہ چل جائے گا۔
تم ہم سے کس بات کا بدلہ لے رہے ہو؟ صرف اسی بات کا کہ جب ہمارے پروردگار کی نشانیاں ہمارے سامنے آ گئیں تو ہم اُن پر ایمان لے آئے۔ اے ہمارے پروردگار! ہم پر صبر کا فیضان فرما، اور ہمیں اِس حالت میں موت دے کہ ہم تیرے فرمانبردار ہوں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور فرعون کی قوم کے سرداروں نے (فرعون سے) کہا: کیا آپ موسیٰ اور اُس کی قوم کو یوں ہی چھوڑ دیں گے کہ وہ زمین میں فساد مچائیں اور آپ کو اور آپ کے معبودوں کو چھوڑ دیں؟ فرعون نے کہا: ہم اُن کے بیٹوں کو بُری طرح قتل کریں گے اور اُن کی عورتوں کو زندہ رہنے دیں گے، اور ہمیں اُن پر پوری طرح غلبہ حاصل ہے۔
موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا: اللہ سے مدد مانگو اور صبر سے کام لو؛ یقین رکھو کہ زمین اللہ کی ہے، وہ اپنے بندوں میں سے جسے چاہتا ہے اُس کا وارث بنا دیتا ہے، اور آخری انجام پرہیزگاروں ہی کا (اچھا) ہوتا ہے۔
اُن کی قوم کے لوگوں نے کہا: ہمیں تمہارے آنے سے پہلے بھی ستایا گیا، اور تمہارے آنے کے بعد بھی ستایا جا رہا ہے۔ موسیٰ نے کہا: قریب ہے کہ تمہارا پروردگار تمہارے دشمن کو ہلاک کر دے اور تمہیں زمین میں اُس کا جانشین بنا دے، پھر دیکھے کہ تم کیسے عمل کرتے ہو۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
(مگر اُن کا حال یہ تھا کہ) جب اُن پر خوشحالی آتی تو کہتے: یہ تو ہمارا حق ہے؛ اور اگر کوئی بدحالی پہنچتی تو اُسے موسیٰ اور اُن کے ساتھیوں کی نحوست قرار دیتے۔ یاد رکھو! اُن کی نحوست تو اللہ کے پاس ہے، لیکن اُن میں سے اکثر لوگ نہیں جانتے۔
چنانچہ ہم نے اُن پر طوفان، ٹڈیاں، جوئیں، مینڈک اور خون، یہ سب کھلی ہوئی نشانیاں الگ الگ کر کے بھیجیں؛ پھر بھی اُنہوں نے تکبر کیا اور وہ تھے ہی مجرم لوگ۔
اور جب اُن پر عذاب آ پڑتا تو کہتے: اے موسیٰ! تمہارے پروردگار نے تم سے جو عہد کر رکھا ہے، اُس کے واسطے سے ہمارے لیے اُس سے دعا کرو؛ اگر تم نے ہم سے یہ عذاب ہٹا دیا تو ہم ضرور تم پر ایمان لے آئیں گے اور بنی اسرائیل کو ضرور تمہارے ساتھ جانے دیں گے۔
اور جن لوگوں کو کمزور سمجھا جاتا تھا، ہم نے اُنہیں اُس سرزمین کے مشرق و مغرب کا وارث بنا دیا جس میں ہم نے برکتیں رکھی ہیں؛ اور بنی اسرائیل کے حق میں آپ کے پروردگار کا اچھا وعدہ اُن کے صبر کی وجہ سے پورا ہوا؛ اور فرعون اور اُس کی قوم جو کچھ بناتے تھے اور جو اونچی عمارتیں اٹھاتے تھے، سب کو ہم نے تباہ کر دیا۔
اور ہم نے بنی اسرائیل کو سمندر کے پار اُتارا، تو اُن کا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جو اپنے بتوں کے آگے جم کر بیٹھی ہوئی تھی۔ (بنی اسرائیل) کہنے لگے: اے موسیٰ! ہمارے لیے بھی کوئی ایسا معبود بنا دیجیے جیسے اِن لوگوں کے معبود ہیں۔ موسیٰ نے کہا: تم بڑی جہالت کی باتیں کرنے والے لوگ ہو۔
اور (اللہ فرماتا ہے:) یاد کرو جب ہم نے تمہیں فرعون کے لوگوں سے نجات دی جو تمہیں بدترین عذاب دیتے تھے، تمہارے بیٹوں کو بُری طرح قتل کرتے اور تمہاری عورتوں کو زندہ رہنے دیتے تھے؛ اور اِس میں تمہارے پروردگار کی طرف سے تمہاری بڑی آزمائش تھی۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور ہم نے موسیٰ سے تیس راتوں کا وعدہ کیا، پھر اُن میں دس (راتوں) کا اضافہ کر کے اُنہیں پورا کیا، اِس طرح اُن کے پروردگار کی مقرر کی ہوئی مدت پوری چالیس راتیں ہو گئی۔ اور موسیٰ نے اپنے بھائی ہارون سے کہا: میری غیر موجودگی میں تم میری قوم میں میرے جانشین رہنا، معاملات درست رکھنا اور فساد کرنے والوں کے پیچھے نہ چلنا۔
اور جب موسیٰ ہمارے مقرر کیے ہوئے وقت پر پہنچے اور اُن کے پروردگار نے اُن سے کلام فرمایا تو اُنہوں نے کہا: اے میرے پروردگار! مجھے دیدار کرا دیجیے کہ میں آپ کو دیکھ لوں۔ فرمایا: تم مجھے ہرگز نہیں دیکھ سکو گے؛ البتہ پہاڑ کی طرف نظر کرو، اگر وہ اپنی جگہ قائم رہا تو تم مجھے دیکھ لو گے۔ پھر جب اُن کے پروردگار نے پہاڑ پر تجلی فرمائی تو اُسے ریزہ ریزہ کر دیا، اور موسیٰ بے ہوش ہو کر گر پڑے۔ پھر جب ہوش آیا تو کہا: آپ کی ذات پاک ہے، میں آپ کے حضور توبہ کرتا ہوں، اور میں سب سے پہلے ایمان لانے والا ہوں۔
اللہ نے فرمایا: اے موسیٰ! میں نے تمہیں اپنے پیغام دے کر اور اپنے ساتھ ہم کلامی کا شرف بخش کر تمام لوگوں میں سے منتخب کر لیا ہے؛ لہٰذا جو کچھ میں نے تمہیں دیا ہے، اُسے لے لو اور شکر گزاروں میں شامل رہو۔
اور ہم نے اُن کے لیے تختیوں پر ہر قسم کی نصیحت اور ہر چیز کی تفصیل لکھ دی، (اور حکم دیا کہ) اِسے مضبوطی سے تھامو اور اپنی قوم کو حکم دو کہ اِس کی بہترین باتوں پر عمل کریں؛ میں عنقریب تمہیں نافرمانوں کا ٹھکانا دکھا دوں گا۔
جو لوگ زمین میں ناحق تکبر کرتے ہیں، اُنہیں میں اپنی نشانیوں سے پھیر دوں گا؛ اگر وہ ہر نشانی دیکھ لیں تب بھی اُس پر ایمان نہیں لائیں گے، اگر ہدایت کا راستہ دیکھیں تو اُسے نہیں اپنائیں گے، اور اگر گمراہی کا راستہ دیکھیں تو اُسے اپنا لیں گے۔ یہ اِس لیے کہ اُنہوں نے ہماری نشانیوں کو جھٹلایا اور اُن سے غافل رہے۔
اور موسیٰ کی قوم نے اُن کے (طور پر جانے کے) بعد اپنے زیوروں سے ایک بچھڑا بنا لیا، ایک دھڑ جس سے گائے کی سی آواز نکلتی تھی۔ کیا اُنہوں نے یہ نہ دیکھا کہ وہ نہ اُن سے بات کرتا ہے اور نہ اُنہیں کوئی راستہ دکھاتا ہے؟ (پھر بھی) اُنہوں نے اُسے معبود بنا لیا اور وہ ظالم تھے۔
اور جب وہ (اپنے کیے پر) سخت پچھتائے اور دیکھ لیا کہ وہ گمراہ ہو گئے ہیں تو کہنے لگے: اگر ہمارے رب نے ہم پر رحم نہ کیا اور ہمیں معاف نہ فرمایا تو ہم ضرور نقصان اُٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔
اور جب موسیٰ غصے اور رنج سے بھرے ہوئے اپنی قوم کے پاس لوٹے تو کہا: تم نے میرے بعد میری کتنی بُری جانشینی کی! کیا تم نے اپنے رب کے حکم سے پہلے ہی جلد بازی کر ڈالی؟ اور اُنہوں نے تختیاں ڈال دیں اور اپنے بھائی کا سر پکڑ کر اُسے اپنی طرف کھینچنے لگے۔ ہارون نے کہا: اے میری ماں کے بیٹے! اِن لوگوں نے مجھے کمزور سمجھا اور قریب تھا کہ مجھے قتل کر دیں، لہٰذا دشمنوں کو مجھ پر ہنسنے کا موقع نہ دیجیے اور مجھے اِن ظالم لوگوں کے ساتھ شامل نہ کیجیے۔
موسیٰ نے کہا: اے میرے پروردگار! مجھے اور میرے بھائی کو بخش دیجیے اور ہمیں اپنی رحمت میں داخل فرمائیے، اور آپ سب رحم کرنے والوں سے بڑھ کر رحم کرنے والے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
(اللہ نے فرمایا:) جن لوگوں نے بچھڑے کو (معبود) بنایا، اُن پر عنقریب اُن کے رب کی طرف سے غضب آئے گا اور دنیا کی زندگی ہی میں ذلت ہوگی؛ اور ہم جھوٹ گھڑنے والوں کو ایسی ہی سزا دیتے ہیں۔
اور موسیٰ نے ہمارے مقرر کیے ہوئے وقت کے لیے اپنی قوم کے ستر آدمی چنے؛ پھر جب اُنہیں زلزلے نے آ پکڑا تو موسیٰ نے کہا: اے میرے پروردگار! اگر آپ چاہتے تو اِنہیں اور مجھے بھی پہلے ہی ہلاک کر دیتے۔ کیا آپ ہم میں سے چند بے وقوفوں کی حرکت کی وجہ سے ہم سب کو ہلاک کر دیں گے؟ یہ تو آپ کی ایک آزمائش ہے جس کے ذریعے آپ جسے چاہے گمراہ کریں اور جسے چاہے ہدایت دیں۔ آپ ہی ہمارے سرپرست ہیں، اِس لیے ہمیں بخش دیجیے اور ہم پر رحم فرمائیے، اور آپ سب بخشنے والوں سے بہتر ہیں۔
اور ہمارے لیے اِس دنیا میں بھی بھلائی لکھ دیجیے اور آخرت میں بھی، ہم آپ کی طرف رجوع کر چکے ہیں۔ اللہ نے فرمایا: اپنا عذاب تو میں جس پر چاہتا ہوں نازل کرتا ہوں، اور میری رحمت ہر چیز پر چھائی ہوئی ہے؛ چنانچہ میں یہ رحمت (پوری طرح) اُن لوگوں کے لیے لکھوں گا جو تقویٰ اختیار کریں، زکوٰۃ ادا کریں اور جو ہماری آیتوں پر ایمان رکھیں۔
(یہ رحمت اُن کے لیے ہے) جو اُس رسول کی پیروی کریں جو نبیِ اُمّی ہیں، جن کا ذکر وہ اپنے پاس تورات اور انجیل میں لکھا ہوا پاتے ہیں؛ وہ اُنہیں نیکی کا حکم دیتے ہیں، بُرائی سے روکتے ہیں، پاکیزہ چیزیں اُن کے لیے حلال کرتے ہیں، گندی چیزیں اُن پر حرام کرتے ہیں، اور اُن پر سے وہ بوجھ اور طوق اُتارتے ہیں جو اُن پر لدے ہوئے تھے۔ چنانچہ جو لوگ اُن پر ایمان لائیں گے، اُن کی تعظیم کریں گے، اُن کی مدد کریں گے اور اُس نور کی پیروی کریں گے جو اُن کے ساتھ اُتارا گیا ہے، وہی لوگ فلاح پانے والے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
(اے پیغمبر!) کہہ دیجیے: اے لوگو! میں تم سب کی طرف اُس اللہ کا رسول ہوں جس کے قبضے میں آسمانوں اور زمین کی بادشاہی ہے؛ اُس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہی زندگی دیتا ہے اور وہی موت دیتا ہے۔ لہٰذا اللہ پر اور اُس کے رسول نبیِ اُمّی پر ایمان لاؤ جو اللہ پر اور اُس کے کلمات پر ایمان رکھتے ہیں، اور اُن کی پیروی کرو تاکہ تمہیں ہدایت ملے۔
اور ہم نے بنی اسرائیل کو بارہ خاندانوں میں بانٹ کر الگ الگ جماعتیں بنا دیا؛ اور جب موسیٰ کی قوم نے اُن سے پانی مانگا تو ہم نے موسیٰ کو وحی بھیجی کہ اپنی لاٹھی پتھر پر مارو، چنانچہ اُس سے بارہ چشمے پھوٹ نکلے؛ ہر گروہ نے اپنے پانی پینے کی جگہ جان لی۔ اور ہم نے اُن پر بادلوں کا سایہ کیا اور اُن پر من و سلویٰ اُتارا (اور کہا:) جو پاکیزہ رزق ہم نے تمہیں دیا ہے اُس میں سے کھاؤ۔ اور (ناشکری کر کے) اُنہوں نے ہمارا کچھ نہیں بگاڑا، بلکہ وہ اپنی ہی جانوں پر ظلم کرتے رہے۔
اور (یاد کرو) جب اُن سے کہا گیا کہ اِس بستی میں جا بسو، اور اُس میں جہاں سے چاہو کھاؤ، اور کہتے جاؤ: «(اے اللہ!) ہمارے گناہ معاف فرما دے»، اور دروازے میں جھکے ہوئے داخل ہو، تو ہم تمہاری خطائیں بخش دیں گے، اور نیکی کرنے والوں کو ہم اور زیادہ دیں گے۔
اور اُن سے اُس بستی کا حال پوچھیے جو سمندر کے کنارے آباد تھی، جب وہ ہفتے کے دن کے بارے میں حد سے آگے نکل جاتے تھے؛ جب ہفتے کے دن اُن کی مچھلیاں پانی کی سطح پر اُبھر اُبھر کر اُن کے پاس آتیں، اور جس دن ہفتہ نہ ہوتا تو نہ آتیں۔ اِس طرح ہم اُنہیں اُن کی نافرمانی کی وجہ سے آزماتے تھے۔
اور جب اُن میں سے ایک گروہ نے (دوسرے گروہ سے) کہا: تم اُن لوگوں کو کیوں نصیحت کرتے ہو جنہیں اللہ ہلاک کرنے والا ہے یا سخت عذاب دینے والا ہے؟ اُنہوں نے کہا: تمہارے پروردگار کے حضور اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہونے کے لیے، اور اِس لیے کہ شاید یہ لوگ (نافرمانی سے) بچ جائیں۔
پھر جب اُنہوں نے وہ نصیحت بھلا دی جو اُنہیں کی گئی تھی تو ہم نے بُرائی سے روکنے والوں کو بچا لیا، اور ظلم کرنے والوں کو اُن کی نافرمانی کی وجہ سے سخت عذاب میں پکڑ لیا۔
اور (یاد کیجیے) جب آپ کے پروردگار نے اعلان کر دیا کہ وہ قیامت کے دن تک اُن (یہودیوں) پر ایسے لوگ مسلط کرتا رہے گا جو اُنہیں بُرا عذاب چکھاتے رہیں گے؛ بے شک آپ کا پروردگار جلد سزا دینے والا ہے، اور بلاشبہ وہ بہت بخشنے والا، بڑا مہربان بھی ہے۔
اور ہم نے اُنہیں زمین میں مختلف گروہوں میں بکھیر دیا؛ اُن میں کچھ نیک تھے اور کچھ اِس سے کم درجے کے، اور ہم نے اُنہیں اچھے حالات اور بُرے حالات سے آزمایا تاکہ وہ (حق کی طرف) لوٹ آئیں۔
پھر اُن کے بعد ایسے ناخلف جانشین آئے جو کتاب کے وارث بنے؛ وہ اِس گھٹیا دنیا کا سامان (رشوت میں) لے لیتے ہیں اور کہتے ہیں: ہمیں بخش دیا جائے گا؛ اور اگر ویسا ہی سامان پھر اُن کے سامنے آئے تو اُسے بھی لے لیں۔ کیا اُن سے کتاب میں یہ عہد نہیں لیا گیا تھا کہ اللہ کے بارے میں حق کے سوا کچھ نہ کہیں؟ اور جو کچھ اُس (کتاب) میں ہے وہ اُنہوں نے پڑھ بھی لیا ہے۔ اور آخرت کا گھر اُن لوگوں کے لیے بہتر ہے جو تقویٰ اختیار کریں؛ کیا تم سمجھتے نہیں؟
اور (یاد کرو) جب ہم نے پہاڑ کو اُکھاڑ کر اُن کے اوپر اِس طرح اُٹھا دیا تھا جیسے وہ کوئی سائبان ہو، اور اُنہیں یقین ہو گیا تھا کہ وہ اُن پر گرنے والا ہے؛ (اور حکم دیا تھا کہ) جو کتاب ہم نے تمہیں دی ہے اُسے مضبوطی سے تھامو اور اُس میں جو کچھ ہے اُسے یاد رکھو، تاکہ تم پرہیزگار بنو۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور (اے پیغمبر! لوگوں کو وہ وقت یاد دلائیے) جب آپ کے پروردگار نے آدم کے بیٹوں کی پشتوں سے اُن کی اولاد کو نکالا اور اُنہیں خود اُن کے اوپر گواہ بنایا (اور پوچھا): کیا میں تمہارا رب نہیں ہوں؟ سب نے کہا: کیوں نہیں! ہم سب اِس بات کی گواہی دیتے ہیں۔ (یہ اِس لیے کیا) تاکہ تم قیامت کے دن یہ نہ کہہ سکو کہ ہم تو اِس بات سے بے خبر تھے۔
یا یہ کہو کہ شرک تو ہم سے پہلے ہمارے باپ دادا نے کیا تھا اور ہم تو اُن کے بعد اُن کی اولاد تھے؛ تو کیا آپ ہمیں اُن کاموں کی وجہ سے ہلاک کریں گے جو غلط کار لوگوں نے کیے تھے؟
اور اُنہیں اُس شخص کا واقعہ پڑھ کر سنائیے جسے ہم نے اپنی آیتیں عطا کی تھیں، مگر وہ اُن سے نکل بھاگا؛ تو شیطان اُس کے پیچھے لگ گیا اور وہ گمراہوں میں شامل ہو گیا۔
اور اگر ہم چاہتے تو اُن آیتوں کے ذریعے اُسے بلند مرتبہ عطا کرتے، لیکن وہ تو زمین (دنیا) ہی کی طرف جھک گیا اور اپنی خواہش کے پیچھے چل پڑا؛ چنانچہ اُس کی مثال کتے جیسی ہو گئی کہ اگر تم اُس پر حملہ کرو تب بھی زبان لٹکا کر ہانپے، اور اگر اُسے چھوڑ دو تب بھی ہانپے۔ یہ مثال اُن لوگوں کی ہے جنہوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا؛ لہٰذا آپ یہ واقعات سناتے رہیے تاکہ وہ غور و فکر کریں۔
اور ہم نے جنوں اور انسانوں میں سے بہت سے ایسے پیدا کیے ہیں جو جہنم ہی کے لیے ہیں؛ اُن کے پاس دل ہیں جن سے وہ سمجھتے نہیں، اُن کی آنکھیں ہیں جن سے وہ دیکھتے نہیں، اور اُن کے کان ہیں جن سے وہ سنتے نہیں۔ وہ لوگ چوپایوں کی طرح ہیں، بلکہ اُن سے بھی زیادہ بھٹکے ہوئے؛ یہی لوگ ہیں جو غفلت میں پڑے ہوئے ہیں۔
اور اللہ ہی کے لیے سب سے اچھے نام ہیں، لہٰذا اُسے اُنہی ناموں سے پکارو، اور اُن لوگوں کو چھوڑ دو جو اُس کے ناموں کے بارے میں کج روی اختیار کرتے ہیں؛ اُنہیں عنقریب اُن کے کیے کا بدلہ دیا جائے گا۔
اور کیا اُنہوں نے آسمانوں اور زمین کی سلطنت پر اور اللہ کی پیدا کی ہوئی کسی بھی چیز پر نظر نہیں ڈالی، اور اِس بات پر (غور نہیں کیا) کہ ہو سکتا ہے اُن کی مقررہ مدت قریب آ چکی ہو؟ پھر اِس (قرآن) کے بعد وہ کس بات پر ایمان لائیں گے؟
یہ لوگ آپ سے قیامت کے بارے میں پوچھتے ہیں کہ وہ کب آ کر ٹھہرے گی؟ کہہ دیجیے: اُس کا علم تو صرف میرے پروردگار کے پاس ہے؛ اُس کے وقت پر اُسے وہی ظاہر کرے گا۔ وہ آسمانوں اور زمین میں بڑا بھاری (واقعہ) ہے؛ وہ تم پر اچانک ہی آئے گی۔ یہ آپ سے ایسے پوچھتے ہیں گویا آپ اُس کی کھوج میں لگے ہوئے ہیں۔ کہہ دیجیے: اُس کا علم صرف اللہ کے پاس ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔
کہہ دیجیے: میں اپنی ذات کے لیے بھی کسی نفع اور نقصان کا اختیار نہیں رکھتا، مگر اُتنا ہی جتنا اللہ چاہے۔ اور اگر مجھے غیب کا علم ہوتا تو میں بہت سی بھلائیاں سمیٹ لیتا، اور مجھے کوئی تکلیف نہ پہنچتی۔ میں تو بس ایک ڈرانے والا اور خوشخبری سنانے والا ہوں اُن لوگوں کے لیے جو ایمان لائیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
وہی اللہ ہے جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا، اور اُسی سے اُس کا جوڑا بنایا تاکہ وہ اُس کے پاس سکون حاصل کرے۔ پھر جب مرد نے عورت کو ڈھانپ لیا تو اُسے ہلکا سا حمل رہ گیا جسے لیے وہ چلتی پھرتی رہی؛ پھر جب وہ بوجھل ہو گئی تو دونوں نے اپنے پروردگار اللہ سے دعا کی: اگر آپ نے ہمیں صحیح سالم بچہ دیا تو ہم ضرور شکر گزاروں میں سے ہوں گے۔
پھر جب اللہ نے اُنہیں صحیح سالم بچہ دے دیا تو اُنہوں نے اللہ کے دیے ہوئے میں اُس کے شریک ٹھہرا لیے؛ اللہ اُن چیزوں سے بہت بلند ہے جنہیں یہ اُس کا شریک ٹھہراتے ہیں۔
کیا اُن کے پاؤں ہیں جن سے وہ چلتے ہوں؟ یا اُن کے ہاتھ ہیں جن سے وہ پکڑتے ہوں؟ یا اُن کی آنکھیں ہیں جن سے وہ دیکھتے ہوں؟ یا اُن کے کان ہیں جن سے وہ سنتے ہوں؟ کہہ دیجیے: اپنے (ٹھہرائے ہوئے) شریکوں کو بلا لو، پھر میرے خلاف (جو) چال (چل سکتے ہو) چلو، اور مجھے ذرا مہلت نہ دو۔
اور (اے پیغمبر!) جب آپ اُن کے پاس کوئی (فرمائشی) معجزہ نہیں لاتے تو وہ کہتے ہیں: آپ نے خود ہی کوئی معجزہ کیوں نہ گھڑ لیا؟ کہہ دیجیے: میں تو صرف اُسی کی پیروی کرتا ہوں جو میرے پروردگار کی طرف سے میری طرف وحی کی جاتی ہے؛ یہ (قرآن) تمہارے پروردگار کی طرف سے بصیرت کی باتوں کا مجموعہ ہے، اور ایمان لانے والوں کے لیے ہدایت اور رحمت ہے۔