یہ قرآن مجید کی چونسٹھویں سورت ہے؛ اِس میں اٹھارہ آیتیں اور دو رکوع ہیں، اور یہ مدنی سورت ہے۔ اِس کی آیت ۹ میں قیامت کو «يَوْمُ التَّغَابُنِ» کہا گیا ہے، یعنی ہار جیت کا دن، جس میں ایک فریق جیت جائے گا اور دوسرا ہار جائے گا؛ اِسی سے سورت کا نام «التغابن» ہے۔
اُس نے آسمانوں اور زمین کو ٹھیک ٹھیک (حکمت کے ساتھ) پیدا کیا، اور تمہاری صورتیں بنائیں تو بہت اچھی صورتیں بنائیں، اور اُسی کی طرف (سب کو) لوٹ کر جانا ہے۔
یہ اِس لیے ہوا کہ اُن کے پاس اُن کے رسول کھلی نشانیاں لے کر آتے رہے، تو وہ کہنے لگے: کیا انسان ہمیں ہدایت دیں گے؟ سو اُنہوں نے انکار کیا اور منہ پھیر لیا، اور اللہ نے (بھی اُن کی) پروا نہ کی؛ اور اللہ بے نیاز ہے، ہر تعریف کے لائق ہے۔
کافروں نے دعویٰ کیا کہ وہ ہرگز (دوبارہ) زندہ کر کے نہیں اٹھائے جائیں گے؛ کہہ دیجیے: کیوں نہیں! میرے رب کی قسم! تم ضرور اٹھائے جاؤ گے، پھر تمہیں ضرور بتایا جائے گا جو کچھ تم نے کیا؛ اور یہ اللہ کے لیے بہت آسان ہے۔
(یاد کرو) جس دن وہ تمہیں جمع ہونے کے دن کے لیے جمع کرے گا، وہی ہار جیت کا دن ہوگا؛ اور جو اللہ پر ایمان لائے اور نیک عمل کرے، اللہ اُس کی برائیاں اُس سے دور کر دے گا اور اُسے ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، وہ اُن میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے؛ یہی بڑی کامیابی ہے۔
کوئی مصیبت نہیں پہنچتی مگر اللہ کے حکم سے؛ اور جو اللہ پر ایمان رکھے، اللہ اُس کے دل کو (صبر و اطمینان کی) راہ دکھا دیتا ہے؛ اور اللہ ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔
اے ایمان والو! تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے بعض تمہارے دشمن ہیں، سو اُن سے ہوشیار رہو؛ اور اگر تم معاف کر دو، درگزر کرو اور بخش دو تو یقیناً اللہ بہت بخشنے والا، نہایت مہربان ہے۔
سو جہاں تک تمہارے بس میں ہو اللہ سے ڈرتے رہو، اور (حکم) سنو اور مانو، اور (اللہ کی راہ میں) خرچ کرو، یہ تمہارے ہی لیے بہتر ہے؛ اور جو اپنے نفس کی لالچ سے بچا لیا جائے تو وہی لوگ کامیاب ہیں۔