یہ قرآن مجید کی پینتالیسویں سورت ہے؛ اِس میں سینتیس آیتیں اور چار رکوع ہیں، اور یہ مکی سورت ہے۔ «جَاثِيَة» کے معنی ہیں: گھٹنوں کے بل بیٹھنے والی؛ اِس سورت کی آیت ۲۸ میں آیا ہے کہ قیامت کے دن ہر امت خوف اور گھبراہٹ کی وجہ سے گھٹنوں کے بل گری ہوئی ہوگی اور اُسے اُس کے نامۂ اعمال کی طرف بلایا جائے گا؛ اِسی مناسبت سے سورت کا نام «الجاثیہ» ہے۔ یہ «حٰم» سے شروع ہونے والی سات سورتوں میں چھٹی ہے، اور اِس کی ابتدا بھی قرآن کی عظمت کے بیان سے ہوتی ہے۔
رات اور دن کی تبدیلی میں، اِس رزق میں جو اللہ نے آسمان سے اُتارا ہے، پھر اُس سے زمین کو اُس کے مُردہ ہونے کے بعد زندہ کیا، اور ہواؤں کے رد و بدل میں بھی اُن لوگوں کے لیے بہت ساری نشانیاں ہیں جو سمجھتے ہیں۔
جو اللہ کی اُن آیتوں کو سنتا ہے جو اُس پر پڑھی جاتی ہیں، پھر بھی تکبر کرتا ہوا (ایمان نہ لانے پر) اِس طرح اڑا رہتا ہے کہ گویا اُس نے سنا ہی نہیں؛ تو آپ اُس کو دردناک عذاب کی خبر سنا دیجیے۔
اُن کے آگے دوزخ ہے؛ اُنہوں نے جو کچھ کمایا تھا نہ وہ اُن کے کچھ کام آئے گا اور نہ وہ کام آئیں گے جن کو اُن لوگوں نے اللہ کے سوا کارساز بنا رکھا ہے؛ اور اُن کے لیے سخت عذاب ہے۔
اللہ ہی ہے جس نے سمندر کو تمہارے قابو میں کر دیا، تاکہ اُس کے حکم سے اُس میں جہاز چلیں، اور تاکہ تم اُس کا فضل (روزی) تلاش کرو، اور تاکہ تم شکر ادا کرو۔
آپ مسلمانوں سے فرما دیجیے کہ وہ اُن لوگوں سے درگزر کریں جو اللہ کے دنوں (یعنی ثواب و عذاب کے مقرر دنوں) کا یقین نہیں رکھتے، تاکہ اللہ اُن لوگوں کو اُن کے کرتوتوں کی سزا دے۔
اور ہم نے بنی اسرائیل کو کتاب، حکومت اور نبوت سے نوازا تھا، اور ہم نے اُن کو کھانے کے لیے پاکیزہ چیزیں بھی عطا کی تھیں، اور اُن کو دنیا جہان کے لوگوں پر فضیلت دی تھی۔
اور ہم نے اُن کو دین کے واضح احکام دیے تھے؛ تو علم کے آ جانے کے باوجود محض آپس کی ضد کی وجہ سے اُنہوں نے اختلاف کیا؛ یقیناً آپ کے پروردگار قیامت کے دن اُن کے درمیان اُن باتوں کا فیصلہ کر دے گا جن میں یہ باہم اختلاف کیا کرتے تھے۔
جن لوگوں نے بُرے کام کیے ہیں، کیا وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اُن کو اُن لوگوں کے برابر کر دیں گے جو ایمان لائے اور اچھے عمل کیے، کہ اُن کا جینا اور مرنا یکساں ہو جائے؟ یہ بہت بُرا فیصلہ ہے جو یہ کر رہے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کو جیسے ہونے چاہئیں، ویسے ہی بنایا ہے؛ تاکہ ہر شخص کو اُس کے عمل کا بدلہ دیا جائے، اور اُن پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔
کیا آپ نے اُس شخص کو دیکھا جس نے اپنی خواہشِ نفس کو اپنا خدا بنا رکھا ہے؟ اور علم کے باوجود اللہ نے اُس کو گمراہی میں ڈال دیا ہے، اُس کے کانوں اور دل پر مہر لگا دی ہے، اور اُس کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیا ہے؛ تو اللہ کے (گمراہی میں ڈال دینے کے) بعد اُس کو کون راہ پر لا سکتا ہے؟ کیا تم لوگ سبق حاصل نہیں کرتے؟
اور یہ کہتے ہیں: ہماری زندگی تو بس یہی دنیا کی زندگی ہے؛ ہم مرتے ہیں اور جیتے ہیں، اور ہم کو زمانہ ہی مارتا ہے؛ حالانکہ اُن کو اِس بات کا ذرا بھی علم نہیں، یہ لوگ صرف گمان سے کام لے رہے ہیں۔
اور (اُس دن) آپ ہر گروہ کو دیکھیں گے کہ (مارے خوف کے) گھٹنوں کے بل گرا ہوا ہوگا؛ ہر گروہ اپنے نامۂ اعمال کی طرف بلایا جائے گا؛ (اور کہا جائے گا:) آج تم کو تمہارے کیے کا بدلہ دیا جائے گا۔
اور جب کہا جاتا تھا کہ اللہ کا وعدہ سچا ہے اور قیامت (کے آنے) میں کوئی شبہ نہیں، تو تم کہتے تھے: ہم نہیں جانتے کہ قیامت کیا چیز ہے؟ ہم کو تو بس ایک (معمولی) گمان سا ہوتا ہے، اور ہم کو (اُس کا) یقین نہیں ہے۔
اور (اُن سے) کہا جائے گا: جس طرح تم نے اپنے اِس دن کی ملاقات کو بھلا رکھا تھا، آج ہم بھی تم کو بھلا دیں گے؛ اور تمہارا ٹھکانا دوزخ ہے، اور تمہارا کوئی مددگار نہیں۔
یہ اِس لیے کہ تم نے اللہ کی آیتوں کا مذاق بنایا اور دنیوی زندگی نے تم کو دھوکے میں ڈالے رکھا؛ لہٰذا آج نہ یہ لوگ دوزخ سے نکالے جائیں گے اور نہ اُن کو اللہ کو منانے کا موقع دیا جائے گا۔