یہ قرآن مجید کی پانچویں سورت ہے؛ اِس میں ایک سو بیس آیتیں اور سولہ رکوع ہیں۔ اِس کی بعض آیتیں مکہ مکرمہ میں حجۃ الوداع کے موقع پر اُتریں، لیکن اہلِ علم کی اصطلاح میں ہجرت کے بعد نازل ہونے والی ہر آیت «مدنی» کہلاتی ہے، اِس لیے یہ پوری سورت مدنی ہے۔ حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ نازل ہونے والی آخری سورتوں میں سورۃ المائدہ ہے (ترمذی: ۳۰۶۳)، اِس لیے اِس کے حلال کو حلال اور حرام کو حرام سمجھنا چاہیے۔ «مائدہ» کے معنی دسترخوان کے ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواریوں نے اپنے اطمینانِ قلب کے لیے درخواست کی تھی کہ آسمان سے کھانے کا دسترخوان اُتارا جائے؛ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دعا کی اور اللہ نے اُسے قبول فرمایا۔ اِس سورت کے آخر میں (آیات ۱۱۲ تا ۱۱۵) یہ واقعہ آیا ہے، اسی نسبت سے اِس کا نام «المائدہ» رکھا گیا۔ اِس سورت کی سب سے اہم آیت «اَلْيَوْمَ اَكْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ» ہے، جس میں اعلان ہے کہ دین مکمل ہو گیا، یہ امت آخری امت ہے، قرآن آخری کتاب ہے اور حضرت محمد ﷺ کی نبوت ساری دنیا اور ہمیشہ کے لیے ہے۔ سورۃ النساء کی طرح اِس میں بھی بہت سے فقہی احکام ہیں: عہد پورا کرنا، حلال و حرام جانور، شکار، احرام، اہلِ کتاب کا ذبیحہ اور اُن کی عورتوں سے نکاح، وضو، غسل اور تیمم، چوری اور ڈاکے کی سزا، شراب اور جوے کی حرمت، قسم کا کفارہ اور وصیت پر گواہی۔ تین بڑے واقعات بھی ہیں: حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ بنی اسرائیل کا رویہ، حضرت آدم علیہ السلام کے دو بیٹوں کا قصہ جس میں زمین پر پہلا قتل ہوا، اور مائدہ کا واقعہ۔
اے ایمان والو! عہد پورے کیا کرو۔ تمہارے لیے مویشیوں کی قسم کے چوپائے حلال کیے گئے ہیں، سوائے اُن کے جو تمہیں (آگے) پڑھ کر سنائے جائیں گے، بشرطیکہ تم احرام کی حالت میں شکار کو حلال نہ سمجھو۔ بے شک اللہ جو چاہتا ہے حکم دیتا ہے۔
اے ایمان والو! نہ اللہ کی نشانیوں کی بے حرمتی کرو، نہ حرمت والے مہینے کی، نہ حرم میں قربانی کے لیے جانے والے جانوروں کی، نہ اُن جانوروں کی جن کے گلے میں (نشانی کے) پٹے ڈالے گئے ہوں، اور نہ اُن لوگوں کی جو اپنے پروردگار کا فضل اور اُس کی خوشنودی تلاش کرتے ہوئے بیت حرام کا ارادہ کر کے جا رہے ہوں۔ اور جب تم احرام کھول دو تو شکار کر سکتے ہو۔ اور کسی قوم کی یہ دشمنی کہ اُنہوں نے تمہیں مسجد حرام سے روکا تھا، تمہیں اِس بات پر نہ اُبھارے کہ تم حد سے گزر جاؤ۔ اور نیکی اور پرہیزگاری میں ایک دوسرے کی مدد کیا کرو، گناہ اور زیادتی میں ایک دوسرے کی مدد نہ کرو، اور اللہ سے ڈرتے رہو؛ بے شک اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔
تم پر حرام کیا گیا: مردار، خون، سور کا گوشت، وہ جانور جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو، اور وہ جو گلا گھٹنے سے مرا ہو، اور جو چوٹ کھا کر مرا ہو، اور جو اوپر سے گر کر مرا ہو، اور جو سینگ لگنے سے مرا ہو، اور جسے کسی درندے نے کھایا ہو، سوائے اُس کے جسے تم (مرنے سے پہلے) ذبح کر لو؛ اور وہ جو کسی تھان پر چڑھاوے کے طور پر ذبح کیا گیا ہو؛ اور یہ (بھی حرام ہے) کہ تم تیروں کے ذریعے قسمت معلوم کرو۔ یہ سب گناہ کے کام ہیں۔ آج کافر تمہارے دین (کو مٹانے) سے مایوس ہو چکے ہیں، اِس لیے اُن سے نہ ڈرو اور مجھ سے ڈرو۔ آج میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کر دیا، تم پر اپنی نعمت پوری کر دی، اور تمہارے لیے اسلام کو دین کے طور پر پسند کر لیا۔ پھر جو شخص بھوک کی شدت سے مجبور ہو جائے، گناہ کی طرف مائل ہوئے بغیر (کچھ کھا لے)، تو یقیناً اللہ بہت معاف کرنے والا، بڑا مہربان ہے۔
لوگ آپ سے پوچھتے ہیں کہ اُن کے لیے کون سی چیزیں حلال کی گئی ہیں؟ آپ فرما دیجیے: تمہارے لیے پاکیزہ چیزیں حلال کی گئی ہیں؛ اور جن شکاری جانوروں کو تم نے سدھایا ہو، جنہیں تم شکار پر چھوڑنے کی تربیت دیتے ہو، اُس علم سے جو اللہ نے تمہیں سکھایا ہے، تو وہ جانور جو شکار تمہارے لیے روک رکھیں اُس میں سے کھاؤ، اور اُس پر اللہ کا نام لیا کرو، اور اللہ سے ڈرتے رہو؛ بے شک اللہ بہت جلد حساب لینے والا ہے۔
آج تمہارے لیے پاکیزہ چیزیں حلال کر دی گئیں؛ اہلِ کتاب کا کھانا تمہارے لیے حلال ہے اور تمہارا کھانا اُن کے لیے حلال ہے؛ اور پاک دامن مومن عورتیں بھی (تمہارے لیے حلال ہیں) اور اُن لوگوں کی پاک دامن عورتیں بھی جنہیں تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی، جبکہ تم اُنہیں اُن کے مہر ادا کر دو، اِس طرح کہ تم نکاح میں لا کر پاک دامن بنانے والے ہو، نہ کھلے عام بدکاری کرنے والے اور نہ چھپی آشنائی کرنے والے۔ اور جو ایمان (کی باتوں) کا انکار کرے، اُس کا سارا عمل ضائع ہو گیا، اور وہ آخرت میں نقصان اُٹھانے والوں میں سے ہوگا۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اے ایمان والو! جب تم نماز کے لیے اُٹھو تو اپنے چہرے دھوؤ، اور کہنیوں سمیت اپنے ہاتھ دھوؤ، اور اپنے سروں کا مسح کرو، اور ٹخنوں سمیت اپنے پاؤں دھوؤ۔ اور اگر تم جنابت کی حالت میں ہو تو (غسل کر کے) خوب پاکی حاصل کرو۔ اور اگر تم بیمار ہو، یا سفر میں ہو، یا تم میں سے کوئی قضائے حاجت سے آئے، یا تم نے عورتوں سے صحبت کی ہو، پھر تمہیں پانی نہ ملے تو پاک مٹی سے تیمم کرو، یعنی اُس سے اپنے چہروں اور ہاتھوں کا مسح کر لو۔ اللہ تم پر کوئی تنگی ڈالنا نہیں چاہتا، لیکن یہ چاہتا ہے کہ تمہیں پاک کرے اور تم پر اپنی نعمت پوری کرے، تاکہ تم شکر ادا کرو۔
اور اپنے اوپر اللہ کی نعمت کو یاد کرو، اور اُس عہد کو جو اُس نے تم سے پختگی کے ساتھ لیا تھا، جب تم نے کہا تھا: ہم نے سنا اور مان لیا۔ اور اللہ سے ڈرتے رہو؛ بے شک اللہ دلوں کے اندر کی باتوں کو خوب جانتا ہے۔
اے ایمان والو! اللہ (کا حق ادا کرنے) کے لیے خوب قائم رہنے والے اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے والے بنو، اور کسی قوم کی دشمنی تمہیں اِس بات پر آمادہ نہ کرے کہ تم انصاف نہ کرو۔ انصاف کرو، یہی تقویٰ سے زیادہ قریب ہے، اور اللہ سے ڈرتے رہو؛ بے شک اللہ تمہارے سب کاموں سے پوری طرح باخبر ہے۔
اے ایمان والو! اپنے اوپر اللہ کی اُس نعمت کو یاد کرو جب ایک گروہ نے تم پر دست درازی کرنی چاہی، تو اللہ نے اُن کے ہاتھ تم سے روک دیے، اور اللہ سے ڈرتے رہو، اور مسلمانوں کو اللہ ہی پر بھروسا رکھنا چاہیے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور یقیناً اللہ نے بنی اسرائیل سے عہد لیا تھا، اور ہم نے اُن میں سے بارہ سردار مقرر کیے تھے، اور اللہ نے فرمایا تھا: میں تمہارے ساتھ ہوں؛ اگر تم نے نماز قائم رکھی، زکوٰۃ ادا کی، میرے رسولوں پر ایمان لائے اور اُن کی مدد کی، اور اللہ کو اچھے طریقے پر قرض دیا، تو میں ضرور تمہارے گناہ تم سے مٹا دوں گا اور تمہیں ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں۔ پھر اِس کے بعد تم میں سے جس نے کفر کیا، وہ یقیناً سیدھے راستے سے بھٹک گیا۔
پھر اُن کے اپنا عہد توڑنے ہی کی وجہ سے ہم نے اُن پر لعنت کی اور اُن کے دل سخت کر دیے؛ وہ (اللہ کے) کلام کو اُس کے موقع و محل سے بدل ڈالتے ہیں، اور جس بات کی اُنہیں نصیحت کی گئی تھی اُس کا ایک بڑا حصہ بھلا بیٹھے ہیں، اور آپ کو اُن کی کسی نہ کسی خیانت کی اطلاع ملتی ہی رہے گی، سوائے اُن میں سے تھوڑے لوگوں کے؛ تو آپ اُنہیں معاف کر دیجیے اور درگزر سے کام لیجیے؛ بے شک اللہ نیکی کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
اور جن لوگوں نے کہا کہ ہم نصاریٰ ہیں، اُن سے بھی ہم نے عہد لیا تھا؛ تو جن باتوں کی اُنہیں نصیحت کی گئی تھی اُن کا بھی ایک بڑا حصہ وہ بھلا بیٹھے، چنانچہ ہم نے قیامت کے دن تک کے لیے اُن کے درمیان دشمنی اور کینہ ڈال دیا، اور جو کچھ وہ کرتے رہے ہیں اللہ جلد ہی اُنہیں اُس سے آگاہ کر دے گا۔
اے اہلِ کتاب! تمہارے پاس ہمارے رسول آ چکے ہیں، جو کتاب کی بہت سی وہ باتیں تمہارے سامنے کھول کر بیان کرتے ہیں جنہیں تم چھپایا کرتے تھے، اور بہت سی باتوں سے درگزر کر جاتے ہیں۔ یقیناً تمہارے پاس اللہ کی طرف سے ایک روشنی اور ایک واضح کتاب آ چکی ہے۔
جس کے ذریعے اللہ اُن لوگوں کو جو اُس کی خوشنودی کے طالب ہوں سلامتی کی راہوں پر چلاتا ہے، اور اپنی توفیق سے اُنہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لاتا ہے، اور اُنہیں سیدھی راہ پر قائم رکھتا ہے۔
جن لوگوں نے یہ کہا کہ مسیح ابنِ مریم ہی خدا ہیں، اُنہوں نے یقیناً کفر کیا۔ آپ اُن سے پوچھیے: اگر اللہ مسیح ابنِ مریم کو، اُن کی والدہ کو اور زمین کے تمام لوگوں کو ہلاک کرنا چاہے تو کون ہے جو اللہ کے مقابلے میں کچھ بھی کر سکے؟ آسمانوں اور زمین اور اُن کے درمیان جو کچھ ہے سب پر اللہ ہی کی حکومت ہے؛ وہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے، اور اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھنے والا ہے۔
یہود و نصاریٰ کہتے ہیں کہ ہم اللہ کے بیٹے اور اُس کے پیارے ہیں۔ آپ کہہ دیجیے: پھر اللہ تمہیں تمہارے گناہوں کی سزا کیوں دیتا ہے؟ بلکہ تم بھی اللہ کی مخلوقات میں سے انسان ہی ہو؛ وہ جسے چاہتا ہے معاف کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے عذاب دیتا ہے؛ اور آسمانوں اور زمین اور اُن کے درمیان کی سب چیزیں اللہ ہی کی ملکیت ہیں، اور سب کو اُسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔
اے اہلِ کتاب! رسولوں کے ایک وقفے کے بعد ہمارے رسول تمہارے پاس آ چکے ہیں، جو تمہیں صاف صاف بتاتے ہیں، تاکہ کہیں تم یہ نہ کہو کہ ہمارے پاس تو کوئی خوش خبری دینے والا اور ڈرانے والا آیا ہی نہیں؛ تو اب تمہارے پاس خوش خبری دینے والے اور ڈرانے والے آ چکے ہیں، اور اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھنے والا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور (وہ وقت یاد کرو) جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا: اے میری قوم! اپنے اوپر اللہ کی نعمت کو یاد کرو کہ اُس نے تم میں نبی پیدا کیے اور تمہیں حکمران بنایا، اور تمہیں وہ کچھ عطا کیا جو سارے جہان میں کسی کو نہیں دیا تھا۔
اُنہوں نے کہا: اے موسیٰ! وہاں تو ایک بڑی زور آور قوم (آباد) ہے، اور ہم ہرگز وہاں داخل نہ ہوں گے جب تک وہ لوگ وہاں سے نکل نہ جائیں؛ ہاں، اگر وہ وہاں سے نکل جائیں تو ہم ضرور داخل ہو جائیں گے۔
اللہ سے ڈرنے والوں میں سے دو آدمیوں نے، جن پر اللہ کا فضل تھا، کہا: تم اُن پر (حملہ کر کے) دروازے تک تو جاؤ؛ جس وقت تم دروازے میں داخل ہو جاؤ گے تو تم ہی غالب آؤ گے؛ اور اگر تم ایمان والے ہو تو اللہ ہی پر بھروسا رکھو۔
کہنے لگے: اے موسیٰ! جب تک وہ لوگ وہاں موجود ہیں ہم ہرگز کبھی وہاں قدم نہیں رکھیں گے؛ اِس لیے آپ اور آپ کے پروردگار جائیں اور جنگ کریں، ہم تو یہیں بیٹھے ہیں۔
اور اِن لوگوں کو آدم کے دو بیٹوں کا واقعہ ٹھیک ٹھیک پڑھ کر سنا دیجیے؛ جب دونوں نے ایک ایک قربانی پیش کی تو اُن میں سے ایک کی قربانی قبول کر لی گئی اور دوسرے کی قبول نہیں کی گئی۔ دوسرے نے کہا: میں تجھے قتل کر کے رہوں گا۔ پہلے نے کہا: اللہ تو صرف تقویٰ والوں ہی کا عمل قبول کرتا ہے۔
اگر تو نے مجھے قتل کرنے کے لیے میری طرف ہاتھ بڑھایا، تب بھی میں تجھے قتل کرنے کے لیے تیری طرف ہاتھ نہیں بڑھاؤں گا؛ میں تو اللہ سے ڈرتا ہوں جو سارے جہانوں کا پروردگار ہے۔
پھر اللہ نے ایک کوا بھیجا جو زمین کرید رہا تھا، تاکہ وہ اُسے دکھا دے کہ اپنے بھائی کی لاش کیسے چھپائے۔ وہ کہنے لگا: ہائے افسوس! کیا میں اِس کوے جیسا بھی نہ ہو سکا کہ اپنے بھائی کی لاش چھپا دیتا؟ چنانچہ وہ پچھتانے والوں میں سے ہو گیا۔
اِسی وجہ سے ہم نے بنی اسرائیل پر یہ لکھ دیا تھا کہ جس نے کسی جان کو، کسی جان کا بدلہ لینے یا زمین میں فساد پھیلانے کے جرم کے بغیر، قتل کیا، تو گویا اُس نے تمام انسانوں کو قتل کر دیا؛ اور جس نے کسی ایک جان کو بچا لیا، تو گویا اُس نے تمام انسانوں کو بچا لیا۔ اور ہمارے رسول اُن کے پاس کھلی دلیلیں لے کر آ چکے ہیں، پھر بھی اُن میں سے بہت سے لوگ اِس کے بعد بھی زمین میں زیادتی ہی کرتے رہتے ہیں۔
جو لوگ اللہ اور اُس کے رسول سے جنگ کرتے ہیں اور زمین میں فساد پھیلانے کے لیے دوڑتے پھرتے ہیں، اُن کی سزا یہی ہے کہ وہ قتل کر دیے جائیں، یا سولی پر چڑھا دیے جائیں، یا اُن کے ہاتھ پاؤں مخالف سمتوں سے کاٹ دیے جائیں، یا اُنہیں جلا وطن کر دیا جائے۔ یہ تو دنیا میں اُن کی رسوائی ہے، اور آخرت میں اُن کے لیے بڑا عذاب ہے۔
یقیناً جن لوگوں نے کفر اختیار کیا، اگر اُن کے پاس زمین بھر کی ساری چیزیں ہوں اور اُتنی ہی اور بھی، تاکہ اُنہیں دے کر قیامت کے دن کے عذاب سے بچ جائیں، تب بھی وہ اُن سے ہرگز قبول نہیں کی جائیں گی، اور اُن کے لیے بہت ہی دردناک عذاب ہے۔
اور چوری کرنے والا مرد ہو یا چوری کرنے والی عورت، دونوں کے ہاتھ کاٹ دو، یہ اُن کی کرتوت کا بدلہ ہے اور اللہ کی طرف سے عبرت ناک سزا ہے، اور اللہ زبردست ہے، بڑی حکمت والا ہے۔
اے رسول! جو لوگ کفر میں دوڑ دوڑ کر آگے بڑھتے ہیں وہ آپ کو رنجیدہ نہ کریں، چاہے وہ اُن میں سے ہوں جو زبان سے کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے، حالانکہ اُن کے دل ایمان نہیں لائے، یا اُن میں سے ہوں جو یہودی ہیں؛ یہ لوگ جھوٹی باتیں سننے کے عادی ہیں، (اور آپ کی باتیں) دوسرے لوگوں کی خاطر کان لگا کر سنتے ہیں جو آپ کے پاس نہیں آئے؛ یہ (اللہ کے) کلام کو اُس کا موقع و محل طے ہو جانے کے بعد بدل ڈالتے ہیں؛ کہتے ہیں: اگر تمہیں یہ حکم ملے تو قبول کر لینا اور اگر یہ نہ ملے تو بچ کر رہنا۔ اور جس کو اللہ گمراہی میں ڈالنا چاہے، آپ اللہ کے مقابلے میں اُس کے لیے کچھ بھی نہیں کر سکتے۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں کو اللہ نے پاک کرنا نہیں چاہا؛ اُن کے لیے دنیا میں رسوائی ہے اور آخرت میں بڑا عذاب۔
یہ جھوٹی باتیں سننے کے عادی ہیں اور بہت زیادہ حرام کھاتے ہیں؛ لہٰذا اگر یہ آپ کے پاس آئیں تو آپ کو اختیار ہے کہ اُن کے درمیان فیصلہ کر دیں یا اُنہیں ٹال دیں۔ اگر آپ اُنہیں ٹال دیں تو یہ آپ کو ہرگز کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے، اور اگر آپ فیصلہ کریں تو اُن کے درمیان انصاف کے ساتھ فیصلہ کریں؛ بے شک اللہ انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
اور یہ آپ سے کیسے فیصلہ کرواتے ہیں، حالانکہ اُن کے پاس تورات ہے جس میں اللہ کا حکم موجود ہے؟ پھر وہ اِس کے بعد بھی منہ موڑ لیتے ہیں، اور یہ لوگ ہرگز ایمان والے نہیں ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
بے شک ہم نے تورات اُتاری تھی جس میں ہدایت اور روشنی تھی؛ اُس کے ذریعے انبیاء، جو اللہ کے پورے فرماں بردار تھے، یہودیوں کے فیصلے کرتے رہے ہیں، اور اللہ والے مشائخ اور علما بھی؛ کیونکہ اُنہیں اللہ کی کتاب کی حفاظت کا ذمہ دار بنایا گیا تھا اور وہ اُس پر گواہ تھے۔ لہٰذا (اے یہود!) لوگوں سے نہ ڈرو، مجھ سے ڈرو، اور میری آیتوں کو معمولی قیمت کے بدلے نہ بیچو۔ اور جو اللہ کے اُتارے ہوئے حکم کے مطابق فیصلہ نہ کرے، وہی لوگ کافر ہیں۔
اور ہم نے تورات میں اُن کے لیے یہ حکم لکھ دیا تھا کہ جان کے بدلے جان، آنکھ کے بدلے آنکھ، ناک کے بدلے ناک، کان کے بدلے کان اور دانت کے بدلے دانت ہے، اور زخموں میں بھی برابر کا بدلہ ہے۔ پھر جو اُسے معاف کر دے تو یہ اُس کے لیے گناہوں کا کفارہ ہوگا۔ اور جو اللہ کے اُتارے ہوئے حکم کے مطابق فیصلہ نہ کرے، وہی لوگ ظالم ہیں۔
اور ہم نے اُن (انبیاء) کے پیچھے عیسیٰ ابنِ مریم کو بھیجا جو اپنے سے پہلی کتاب تورات کی تصدیق کرنے والے تھے، اور ہم نے اُنہیں انجیل عطا کی جس میں ہدایت اور روشنی تھی، اور جو اپنے سے پہلی کتاب تورات کی تصدیق کرتی تھی، اور اللہ سے ڈرنے والوں کے لیے سراسر ہدایت اور نصیحت تھی۔
اور انجیل والوں کو چاہیے کہ اللہ نے اُس میں جو حکم اُتارا ہے اُس کے مطابق فیصلہ کریں؛ اور جو اللہ کے اُتارے ہوئے حکم کے مطابق فیصلہ نہ کرے، وہی لوگ نافرمان ہیں۔
اور (اے رسول!) ہم نے آپ کی طرف یہ کتاب حق کے ساتھ اُتاری ہے، جو اپنے سے پہلے کی کتابوں کی تصدیق کرتی ہے اور اُن کی محافظ ہے؛ اِس لیے آپ اُن کے درمیان اللہ کے اُتارے ہوئے حکم کے مطابق فیصلہ کیجیے، اور جو سچی کتاب آپ کے پاس آ چکی ہے اُس کو چھوڑ کر اُن کی خواہشات کی پیروی نہ کیجیے۔ ہم نے تم میں سے ہر ایک (امت) کے لیے ایک شریعت اور ایک راستہ مقرر کیا ہے۔ اگر اللہ چاہتا تو تم سب کو ایک ہی امت بنا دیتا، لیکن (ایسا نہیں کیا) تاکہ جو کچھ تمہیں دیا ہے اُس میں تمہیں آزمائے؛ لہٰذا نیکیوں میں ایک دوسرے سے آگے بڑھو۔ تم سب کو اللہ ہی کی طرف لوٹنا ہے، پھر جن باتوں میں تم اختلاف کرتے رہے ہو اللہ تمہیں اُن کی حقیقت بتا دے گا۔
اور (ہم حکم دیتے ہیں کہ) آپ اُن کے درمیان اللہ کی اُتاری ہوئی کتاب کے مطابق فیصلہ کیجیے اور اُن کی خواہشات کی پیروی نہ کیجیے، اور اُن سے بچ کر رہیے کہ کہیں یہ آپ کو اُن بعض احکام سے ہٹا نہ دیں جو اللہ نے آپ پر اُتارے ہیں۔ پھر اگر یہ منہ موڑیں تو جان لیجیے کہ اللہ اُنہیں اُن کے بعض گناہوں کی سزا دینا چاہتا ہے؛ اور یقیناً بہت سے لوگ نافرمان ہی ہوتے ہیں۔
اے ایمان والو! یہود و نصاریٰ کو دوست نہ بناؤ؛ وہ آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں، اور تم میں سے جو اُن سے دوستی کرے گا وہ اُنہی میں سے ہوگا؛ یقیناً اللہ ظالموں کو ہدایت نہیں دیتا۔
چنانچہ جن لوگوں کے دلوں میں (نفاق کی) بیماری ہے، آپ اُنہیں دیکھتے ہیں کہ وہ اُن (یہود و نصاریٰ) میں گھسے پڑتے ہیں؛ کہتے ہیں: ہمیں اندیشہ ہے کہ کہیں ہم پر کوئی مصیبت آ نہ پڑے۔ تو قریب ہے کہ اللہ (مسلمانوں کو) فتح دے یا اپنی طرف سے کوئی اور بات ظاہر فرما دے، پھر یہ لوگ اپنے دلوں میں چھپائی ہوئی باتوں پر شرمندہ ہوں۔
اور (اُس وقت) ایمان والے کہیں گے: کیا یہی وہ لوگ ہیں جو بڑے زور و شور سے اللہ کی قسمیں کھاتے تھے کہ وہ تمہارے ساتھ ہیں؟ اُن کے سارے عمل برباد ہو گئے اور وہ نقصان اُٹھانے والوں میں سے ہو گئے۔
اے ایمان والو! تم میں سے جو اپنے دین سے پھر جائے (وہ یاد رکھے) کہ عنقریب اللہ ایسے لوگوں کو لائے گا جن سے وہ (اللہ) محبت کرتا ہوگا اور وہ اُس سے محبت کرتے ہوں گے؛ وہ مسلمانوں کے مقابلے میں نرمی برتنے والے اور کافروں کے مقابلے میں زور آور ہوں گے، وہ اللہ کے راستے میں جہاد کریں گے اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہیں ڈریں گے۔ یہ اللہ کا فضل ہے، وہ جسے چاہتا ہے عطا فرماتا ہے، اور اللہ بڑی وسعت والا، خوب جاننے والا ہے۔
اے ایمان والو! جن لوگوں نے تمہارے دین کو ہنسی کھیل بنا رکھا ہے، یعنی وہ لوگ جنہیں تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی اور کافر لوگ، اُن کو دوست نہ بناؤ، اور اللہ سے ڈرو اگر تم واقعی ایمان والے ہو۔
آپ کہہ دیجیے: اے اہلِ کتاب! کیا تم ہم سے صرف اِس لیے عناد رکھتے ہو کہ ہم اللہ پر، اُس کتاب پر جو ہم پر اُتاری گئی اور اُس کتاب پر جو ہم سے پہلے اُتاری گئی، ایمان رکھتے ہیں، اور یقیناً تم میں سے اکثر لوگ نافرمان ہیں؟
آپ کہہ دیجیے: کیا میں تمہیں بتاؤں کہ اللہ کے نزدیک انجام کے لحاظ سے اِس سے زیادہ بُرے لوگ کون ہیں؟ وہ جن پر اللہ نے لعنت کی، جن پر اللہ کا غضب ہوا، جن میں سے بعض کو اللہ نے بندر اور سور بنا دیا، اور جنہوں نے غیر اللہ (طاغوت) کی پرستش کی؛ ایسے لوگوں کا انجام بہت ہی خراب ہے اور وہ سیدھے راستے سے بہت دور بھٹکے ہوئے ہیں۔
اور جب یہ لوگ تمہارے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں: ہم ایمان لے آئے؛ حالانکہ وہ کفر کے ساتھ ہی آئے تھے اور اُسی کے ساتھ واپس بھی چلے گئے، اور جو کچھ وہ چھپا رہے ہیں اللہ اُسے خوب جانتا ہے۔
اور یہود کہتے ہیں کہ اللہ کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں؛ ہاتھ تو اُن کے بندھے ہوئے ہیں، اور اُن پر اُن کی اِس بات کی وجہ سے لعنت ہے؛ بلکہ اللہ کے دونوں ہاتھ کھلے ہوئے ہیں، وہ جیسے چاہتا ہے خرچ کرتا ہے۔ اور (اے رسول!) آپ پر آپ کے رب کی طرف سے جو کلام اُتارا گیا ہے، وہ اُن میں سے بہتوں کی سرکشی اور کفر کو اور بڑھا دے گا؛ اور ہم نے اُن کے درمیان قیامت تک کے لیے دشمنی اور نفرت ڈال دی ہے۔ جب بھی وہ جنگ کی آگ بھڑکاتے ہیں اللہ اُسے بجھا دیتا ہے، اور وہ زمین میں فساد پیدا کرنے کے لیے دوڑتے پھرتے ہیں، اور اللہ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
اور اگر وہ تورات، انجیل اور اُس کتاب کی پوری پابندی کرتے جو اُن کے پروردگار کی طرف سے اُن کی طرف اُتاری گئی ہے، تو وہ اوپر سے بھی رزق پاتے اور اپنے پاؤں کے نیچے سے بھی۔ اُن میں ایک گروہ میانہ رو (اعتدال پر) ہے، لیکن اُن میں سے اکثر لوگوں کے اعمال بہت بُرے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اے رسول! آپ کے پروردگار کی طرف سے جو کچھ آپ پر اُتارا گیا ہے اُسے (لوگوں تک) پہنچا دیجیے؛ اور اگر آپ نے ایسا نہ کیا تو آپ نے اللہ کا پیغام نہیں پہنچایا۔ اور اللہ لوگوں سے آپ کی حفاظت کرے گا؛ بے شک اللہ کافر قوم کو ہدایت نہیں دیتا۔
آپ کہہ دیجیے: اے اہلِ کتاب! تم کسی بنیاد پر قائم نہیں ہو جب تک تورات، انجیل اور جو کتاب تمہارے پروردگار کی طرف سے تمہاری طرف اُتاری گئی ہے (یعنی قرآن مجید) اُس کے پابند نہ ہو جاؤ۔ اور (اے رسول!) آپ کے رب کی طرف سے جو کتاب آپ پر اُتاری گئی ہے وہ اُن میں سے بہتوں کی سرکشی اور کفر میں اضافے کا باعث بنے گی؛ لہٰذا آپ کفر اختیار کرنے والوں پر افسوس نہ کیجیے۔
یقیناً جو لوگ مسلمان ہوئے، نیز جو یہودی، صابی اور نصرانی ہیں، (اُن میں سے) جو اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے اور نیک عمل کرتے تھے، تو نہ اُن پر کوئی خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
ہم نے بنی اسرائیل سے عہد لیا اور اُن کی طرف پیغمبر بھیجے؛ جب بھی کوئی پیغمبر اُن کے پاس ایسا حکم لایا جو اُن کی خواہشات کے مطابق نہیں تھا، تو اُنہوں نے کچھ پیغمبروں کو جھٹلایا اور کچھ کو قتل ہی کر ڈالا۔
اور اُن لوگوں نے یہ خیال کیا کہ (اِس پر) کوئی سزا نہیں ہوگی، چنانچہ وہ اندھے اور بہرے بن گئے، پھر اللہ نے اُن پر توجہ فرمائی، پھر بھی اُن میں سے بہت سے لوگ اندھے اور بہرے ہی رہے؛ اور اللہ اُن کے اعمال کو خوب دیکھ رہا ہے۔
جن لوگوں نے کہا کہ مسیح ابنِ مریم ہی خدا ہیں، اُنہوں نے یقیناً کفر کیا؛ حالانکہ خود مسیح نے کہا تھا: اے بنی اسرائیل! اللہ کی عبادت کرو جو میرا بھی رب ہے اور تمہارا بھی۔ یقیناً جو اللہ کے ساتھ شریک ٹھہرائے گا، اللہ نے اُس پر جنت حرام کر دی ہے، اُس کا ٹھکانا جہنم ہے، اور ایسے ظالموں کا کوئی مددگار نہیں ہوگا۔
جن لوگوں نے کہا کہ اللہ تین میں کا تیسرا ہے، وہ یقیناً کافر ہیں؛ حالانکہ ایک خدا کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اور اگر یہ لوگ اپنی ایسی بات سے باز نہیں آئے تو اُن میں سے جو کفر پر قائم رہیں گے اُنہیں دردناک عذاب آ پکڑے گا۔
مسیح ابنِ مریم تو صرف ایک رسول تھے؛ اُن سے پہلے بھی بہت سے رسول گزر چکے ہیں، اور اُن کی ماں بہت ہی پاک باز خاتون تھیں؛ وہ دونوں کھانا کھایا کرتے تھے۔ غور کرو کہ ہم کس طرح اِن کے لیے دلیلیں کھول کر بیان کر رہے ہیں، پھر دیکھو کہ وہ کدھر اُلٹے چلے جا رہے ہیں!
آپ کہہ دیجیے: کیا تم اللہ کو چھوڑ کر ایسی چیزوں کی عبادت کرتے ہو جو نہ تمہارے لیے نقصان کا اختیار رکھتی ہیں اور نہ نفع کا؟ اور اللہ ہی خوب سننے والا اور جاننے والا ہے۔
آپ کہہ دیجیے: اے اہلِ کتاب! اپنے دین میں ناحق غلو نہ کرو، اور اُن لوگوں کی خواہشات کے پیچھے نہ چلو جو پہلے خود گمراہ ہو چکے ہیں اور بہتوں کو گمراہ کر چکے ہیں، اور وہ سیدھے راستے سے بھٹکے ہوئے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
بنی اسرائیل میں سے جن لوگوں نے کفر کیا اُن پر داؤد اور عیسیٰ ابنِ مریم کی زبان سے لعنت ہو چکی ہے؛ یہ اِس لیے کہ اُنہوں نے نافرمانی کی، اور وہ حد سے تجاوز کر جاتے تھے۔
آپ اُن میں سے بہتوں کو دیکھیں گے کہ وہ کافروں سے دوستی کرتے ہیں؛ اُنہوں نے اپنے جو اعمال آگے بھیج رکھے ہیں وہ بہت بُرے ہیں، (جن کی وجہ سے) اللہ اُن سے ناخوش ہوا، اور وہ لوگ ہمیشہ عذاب ہی میں رہیں گے۔
اور اگر وہ اللہ پر، نبی پر اور نبی پر اُترنے والی کتاب پر ایمان رکھتے تو اُن (کفر کرنے والوں) کو دوست نہ بناتے، لیکن اُن میں سے بہت سے لوگ نافرمان ہیں۔
(اے رسول!) آپ لوگوں میں مسلمانوں کا سب سے زیادہ دشمن یہودیوں اور مشرکین کو پائیں گے، اور آپ محبت کے اعتبار سے مومنوں سے زیادہ قریب اُن لوگوں کو پائیں گے جو کہتے ہیں کہ ہم نصاریٰ ہیں؛ یہ اِس لیے کہ اُن میں علما اور درویش ہیں، اور اِس لیے کہ وہ تکبر نہیں کرتے۔
اور جب وہ لوگ اُس کلام کو سنتے ہیں جو رسول پر اُتارا گیا ہے تو تم دیکھو گے کہ اُن کی آنکھوں سے آنسو اُمڈ آتے ہیں، اِس لیے کہ اُنہوں نے حق کو پہچان لیا ہے؛ وہ کہتے ہیں: اے ہمارے پروردگار! ہم ایمان لے آئے، اِس لیے آپ ہمیں ماننے والوں میں لکھ لیجیے۔
اور ہمیں کیا ہوا ہے کہ ہم اللہ پر اور اُس حق پر جو ہمارے پاس آ چکا ہے ایمان نہ لائیں، جبکہ ہم یہ امید رکھتے ہیں کہ ہمارا پروردگار ہمیں نیک لوگوں کے ساتھ (جنت میں) داخل کرے گا۔
اے ایمان والو! جو پاکیزہ چیزیں اللہ نے تمہارے لیے حلال کی ہیں اُنہیں حرام نہ کرو، اور حد سے تجاوز نہ کرو؛ یقیناً اللہ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
اللہ تمہاری بے ارادہ قسموں پر تمہاری گرفت نہیں فرمائے گا، لیکن جن قسموں کو تم نے پختہ ارادے کے ساتھ کھایا ہے اُن پر گرفت کرے گا؛ لہٰذا اُس کا کفارہ دس مسکینوں کو کھانا کھلانا ہے، اوسط درجے کا کھانا جو اپنے گھر والوں کو کھلاتے ہو، یا اُنہیں کپڑے پہنانا، یا ایک غلام آزاد کرنا؛ پھر جس کو یہ میسر نہ ہو تو تین دن کے روزے رکھ لے۔ جب تم قسم کھا بیٹھو تو یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے، اور اپنی قسموں کی حفاظت کیا کرو۔ اللہ تمہارے لیے اِسی طرح اپنے احکام بیان فرماتا ہے، تاکہ تم شکر ادا کرو۔
شیطان تو یہی چاہتا ہے کہ تمہارے درمیان شراب اور جوے کے ذریعے دشمنی اور نفرت پیدا کر دے، اور تم کو اللہ کے ذکر اور نماز سے باز رکھے؛ تو کیا تم (شراب اور جوے سے) باز آ جاؤ گے؟
اور اللہ کی فرماں برداری کرو، رسول کی فرماں برداری کرو، اور (گناہوں سے) بچتے رہو؛ پھر اگر تم نے اِس سے بے رخی برتی تو جان لو کہ ہمارے رسول پر تو صرف اچھی طرح پیغام پہنچا دینے کی ذمہ داری ہے۔
جو لوگ ایمان لائے اور اُنہوں نے نیک عمل کیے، اُنہوں نے (شراب کی حرمت سے) پہلے جو کچھ کھا پی لیا ہے اُس پر اُن پر کوئی گناہ نہیں، جبکہ اُنہوں نے (آئندہ کے لیے) گناہ کو چھوڑ دیا، ایمان لائے اور نیک عمل کیے، پھر گناہوں سے بچتے رہے اور ایمان لائے، پھر گناہوں سے پرہیز کرنے پر قائم رہے اور نیک عمل کیا؛ اور اللہ نیکی کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اے ایمان والو! اللہ تمہیں ضرور کچھ ایسے شکار کے ذریعے آزمائے گا جن تک تمہارے ہاتھ اور تمہارے نیزے (بہ آسانی) پہنچ جاتے ہیں، تاکہ اللہ (ظاہری طور پر بھی) جان لے کہ کون بغیر دیکھے ہوئے اللہ سے ڈرتا ہے؛ پھر جو اِس کے بعد زیادتی کرے گا اُس کے لیے دردناک عذاب ہے۔
اے ایمان والو! جب تم احرام کی حالت میں ہو تو شکار کو نہ مارو؛ اور تم میں سے جو جان بوجھ کر شکار کو مار ڈالے تو اُس پر مارے ہوئے جانور کے مثل بطورِ بدلے کے واجب ہے، جس کا فیصلہ تم میں سے دو معتبر آدمی کریں گے؛ یہ قربانی کعبہ تک پہنچائی جائے، یا کفارہ ہے، یعنی چند مسکینوں کو کھانا کھلایا جائے، یا اُس کے برابر روزے رکھے جائیں؛ تاکہ وہ اپنے کیے کی سزا چکھے۔ جو پہلے ہو چکا ہے اللہ نے اُسے معاف کر دیا، اور جو پھر ایسا کرے گا تو اللہ اُس سے بدلہ لے گا، اور اللہ زبردست ہے، بدلہ لینے والا ہے۔
تمہارے لیے اور دوسرے مسافروں کے فائدے کے لیے دریائی شکار اور اُس کا کھانا حلال کیا گیا ہے، اور جب تک تم احرام کی حالت میں ہو، خشکی کا شکار تم پر حرام کیا گیا ہے؛ اور اللہ سے ڈرتے رہو جس کی طرف تم سب جمع کیے جاؤ گے۔
اللہ نے عظمت والے گھر کعبہ کو لوگوں کے (قائم رہنے کا) ذریعہ بنایا ہے، اور بزرگی والے مہینے کو، کعبہ کو لے جائے جانے والے قربانی کے جانوروں کو، اور اُن جانوروں کو بھی جن کے گلے میں نشانی کے پٹے ڈالے ہوئے ہوں؛ یہ اِس لیے تاکہ تم جان لو کہ آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اللہ اُس سب کو جانتا ہے، اور بے شک اللہ ہر چیز سے واقف ہے۔
آپ کہہ دیجیے کہ گندی اور صاف ستھری چیز برابر نہیں ہو سکتی، اگرچہ آپ کو ناپاک چیز کی بہتات متاثر کرتی ہو؛ اِس لیے اے عقل والو! اللہ سے ڈرا کرو، تاکہ تمہارا بھلا ہو۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اے ایمان والو! ایسی چیزوں کے بارے میں سوال نہ کرو کہ اگر تم پر ظاہر کر دی جائیں تو تمہیں بُری لگیں؛ اور اگر اُن کے بارے میں ایسے وقت میں پوچھو گے جب قرآن مجید نازل کیا جا رہا ہے، تو وہ تم پر ظاہر کر دی جائیں گی۔ اللہ نے اُن سے درگزر کر دیا، اور اللہ بہت بخشنے والا اور بڑا بردبار ہے۔
اور جب اُن سے کہا جاتا ہے کہ اُس کتاب کی طرف آؤ جو اللہ نے نازل کی ہے اور رسول کی طرف آؤ، تو وہ کہتے ہیں کہ ہمارے لیے تو وہی کافی ہے جس پر ہم نے اپنے باپ دادا کو پایا ہے۔ کیا اگرچہ اُن کے باپ دادا کچھ نہ جانتے ہوں اور ہدایت سے بھی محروم ہوں؟
اے ایمان والو! تم پر تمہاری ذمہ داری ہے؛ اگر تم خود راہِ راست پر ہو تو جو گمراہ ہو گیا ہو، وہ تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ اللہ ہی کی طرف تم سب لوگوں کو لوٹ کر جانا ہے، پھر اللہ تم کو وہ سب بتا دے گا جو کچھ تم کیا کرتے تھے۔
اے ایمان والو! جب تم میں سے کسی کو موت آنے لگے تو وصیت کرتے وقت تمہارے درمیان گواہی (کا طریقہ) یہ ہے کہ تم میں سے دو معتبر شخص گواہ ہوں، یا تمہارے علاوہ (غیر مسلموں) میں سے دو شخص، اگر تم کہیں سفر میں گئے ہو پھر تم پر موت کی مصیبت آ جائے؛ اگر تم کو شک ہو تو اُن دونوں کو نماز کے بعد روک لو، وہ اللہ کی قسم کھائیں کہ ہم اِس قسم کے عوض کوئی مال حاصل کرنا نہیں چاہتے، اگرچہ وہ شخص ہمارا قرابت دار ہی کیوں نہ ہو، اور ہم اللہ کے واسطے کی گواہی کو نہیں چھپا رہے ہیں؛ اگر ہم ایسا کریں تو بے شک گنہگاروں میں سے ہوں گے۔
پھر اگر معلوم ہو جائے کہ اُن دونوں نے (جھوٹ بول کر) اپنے اوپر گناہ لے لیا ہے، تو جن لوگوں کا حق دبایا گیا ہے اُن میں سے دو اور شخص، جو میت کے قریبی رشتہ دار ہوں، اُن کی جگہ کھڑے ہوں اور اللہ کی قسم کھائیں کہ ہماری گواہی اُن کی گواہی سے زیادہ سچی ہے اور ہم نے کوئی زیادتی نہیں کی ہے، ورنہ ہم یقیناً ظالموں میں سے ہوں گے۔
اِس طریقے سے زیادہ امید ہے کہ وہ لوگ واقعے کے مطابق گواہی دیں گے، یا اِس بات سے ڈریں گے کہ کہیں اُن کی قسموں کے بعد (ورثاء کی) قسمیں لے کر اُن کی قسمیں رد نہ کر دی جائیں؛ اور اللہ سے ڈرتے رہو اور (اُس کے احکام قبولیت کے جذبے سے) سنو، اور اللہ نافرمان لوگوں کو سیدھا راستہ نہیں دکھاتا۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
(اُس دن کو یاد کرو) جس دن اللہ پیغمبروں کو جمع کرے گا، پھر فرمائے گا: تم کو (اپنی قوم کی طرف سے) کیا جواب ملا تھا؟ وہ عرض کریں گے: ہمیں کچھ معلوم نہیں، بے شک آپ ہی چھپی ہوئی باتوں کو بھی جاننے والے ہیں۔
جب اللہ فرمائے گا: اے مریم کے بیٹے عیسیٰ! تم اپنے اوپر اور اپنی والدہ کے اوپر میرے احسان کو یاد کرو، جب میں نے روح القدس سے تمہاری مدد کی، تم لوگوں سے گود میں بھی اور بڑی عمر میں بھی گفتگو کرتے تھے؛ اور جب میں نے تم کو لکھنے کی، دانائی کی باتوں کی اور تورات و انجیل کی تعلیم دی؛ اور جب تم مٹی سے پرندے کی شکل کی مورت میرے حکم سے بناتے تھے، پھر اُس میں پھونک دیتے تھے تو وہ میرے حکم سے (زندہ) پرندہ ہو جاتا تھا؛ اور تم پیدائشی اندھے اور کوڑھی کو میرے حکم سے اچھا کر دیتے تھے؛ اور جب تم میرے حکم سے مُردوں کو (قبر سے) نکال کر کھڑا کر دیتے تھے؛ اور جب میں نے بنی اسرائیل کو تم سے روک دیا، جب تم اُن کے پاس کھلی ہوئی نشانیاں لے کر آئے تھے، پھر اُن میں سے جو کافر تھے، کہنے لگے: یہ تو محض کھلا جادو ہے۔
اور جب میں نے حواریوں کے دل میں ڈال دیا کہ مجھ پر اور میرے رسول پر ایمان لے آؤ، تو وہ بول اُٹھے: ہم ایمان لائے، اور آپ گواہ رہیے کہ ہم فرماں برداری کریں گے۔
جب حواریوں نے کہا: اے مریم کے بیٹے عیسیٰ! کیا آپ کا پروردگار ایسا کر سکتا ہے کہ ہم پر آسمان سے بھرا ہوا خوان اُتار دے؟ عیسیٰ نے کہا: اگر تم صاحبِ ایمان ہو تو اللہ سے ڈرو۔
حواریوں نے کہا: ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ اُس میں سے کھائیں، ہمارے دلوں کو اطمینان حاصل ہو، اور ہم جان لیں کہ آپ نے ہم سے سچ کہا ہے، نیز ہم اُس پر گواہ بن جائیں۔
مریم کے بیٹے عیسیٰ نے کہا: اے اللہ! اے ہمارے پروردگار! ہم پر آسمان سے ایک بھرا ہوا خوان اُتار دیجیے، جو ہمارے اگلوں اور پچھلوں کے لیے عید کا دن قرار پائے اور آپ کی طرف سے ایک نشانی ہو جائے؛ اور ہمیں روزی عطا فرمائیے، آپ ہی سب سے بہتر روزی دینے والے ہیں۔
اللہ نے فرمایا: بے شک میں تم پر خوان اُتار دوں گا؛ پھر تم میں سے جو شخص اُس کے بعد بھی کفر کرے گا، تو اُس کو میں ایسا عذاب دوں گا کہ دنیا میں کسی کو بھی ایسا عذاب نہ دوں گا۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور جب اللہ فرمائے گا: اے مریم کے بیٹے عیسیٰ! کیا تم نے لوگوں سے کہا تھا کہ اللہ کے علاوہ مجھ کو اور میری ماں کو خدا تسلیم کرو؟ تو عیسیٰ جواب دیں گے: آپ کی ذات پاک ہے، مجھ سے یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ میں ایسی بات کہوں جس کے کہنے کا مجھے کوئی حق نہیں؟ اگر میں نے ایسا کہا ہوتا تو آپ کو معلوم ہوتا؛ آپ تو اُس بات کو بھی جانتے ہیں جو میرے دل میں ہے، اور جو آپ کے دل میں ہے اُسے میں نہیں جانتا؛ بے شک چھپی ہوئی باتوں کو بھی آپ ہی خوب جانتے ہیں۔
میں نے اُن کو اُس کے سوا کچھ نہیں کہا جس کا آپ نے مجھے حکم دیا تھا، کہ اللہ کی عبادت کرو جو میرا بھی پروردگار ہے اور تمہارا بھی؛ اور جب تک میں اُن کے درمیان رہا، اُن کی نگرانی کرتا رہا؛ پھر جب آپ نے مجھے اُٹھا لیا تو پھر آپ ہی اُن کے نگران رہے، اور آپ ہر چیز سے باخبر ہیں۔
اللہ فرمائے گا: یہ وہ دن ہے جس میں سچوں کو اُن کا سچ کام آئے گا؛ اُن کے لیے ایسے باغات ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، وہ ہمیشہ اُسی میں رہیں گے؛ اللہ اُن سے خوش ہے اور وہ اللہ سے، یہی بڑی کامیابی ہے۔