پرانے طلبہ کے لیے: آپ کا داخلہ محفوظ ہے؛ چند دن میں آپ کا کورس اسی جی میل سے نئی سائٹ اور ایپ میں کھل جائے گا۔

سُوْرَةُ المنافقون

سورۃ المنافقون · 11 آیات · 2 رکوع

تعارفِ سورت

یہ قرآن مجید کی تریسٹھویں سورت ہے؛ اِس میں گیارہ آیتیں اور دو رکوع ہیں، اور یہ مدنی سورت ہے۔ مدینہ ہجرت کے بعد رسول اللہ ﷺ اور مسلمانوں کو دو طرح کے دشمنوں کا سامنا تھا: ایک کھلے دشمن، یعنی مشرکین؛ دوسرے بغل کے دشمن، یعنی منافقین۔ اِس سورت میں بنیادی طور پر منافقوں کا رویہ بیان ہوا ہے اور پہلی آیت ہی اُن کے ذکر سے شروع ہوتی ہے، اِسی لیے اِس کا نام «سورۃ المنافقون» ہے؛ یہ بات بھی اِس کے مدنی ہونے کی دلیل ہے، کیونکہ منافقت کا مرکز مدینہ ہی تھا۔

رکوع 1 آیات 1 تا 8
1
اِذَا جَاۤءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ قَالُوْا نَشْهَدُ اِنَّكَ لَرَسُوْلُ اللّٰهِۘ وَاللّٰهُ يَعْلَمُ اِنَّكَ لَرَسُوْلُهٗؕ وَاللّٰهُ يَشْهَدُ اِنَّ الْمُنٰفِقِيْنَ لَكٰذِبُوْنَ
(اے نبی!) جب منافق آپ کے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں: ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ یقیناً اللہ کے رسول ہیں؛ اور اللہ جانتا ہے کہ آپ یقیناً اُس کے رسول ہیں، اور اللہ گواہی دیتا ہے کہ یہ منافق بالکل جھوٹے ہیں۔
2
اِتَّخَذُوْٓا اَيْمَانَهُمْ جُنَّةً فَصَدُّوْا عَنْ سَبِيْلِ اللّٰهِؕ اِنَّهُمْ سَاۤءَ مَا كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ
اُنہوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے، پھر (لوگوں کو) اللہ کے راستے سے روکتے ہیں؛ یقیناً وہ بہت برے کام ہیں جو وہ کرتے رہے ہیں۔
3
ذٰلِكَ بِاَنَّهُمْ اٰمَنُوْا ثُمَّ كَفَرُوْا فَطُبِعَ عَلٰي قُلُوْبِهِمْ فَهُمْ لَا يَفْقَهُوْنَ
یہ اِس لیے ہے کہ وہ (زبان سے) ایمان لائے، پھر کافر ہو گئے، تو اُن کے دلوں پر مہر لگا دی گئی؛ سو وہ کچھ نہیں سمجھتے۔
4
وَاِذَا رَاَيْتَهُمْ تُعْجِبُكَ اَجْسَامُهُمْؕ وَاِنْ يَّقُوْلُوْا تَسْمَعْ لِقَوْلِهِمْؕ كَاَنَّهُمْ خُشُبٌ مُّسَنَّدَةٌؕ يَحْسَبُوْنَ كُلَّ صَيْحَةٍ عَلَيْهِمْؕ هُمُ الْعَدُوُّ فَاحْذَرْهُمْؕ قٰتَلَهُمُ اللّٰهُؗ اَنّٰي يُو͏ٔ͏ْفَكُوْنَ
اور جب آپ اُنہیں دیکھیں تو اُن کے ڈیل ڈول آپ کو اچھے لگیں، اور اگر وہ بات کریں تو آپ اُن کی بات سنیں؛ (مگر) گویا وہ دیوار کے سہارے کھڑی کی ہوئی لکڑیاں ہیں؛ ہر زور کی آواز کو اپنے ہی خلاف سمجھتے ہیں؛ یہی اصل دشمن ہیں، سو اُن سے بچ کر رہیے؛ اللہ اُنہیں غارت کرے، یہ کہاں الٹے پھرے جا رہے ہیں!
5
وَاِذَا قِيْلَ لَهُمْ تَعَالَوْا يَسْتَغْفِرْ لَكُمْ رَسُوْلُ اللّٰهِ لَوَّوْا رُءُوْسَهُمْ وَرَاَيْتَهُمْ يَصُدُّوْنَ وَهُمْ مُّسْتَكْبِرُوْنَ
اور جب اُن سے کہا جاتا ہے کہ آؤ، اللہ کے رسول تمہارے لیے مغفرت کی دعا کریں، تو وہ اپنے سر مٹکاتے ہیں، اور آپ اُنہیں دیکھتے ہیں کہ وہ تکبر کرتے ہوئے رکے رہتے ہیں۔
6
سَوَاۤءٌ عَلَيْهِمْ اَسْتَغْفَرْتَ لَهُمْ اَمْ لَمْ تَسْتَغْفِرْ لَهُمْؕ لَنْ يَّغْفِرَ اللّٰهُ لَهُمْؕ اِنَّ اللّٰهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الْفٰسِقِيْنَ
اُن کے لیے برابر ہے کہ آپ اُن کے لیے مغفرت کی دعا کریں یا نہ کریں، اللہ اُنہیں ہرگز معاف نہیں کرے گا؛ یقیناً اللہ نافرمان لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
7
هُمُ الَّذِيْنَ يَقُوْلُوْنَ لَا تُنْفِقُوْا عَلٰي مَنْ عِنْدَ رَسُوْلِ اللّٰهِ حَتّٰي يَنْفَضُّوْاؕ وَلِلّٰهِ خَزَاۤىِٕنُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَلٰكِنَّ الْمُنٰفِقِيْنَ لَا يَفْقَهُوْنَ
یہی وہ لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ جو لوگ اللہ کے رسول کے پاس ہیں اُن پر خرچ نہ کرو یہاں تک کہ وہ (خود ہی) تتر بتر ہو جائیں؛ حالانکہ آسمانوں اور زمین کے خزانے اللہ ہی کے ہیں، لیکن منافق سمجھتے نہیں۔
8
يَقُوْلُوْنَ لَىِٕنْ رَّجَعْنَا͏ٓ اِلَي الْمَدِيْنَةِ لَيُخْرِجَنَّ الْاَعَزُّ مِنْهَا الْاَذَلَّؕ وَلِلّٰهِ الْعِزَّةُ وَلِرَسُوْلِهٖ وَلِلْمُو͏ٔ͏ْمِنِيْنَ وَلٰكِنَّ الْمُنٰفِقِيْنَ لَا يَعْلَمُوْنَ
وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم مدینہ لوٹ کر گئے تو عزت والا وہاں سے ذلت والے کو ضرور نکال باہر کرے گا؛ حالانکہ عزت تو اللہ کی ہے، اُس کے رسول کی اور ایمان والوں کی؛ لیکن منافق جانتے نہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 2 آیات 9 تا 11
9
يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تُلْهِكُمْ اَمْوَالُكُمْ وَلَا͏ٓ اَوْلَادُكُمْ عَنْ ذِكْرِ اللّٰهِۚ وَمَنْ يَّفْعَلْ ذٰلِكَ فَاُولٰۤىِٕكَ هُمُ الْخٰسِرُوْنَ
اے ایمان والو! تمہارے مال اور تمہاری اولاد تمہیں اللہ کی یاد سے غافل نہ کر دیں؛ اور جو ایسا کریں گے تو وہی نقصان اٹھانے والے ہیں۔
10
وَاَنْفِقُوْا مِنْ مَّا رَزَقْنٰكُمْ مِّنْ قَبْلِ اَنْ يَّاْتِيَ اَحَدَكُمُ الْمَوْتُ فَيَقُوْلَ رَبِّ لَوْلَا͏ٓ اَخَّرْتَنِيْٓ اِلٰٓي اَجَلٍ قَرِيْبٍۙ فَاَصَّدَّقَ وَاَكُنْ مِّنَ الصّٰلِحِيْنَ
اور ہم نے تمہیں جو روزی دی ہے اُس میں سے (اللہ کی راہ میں) خرچ کرو، اِس سے پہلے کہ تم میں سے کسی کو موت آ جائے، پھر وہ کہے: اے میرے رب! آپ نے مجھے تھوڑی مدت کی مہلت کیوں نہ دی کہ میں صدقہ کر لیتا اور نیک لوگوں میں شامل ہو جاتا!
11
وَلَنْ يُّو͏ٔ͏َخِّرَ اللّٰهُ نَفْسًا اِذَا جَاۤءَ اَجَلُهَاؕ وَاللّٰهُ خَبِيْرٌۢ بِمَا تَعْمَلُوْنَ
اور جب کسی جان کی مقررہ مدت آ جاتی ہے تو اللہ اُسے ہرگز مہلت نہیں دیتا؛ اور اللہ تمہارے سب کاموں سے پوری طرح باخبر ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
دینی علم کا سفر آج سے شروع کریںممبر بنیں