یہ قرآن مجید کی تیسری سورت ہے اور پوری سورت مدنی ہے؛ اِس میں بالاتفاق دو سو آیتیں ہیں۔ اِس کا شروع کا حصہ، تراسی آیتوں تک، نجران کے عیسائیوں کے وفد کے بارے میں نازل ہوا، جو ۹ ہجری میں مدینہ آیا تھا۔ اِس سورت میں حضرت مریم اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کی ولادت کا واقعہ تفصیل سے آیا ہے؛ حضرت مریم، عمران کی بیٹی تھیں، اسی مناسبت سے اِس کا نام «آل عمران» رکھا گیا۔
اِس سے پہلے لوگوں کی ہدایت کے لیے، اور اُس نے حق اور باطل میں فرق کرنے والی چیز اُتاری۔ بے شک جن لوگوں نے اللہ کی آیتوں کا انکار کیا اُن کے لیے سخت عذاب ہے، اور اللہ زبردست ہے، انتقام لینے والا ہے۔
وہی ہے جس نے آپ پر یہ کتاب نازل کی، جس میں کچھ آیتیں محکم (بالکل واضح) ہیں، وہی کتاب کی اصل بنیاد ہیں، اور کچھ دوسری متشابہ ہیں (جن کے کئی معنی کا احتمال ہے)؛ تو جن لوگوں کے دلوں میں کجی ہے وہ فتنہ پھیلانے اور (من چاہا) مطلب نکالنے کے ارادے سے متشابہ آیتوں کے پیچھے پڑے رہتے ہیں، حالانکہ اُن کی حقیقت اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا؛ اور جو لوگ علم میں پختہ ہیں وہ کہتے ہیں: ہم اِس پر ایمان لائے، سب ہمارے پروردگار ہی کی طرف سے ہے؛ اور نصیحت تو عقل والے ہی حاصل کرتے ہیں۔
اے ہمارے پروردگار! آپ نے ہمیں ہدایت سے سرفراز فرمایا ہے، اِس کے بعد ہمارے دلوں کو ٹیڑھا نہ ہونے دیجیے، اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا فرمائیے؛ بے شک آپ بڑے دینے والے ہیں۔
(اُن کا حال) فرعون والوں اور اُن سے پہلے کے لوگوں جیسا ہے؛ اُنہوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا تو اللہ نے اُن کے گناہوں کی وجہ سے اُن کو پکڑ لیا، اور اللہ سخت سزا دینے والا ہے۔
تمہارے لیے اُن دو گروہوں (کے واقعے) میں بڑی نشانی ہے جو (بدر میں) آپس میں ٹکرائے؛ ایک گروہ اللہ کے راستے میں لڑ رہا تھا اور دوسرا کافروں کا تھا، جو کھلی آنکھوں سے اُن (مسلمانوں) کو اپنے سے دو گنا دیکھ رہے تھے؛ اور اللہ جسے چاہتا ہے اپنی مدد سے قوت دیتا ہے، بے شک اِس میں آنکھوں والوں کے لیے بڑی عبرت ہے۔
لوگوں کے لیے مرغوب چیزوں کی محبت خوش نما بنا دی گئی ہے، یعنی عورتیں، بیٹے، سونے اور چاندی کے جمع کیے ہوئے ڈھیر، نشان لگے ہوئے گھوڑے، مویشی اور کھیتی؛ یہ سب دنیا کی زندگی کا سامان ہے، اور اچھا ٹھکانا تو اللہ ہی کے پاس ہے۔
آپ کہیے: کیا میں تمہیں اِس سے بہتر چیز بتاؤں؟ جو لوگ اللہ سے ڈرتے ہیں اُن کے لیے اُن کے پروردگار کے پاس ایسے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، وہ ہمیشہ اُن میں رہیں گے، اور پاکیزہ بیویاں ہیں، اور اللہ کی طرف سے خوش نودی ہے؛ اور اللہ بندوں کو خوب دیکھنے والا ہے۔
(یہ لوگ) صبر کرنے والے، سچ بولنے والے، فرماں برداری کرنے والے، (اللہ کی راہ میں) خرچ کرنے والے، اور رات کے آخری حصے میں گناہوں کی معافی مانگنے والے ہیں۔
اللہ نے گواہی دی ہے کہ اُس کے سوا کوئی معبود نہیں، اور فرشتوں نے اور علم والوں نے بھی (یہی گواہی دی ہے)، وہ انصاف کے ساتھ (کائنات کا) انتظام کرنے والا ہے؛ اُس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ غالب ہے، حکمت والا ہے۔
بے شک اللہ کے نزدیک (مقبول) دین تو «اسلام» ہی ہے؛ اور اہلِ کتاب نے علم آ جانے کے بعد محض آپس کی ضد کی وجہ سے اختلاف کیا ہے؛ اور جو اللہ کی آیتوں کا انکار کرے تو اللہ جلد حساب لینے والا ہے۔
پھر اگر وہ آپ سے جھگڑا کریں تو کہہ دیجیے: میں نے بھی اور میری پیروی کرنے والوں نے بھی اپنا رخ اللہ کی طرف کر لیا ہے؛ اور اہلِ کتاب سے اور (عرب کے) اَن پڑھ لوگوں سے پوچھیے: کیا تم اسلام لاتے ہو؟ اگر وہ اسلام لے آئیں تو ہدایت پا گئے، اور اگر منہ پھیریں تو آپ کے ذمہ صرف پہنچا دینا ہے؛ اور اللہ بندوں کو خوب دیکھ رہا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
بے شک جو لوگ اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے ہیں، اور نبیوں کو ناحق قتل کرتے ہیں، اور اُن لوگوں کو قتل کرتے ہیں جو انصاف کا حکم دیتے ہیں، تو اُنہیں دردناک عذاب کی «خوش خبری» سنا دیجیے۔
کیا آپ نے اُن لوگوں کو نہیں دیکھا جنہیں (آسمانی) کتاب کا ایک حصہ دیا گیا؟ اُنہیں اللہ کی کتاب کی طرف بلایا جاتا ہے تاکہ وہ اُن کے درمیان فیصلہ کرے، پھر بھی اُن میں سے ایک گروہ بے رخی کرتے ہوئے منہ پھیر لیتا ہے۔
یہ اِس لیے ہے کہ وہ کہتے ہیں: ہمیں آگ گنتی کے چند دنوں کے سوا ہرگز نہیں چھوئے گی؛ اور اُن کی گھڑی ہوئی باتوں نے اُن کو اُن کے دین کے بارے میں دھوکے میں ڈال رکھا ہے۔
پھر اُس وقت اُن کا کیا حال ہوگا جب ہم اُنہیں اُس دن جمع کریں گے جس (کے آنے) میں کوئی شک نہیں، اور ہر شخص کو اُس کے کیے کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا، اور اُن پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔
آپ کہیے: اے اللہ! پوری سلطنت کے مالک! آپ جسے چاہتے ہیں حکومت دیتے ہیں اور جس سے چاہتے ہیں حکومت چھین لیتے ہیں، اور جسے چاہتے ہیں عزت دیتے ہیں اور جسے چاہتے ہیں ذلیل کر دیتے ہیں؛ ساری بھلائی آپ ہی کے ہاتھ میں ہے، بے شک آپ ہر چیز پر قادر ہیں۔
آپ رات کو دن میں داخل کرتے ہیں اور دن کو رات میں داخل کرتے ہیں، اور بے جان سے جاندار کو نکالتے ہیں اور جاندار سے بے جان کو، اور جسے چاہتے ہیں بے حساب روزی دیتے ہیں۔
ایمان والے مسلمانوں کو چھوڑ کر کافروں کو دوست نہ بنائیں، اور جو ایسا کرے گا اُس کا اللہ سے کوئی تعلق نہیں، مگر یہ کہ تم اُن (کے شر) سے بچنا چاہو؛ اور اللہ تمہیں اپنی ذات سے ڈراتا ہے، اور اللہ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔
آپ کہہ دیجیے: جو کچھ تمہارے دلوں میں ہے، تم اُسے چھپاؤ یا ظاہر کرو، اللہ اُسے جانتا ہے؛ اور آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے وہ سب جانتا ہے، اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔
(اُس دن کو یاد کرو) جس دن ہر شخص نے جو بھلائی کی ہے اُسے اپنے سامنے موجود پائے گا، اور جو برائی کی ہے (اُسے بھی)؛ وہ تمنا کرے گا کہ کاش اُس کے اور اُس (برائی) کے درمیان بہت دور کا فاصلہ ہوتا؛ اور اللہ تمہیں اپنی ذات سے ڈراتا ہے، اور اللہ بندوں پر بہت مہربان ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
آپ کہہ دیجیے: اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہ معاف کر دے گا، اور اللہ بڑا بخشنے والا، نہایت مہربان ہے۔
(یاد کرو) جب عمران کی بیوی نے کہا: اے میرے پروردگار! میں نے آپ کے لیے نذر مانی ہے کہ جو (بچہ) میرے پیٹ میں ہے وہ (دنیا کے کاموں سے) آزاد ہو کر آپ (کے گھر) کی خدمت کے لیے وقف ہوگا؛ تو آپ میری طرف سے (اِسے) قبول فرما لیجیے، بے شک آپ خوب سننے والے، خوب جاننے والے ہیں۔
پھر جب اُس نے اُسے جنا تو کہنے لگی: اے میرے پروردگار! میں نے تو لڑکی جنی ہے؛ اور اللہ کو خوب معلوم تھا کہ اُس نے کیا جنا ہے، اور لڑکا لڑکی جیسا نہیں ہوتا؛ اور میں نے اِس کا نام مریم رکھا ہے، اور میں اِس کو اور اِس کی اولاد کو شیطان مردود سے آپ کی پناہ میں دیتی ہوں۔
چنانچہ اُس کے پروردگار نے اُسے بہترین طریقے پر قبول کیا، اور اُس کی اچھی نشو و نما کی، اور زکریا کو اُس کا کفیل بنا دیا؛ جب بھی زکریا اُس کے پاس عبادت گاہ میں جاتے تو اُس کے پاس کھانے کی کوئی چیز پاتے؛ کہتے: اے مریم! یہ تمہارے پاس کہاں سے آیا؟ وہ کہتیں: یہ اللہ کی طرف سے ہے؛ بے شک اللہ جسے چاہتا ہے بے حساب روزی دیتا ہے۔
چنانچہ (ایک دن) جب وہ عبادت گاہ میں کھڑے نماز پڑھ رہے تھے تو فرشتوں نے اُنہیں آواز دی کہ اللہ آپ کو یحییٰ (کی پیدائش) کی خوش خبری دیتا ہے، جو اللہ کے ایک کلمے کی تصدیق کرنے والے ہوں گے، سردار ہوں گے، اپنے نفس پر بہت ضبط رکھنے والے ہوں گے، اور نبی ہوں گے، نیک لوگوں میں سے۔
زکریا نے کہا: اے میرے پروردگار! میرے لیے کوئی نشانی مقرر فرما دیجیے؛ فرمایا: تمہاری نشانی یہ ہے کہ تم تین دن تک اشارے کے سوا لوگوں سے بات نہیں کر سکو گے؛ اور اپنے پروردگار کو خوب یاد کرنا اور صبح و شام (اُس کی) تسبیح کرتے رہنا۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
(اے نبی!) یہ غیب کی خبریں ہیں جو ہم وحی کے ذریعے آپ کو بتا رہے ہیں؛ اور آپ اُس وقت اُن کے پاس موجود نہیں تھے جب وہ (قرعہ نکالنے کے لیے) اپنے قلم ڈال رہے تھے کہ اُن میں سے کون مریم کی کفالت کرے، اور نہ اُس وقت اُن کے پاس تھے جب وہ جھگڑ رہے تھے۔
(وہ وقت یاد کرو) جب فرشتوں نے کہا: اے مریم! اللہ تمہیں اپنے ایک کلمے کی خوش خبری دیتا ہے جس کا نام مسیح عیسیٰ ابن مریم ہوگا، وہ دنیا اور آخرت میں عزت والا ہوگا اور اللہ کے مقرب بندوں میں سے ہوگا۔
مریم نے کہا: اے میرے پروردگار! میرے ہاں بچہ کیسے ہوگا، حالانکہ مجھے کسی انسان نے چھوا تک نہیں؟ فرمایا: اسی طرح اللہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے؛ جب وہ کسی بات کا فیصلہ کر لیتا ہے تو اُس سے صرف اتنا کہتا ہے کہ «ہو جا» تو وہ ہو جاتی ہے۔
اور اُسے بنی اسرائیل کی طرف رسول بنا کر بھیجے گا، (وہ کہے گا:) میں تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے نشانی لے کر آیا ہوں، کہ میں تمہارے لیے مٹی سے پرندے جیسی صورت بناتا ہوں، پھر اُس میں پھونک مارتا ہوں تو وہ اللہ کے حکم سے پرندہ بن جاتا ہے، اور میں اللہ کے حکم سے پیدائشی اندھے اور کوڑھی کو اچھا کر دیتا ہوں اور مُردوں کو زندہ کر دیتا ہوں، اور جو کچھ تم کھاتے ہو اور جو اپنے گھروں میں ذخیرہ کرتے ہو وہ تمہیں بتا دیتا ہوں؛ بے شک اِس میں تمہارے لیے نشانی ہے اگر تم ایمان والے ہو۔
اور میں اپنے سے پہلے آئی ہوئی تورات کی تصدیق کرنے والا ہوں، اور (اِس لیے آیا ہوں) کہ بعض وہ چیزیں تمہارے لیے حلال کر دوں جو تم پر حرام کی گئی تھیں، اور میں تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے نشانی لے کر آیا ہوں؛ لہٰذا اللہ سے ڈرو اور میرا کہا مانو۔
پھر جب عیسیٰ نے اُن (بنی اسرائیل) کی طرف سے کفر محسوس کیا تو کہا: کون ہیں جو اللہ کی طرف (بلانے میں) میرے مددگار ہوں؟ حواریوں نے کہا: ہم اللہ (کے دین) کے مددگار ہیں، ہم اللہ پر ایمان لائے، اور آپ گواہ رہیے کہ ہم فرماں بردار ہیں۔
(وہ وقت قابلِ ذکر ہے) جب اللہ نے فرمایا: اے عیسیٰ! میں تمہیں پورا پورا لے لینے والا ہوں، اور تمہیں اپنی طرف اُٹھانے والا ہوں، اور کافروں (کی تہمتوں) سے تمہیں پاک کرنے والا ہوں، اور جن لوگوں نے تمہاری پیروی کی ہے اُنہیں قیامت تک تمہارا انکار کرنے والوں پر غالب رکھنے والا ہوں؛ پھر تم سب کو میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے، تو میں تمہارے درمیان اُن باتوں کا فیصلہ کروں گا جن میں تم اختلاف کرتے تھے۔
پھر آپ کے پاس (اِس بارے میں) صحیح علم آ جانے کے بعد بھی جو آپ سے حجت کرے تو کہہ دیجیے: آؤ، ہم اپنے بیٹوں کو بلائیں اور تمہارے بیٹوں کو، اپنی عورتوں کو اور تمہاری عورتوں کو، اور اپنے آپ کو اور تمہیں، پھر ہم سب مل کر عاجزی سے دعا کریں اور جھوٹوں پر اللہ کی لعنت بھیجیں۔
آپ کہہ دیجیے: اے اہلِ کتاب! ایک ایسی بات کی طرف آ جاؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان برابر (مسلّم) ہے، کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں، اور اُس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہرائیں، اور ہم میں سے کوئی اللہ کو چھوڑ کر ایک دوسرے کو رب نہ بنائے؛ پھر اگر وہ منہ موڑیں تو کہہ دو: گواہ رہو کہ ہم مسلمان (فرماں بردار) ہیں۔
اے اہلِ کتاب! تم ابراہیم کے بارے میں کیوں جھگڑتے ہو (کہ وہ یہودی تھے یا عیسائی)؟ حالانکہ تورات اور انجیل تو اُن کے بعد ہی نازل ہوئی ہیں؛ کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے؟
دیکھو! تم وہ لوگ ہو جنہوں نے اُن باتوں میں جھگڑا کیا جن کا تمہیں (کچھ) علم تھا، تو اب اُن باتوں میں کیوں جھگڑتے ہو جن کا تمہیں کچھ بھی علم نہیں؟ اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔
اور اہلِ کتاب کے ایک گروہ نے (آپس میں) کہا: مسلمانوں پر جو کتاب اُتاری گئی ہے اُس پر صبح کو ایمان لاؤ اور شام کو انکار کر دو، شاید (اِس طرح) وہ بھی (اپنے دین سے) پھر جائیں۔
اور اپنے دین کی پیروی کرنے والے کے سوا کسی کی بات نہ مانو؛ آپ کہہ دیجیے: ہدایت تو وہی ہے جو اللہ کی ہدایت ہے؛ (یہ سب تم اِس جلن میں کرتے ہو) کہ کسی کو ویسی ہی چیز (کتاب) کیوں دی گئی جیسی تمہیں دی گئی تھی، یا وہ تمہارے رب کے پاس تم پر حجت قائم کریں گے؟ آپ کہہ دیجیے: فضل تو اللہ کے ہاتھ میں ہے، جسے چاہتا ہے دیتا ہے، اور اللہ بڑی وسعت والا، سب کچھ جاننے والا ہے۔
اور اہلِ کتاب میں بعض ایسے ہیں کہ اگر تم اُن کے پاس مال کا ایک ڈھیر بھی امانت رکھ دو تو وہ تمہیں واپس کر دیں گے، اور بعض ایسے ہیں کہ اگر ایک دینار بھی امانت رکھو تو جب تک اُن کے سر پر کھڑے نہ رہو تمہیں واپس نہیں کریں گے؛ یہ اِس لیے کہ وہ کہتے ہیں: اَن پڑھوں (عربوں) کے معاملے میں ہم پر کوئی گناہ نہیں؛ اور وہ جانتے بوجھتے اللہ پر جھوٹ گھڑتے ہیں۔
بے شک جو لوگ اللہ سے کیے ہوئے عہد اور اپنی قسموں کو تھوڑی سی قیمت پر بیچ ڈالتے ہیں، آخرت میں اُن کا کوئی حصہ نہیں، اور اللہ قیامت کے دن نہ اُن سے بات کرے گا، نہ اُن کی طرف (رحمت کی نظر سے) دیکھے گا، اور نہ اُنہیں پاک کرے گا، اور اُن کے لیے دردناک عذاب ہے۔
اور اُن میں ایک گروہ ایسا ہے جو کتاب (پڑھتے وقت) اپنی زبانوں کو مروڑتا ہے تاکہ تم (اُن کی ملائی ہوئی بات کو) کتاب کا حصہ سمجھو، حالانکہ وہ کتاب کا حصہ نہیں؛ اور وہ کہتے ہیں: یہ اللہ کی طرف سے ہے، حالانکہ وہ اللہ کی طرف سے نہیں؛ اور وہ جانتے بوجھتے اللہ پر جھوٹ گھڑتے ہیں۔
کسی انسان کے لیے یہ ممکن نہیں کہ اللہ اُسے کتاب، دانائی اور نبوت عطا کرے، پھر وہ لوگوں سے کہے کہ اللہ کے بجائے میرے بندے بن جاؤ؛ بلکہ (وہ تو یہی کہے گا کہ) اللہ والے بن جاؤ، کیونکہ تم کتاب کی تعلیم دیتے ہو اور خود بھی اُسے پڑھتے ہو۔
اور (یاد کرو) جب اللہ نے نبیوں سے عہد لیا کہ جب میں تمہیں کتاب اور حکمت دوں، پھر تمہارے پاس کوئی رسول آئے جو اُس (کتاب) کی تصدیق کرنے والا ہو جو تمہارے پاس ہے، تو تم ضرور اُس پر ایمان لانا اور ضرور اُس کی مدد کرنا؛ (اللہ نے) فرمایا: کیا تم نے اقرار کیا اور اِس پر میرا بھاری عہد قبول کیا؟ اُنہوں نے کہا: ہم نے اقرار کیا؛ فرمایا: تو گواہ رہو، اور میں بھی تمہارے ساتھ گواہوں میں سے ہوں۔
تو کیا یہ لوگ اللہ کے دین کے سوا کوئی اور (دین) چاہتے ہیں؟ حالانکہ آسمانوں اور زمین میں جو کوئی ہے سب نے خوشی سے یا مجبوری سے اُسی کے آگے سر جھکا رکھا ہے، اور سب اُسی کی طرف لوٹائے جائیں گے۔
آپ کہہ دیجیے: ہم ایمان لائے اللہ پر، اور اُس پر جو ہم پر اُتارا گیا، اور جو ابراہیم، اسماعیل، اسحاق، یعقوب اور (اُن کی) اولاد پر اُتارا گیا، اور جو موسیٰ، عیسیٰ اور (دوسرے) نبیوں کو اُن کے رب کی طرف سے دیا گیا؛ ہم اُن میں سے کسی میں فرق نہیں کرتے، اور ہم اُسی کے فرماں بردار ہیں۔
اللہ ایسے لوگوں کو کیسے ہدایت دے جو ایمان لانے کے بعد کافر ہو گئے، حالانکہ وہ گواہی دے چکے تھے کہ یہ رسول سچا ہے، اور اُن کے پاس روشن دلیلیں بھی آ چکی تھیں؟ اور اللہ ظالم لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
بے شک جو لوگ کافر ہوئے اور کفر ہی کی حالت میں مر گئے، اُن میں سے کسی سے زمین بھر سونا بھی ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، چاہے وہ اُسے فدیے میں دے دے؛ اُن کے لیے دردناک عذاب ہے، اور اُن کا کوئی مددگار نہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
تم نیکی کے (اعلیٰ) مقام کو ہرگز نہیں پہنچ سکتے جب تک اپنی پسندیدہ چیزوں میں سے (اللہ کی راہ میں) خرچ نہ کرو؛ اور تم جو کچھ بھی خرچ کرو، اللہ اُسے خوب جانتا ہے۔
کھانے کی سب چیزیں بنی اسرائیل کے لیے حلال تھیں، سوائے اُس کے جو اسرائیل (یعقوب) نے تورات اُترنے سے پہلے اپنے اوپر حرام کر لی تھی؛ آپ کہہ دیجیے: اگر تم سچے ہو تو تورات لاؤ اور اُسے پڑھ کر سناؤ۔
اُس میں کھلی نشانیاں ہیں، (جن میں سے ایک) مقامِ ابراہیم ہے؛ اور جو اُس میں داخل ہو جائے وہ امن والا ہو جاتا ہے؛ اور لوگوں پر اللہ کا حق ہے کہ اُس گھر کا حج کریں، (یعنی) جو وہاں تک پہنچنے کی طاقت رکھتا ہو؛ اور جو انکار کرے تو اللہ تمام جہانوں سے بے نیاز ہے۔
آپ کہہ دیجیے: اے اہلِ کتاب! جو ایمان لا چکا ہے اُسے تم اللہ کے راستے سے کیوں روکتے ہو، اُس (راستے) میں ٹیڑھ تلاش کرتے ہو، حالانکہ تم خود (حقیقت کے) گواہ ہو؟ اور اللہ تمہارے کاموں سے بے خبر نہیں ہے۔
اور تم کیسے کفر کر سکتے ہو، حالانکہ تمہیں اللہ کی آیتیں پڑھ کر سنائی جا رہی ہیں، اور تمہارے درمیان اُس کے رسول موجود ہیں؟ اور جو اللہ (کے دین) کو مضبوطی سے تھام لے، اُسے یقیناً سیدھے راستے کی ہدایت مل گئی۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں پھوٹ نہ ڈالو؛ اور اپنے اوپر اللہ کی اُس نعمت کو یاد کرو کہ جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے تو اُس نے تمہارے دلوں میں الفت ڈال دی، پھر تم اُس کی نعمت سے بھائی بھائی بن گئے؛ اور تم آگ کے گڑھے کے کنارے پر تھے تو اُس نے تمہیں اُس سے بچا لیا؛ اِسی طرح اللہ تمہارے لیے اپنی آیتیں کھول کھول کر بیان کرتا ہے تاکہ تم ہدایت پاؤ۔
(یہ عذاب) اُس دن (ہوگا) جب کچھ چہرے روشن ہوں گے اور کچھ چہرے سیاہ؛ تو جن کے چہرے سیاہ ہوں گے (اُن سے کہا جائے گا): کیا تم ایمان لانے کے بعد کافر ہو گئے تھے؟ تو اب اپنے کفر کی وجہ سے عذاب کا مزہ چکھو۔
تم بہترین امت ہو جو لوگوں (کی بھلائی) کے لیے نکالی گئی ہے؛ تم نیکی کا حکم دیتے ہو، برائی سے روکتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو؛ اور اگر اہلِ کتاب بھی ایمان لے آتے تو یہ اُن کے حق میں بہتر ہوتا؛ اُن میں سے کچھ ایمان والے ہیں، اور اُن میں سے اکثر نافرمان ہیں۔
وہ جہاں بھی پائے جائیں اُن پر ذلت مسلط کر دی گئی ہے، سوائے اِس کے کہ اللہ کی طرف سے کوئی سہارا ہو یا لوگوں کی طرف سے کوئی سہارا؛ اور وہ اللہ کا غضب لے کر لوٹے، اور اُن پر محتاجی مسلط کر دی گئی؛ یہ اِس لیے کہ وہ اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے تھے اور نبیوں کو ناحق قتل کرتے تھے؛ یہ اِس لیے کہ اُنہوں نے نافرمانی کی اور وہ حد سے بڑھ جاتے تھے۔
وہ اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں، نیکی کا حکم دیتے ہیں، برائی سے روکتے ہیں اور بھلائی کے کاموں میں ایک دوسرے سے آگے بڑھتے ہیں؛ اور یہی لوگ نیکوں میں سے ہیں۔
یہ لوگ جو کچھ اِس دنیا کی زندگی میں خرچ کرتے ہیں اُس کی مثال اُس ہوا کی سی ہے جس میں سخت سردی (پالا) ہو، وہ ایسے لوگوں کی کھیتی پر جا پڑے جنہوں نے اپنی جانوں پر ظلم کیا تھا، اور اُسے برباد کر دے؛ اور اللہ نے اُن پر ظلم نہیں کیا، بلکہ وہ خود اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے۔
اے ایمان والو! اپنے (لوگوں کے) سوا کسی کو راز دار دوست نہ بناؤ؛ وہ تمہیں نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے، جس چیز سے تمہیں تکلیف ہو وہ اُسی کو پسند کرتے ہیں؛ دشمنی تو اُن کے منہ سے ظاہر ہو چکی ہے، اور جو کچھ اُن کے سینے چھپائے ہوئے ہیں وہ اِس سے بھی بڑھ کر ہے؛ ہم نے تمہارے لیے نشانیاں کھول کر بیان کر دی ہیں، اگر تم سمجھ رکھتے ہو۔
دیکھو! تم تو ایسے ہو کہ اُن سے محبت رکھتے ہو مگر وہ تم سے محبت نہیں رکھتے، اور تم تمام (آسمانی) کتابوں پر ایمان رکھتے ہو؛ اور جب وہ تم سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں: ہم ایمان لے آئے، اور جب اکیلے ہوتے ہیں تو تم پر غصے کے مارے انگلیاں چباتے ہیں؛ آپ کہہ دیجیے: اپنے غصے میں مر جاؤ؛ بے شک اللہ دلوں کی باتیں خوب جانتا ہے۔
اگر تمہیں کوئی بھلائی پہنچے تو اُنہیں بری لگتی ہے، اور اگر تمہیں کوئی تکلیف پہنچے تو اُس پر خوش ہوتے ہیں؛ اور اگر تم صبر کرو اور تقویٰ اختیار کرو تو اُن کی چال تمہیں کچھ بھی نقصان نہیں پہنچائے گی؛ بے شک اللہ اُن کے سب کاموں کو گھیرے ہوئے ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور (اے نبی! وہ وقت یاد کیجیے) جب آپ صبح سویرے اپنے گھر سے نکل کر مسلمانوں کو جنگ کے لیے مورچوں پر بٹھا رہے تھے؛ اور اللہ سب کچھ سننے والا، سب کچھ جاننے والا ہے۔
کیوں نہیں! اگر تم صبر اور تقویٰ اختیار کرو اور وہ (دشمن) اِسی جوش کے ساتھ تم پر اچانک آ پڑیں تو تمہارا پروردگار پانچ ہزار فرشتوں سے تمہاری مدد کرے گا جو خاص نشان لگائے ہوئے ہوں گے۔
اور اللہ نے یہ (وعدہ) صرف اِس لیے کیا کہ تمہارے لیے خوش خبری ہو اور اِس سے تمہارے دلوں کو اطمینان ملے؛ ورنہ مدد تو صرف اللہ ہی کی طرف سے ہے جو زبردست، حکمت والا ہے۔
جو خوش حالی میں بھی اور تنگی میں بھی (اللہ کی راہ میں) خرچ کرتے ہیں، اور غصہ پی جانے والے ہیں، اور لوگوں کو معاف کر دینے والے ہیں؛ اور اللہ احسان کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
اور وہ لوگ جن سے اگر کبھی کوئی بے حیائی کا کام ہو جائے یا وہ (کسی اور طرح) اپنی جان پر ظلم کر بیٹھیں تو فوراً اللہ کو یاد کرتے ہیں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں، اور اللہ کے سوا ہے بھی کون جو گناہ معاف کرے؟ اور وہ جانتے بوجھتے اپنے کیے پر اصرار نہیں کرتے۔
ایسے لوگوں کا بدلہ اُن کے پروردگار کی طرف سے مغفرت ہے، اور وہ باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، جن میں وہ ہمیشہ رہیں گے؛ اور (نیک) عمل کرنے والوں کا کیا ہی اچھا بدلہ ہے۔
اگر تمہیں (اُحد میں) زخم لگا ہے تو اُن لوگوں (کافروں) کو بھی ویسا ہی زخم (بدر میں) لگ چکا ہے؛ اور یہ دن ہیں جنہیں ہم لوگوں کے درمیان باری باری بدلتے رہتے ہیں؛ اور (یہ اِس لیے ہوا) تاکہ اللہ ایمان والوں کو (ظاہر کر کے) جان لے اور تم میں سے کچھ لوگوں کو شہید بنائے؛ اور اللہ ظالموں کو پسند نہیں کرتا۔
کیا تم نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ (یونہی) جنت میں داخل ہو جاؤ گے، حالانکہ ابھی تک اللہ نے تم میں سے اُن لوگوں کو (آزما کر) نہیں جانا جنہوں نے جہاد کیا، اور نہ صابرین کو جانا؟
اور محمد (ﷺ) ایک رسول ہی تو ہیں، اُن سے پہلے بہت سے رسول گزر چکے ہیں؛ تو اگر وہ وفات پا جائیں یا قتل کر دیے جائیں تو کیا تم اُلٹے پاؤں پھر جاؤ گے؟ اور جو اُلٹے پاؤں پھرے گا وہ اللہ کا ہرگز کچھ نہیں بگاڑے گا؛ اور اللہ شکر گزاروں کو عنقریب بدلہ دے گا۔
اور کسی جان کے لیے ممکن نہیں کہ اللہ کے حکم کے بغیر مر جائے؛ (ہر ایک کی موت) لکھی ہوئی، مقررہ وقت پر ہے؛ اور جو دنیا کا بدلہ چاہے گا ہم اُسے اُس میں سے دے دیں گے، اور جو آخرت کا بدلہ چاہے گا اُسے اُس میں سے دیں گے؛ اور ہم شکر گزاروں کو عنقریب بدلہ دیں گے۔
اور کتنے ہی نبی ایسے گزرے ہیں جن کے ساتھ مل کر بہت سے اللہ والوں نے جنگ کی، تو اللہ کی راہ میں جو مصیبتیں اُن پر آئیں اُن کی وجہ سے نہ اُنہوں نے ہمت ہاری، نہ کمزوری دکھائی، اور نہ (دشمن کے آگے) جھکے؛ اور اللہ صبر کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
اور اُن کی زبان پر اِس کے سوا کچھ نہ تھا کہ اُنہوں نے کہا: اے ہمارے پروردگار! ہمارے گناہ اور ہمارے کاموں میں ہم سے جو زیادتی ہوئی اُسے معاف فرما دیجیے، اور ہمارے قدم جما دیجیے، اور کافر لوگوں کے مقابلے میں ہماری مدد فرمائیے۔
ہم عنقریب کافروں کے دلوں میں رعب ڈال دیں گے، اِس لیے کہ اُنہوں نے اللہ کے ساتھ اُن چیزوں کو شریک ٹھہرایا جن کے بارے میں اللہ نے کوئی دلیل نہیں اُتاری؛ اور اُن کا ٹھکانا آگ ہے، اور ظالموں کا وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔
اور اللہ نے تو تم سے اپنا وعدہ سچا کر دکھایا تھا جب تم اُس کے حکم سے اُنہیں (اُحد کے شروع میں) قتل کر رہے تھے، یہاں تک کہ جب تم نے ہمت ہاری، اور (اپنے) معاملے میں آپس میں جھگڑا کیا، اور جو چیز تمہیں پسند تھی (یعنی فتح) وہ اللہ نے تمہیں دکھا دی تو اُس کے بعد تم نے (رسول کا) کہنا نہ مانا؛ تم میں سے کچھ لوگ دنیا چاہتے تھے اور کچھ آخرت؛ پھر اللہ نے تمہارا رخ اُن (دشمنوں) سے پھیر دیا تاکہ تمہیں آزمائے؛ اور یقیناً اللہ نے تمہیں معاف کر دیا ہے، اور اللہ مومنوں پر بڑا فضل کرنے والا ہے۔
(یاد کرو) جب تم (بھاگ کر) چڑھے جا رہے تھے اور کسی کو مڑ کر بھی نہیں دیکھتے تھے، اور رسول تمہارے پیچھے سے تمہیں پکار رہے تھے؛ تو اللہ نے تمہیں غم پر غم دیا، تاکہ تم آئندہ نہ اُس چیز پر غم کرو جو تمہارے ہاتھ سے نکل جائے اور نہ اُس مصیبت پر جو تم پر آ پڑے؛ اور اللہ تمہارے سب کاموں سے خوب باخبر ہے۔
پھر اللہ نے اُس غم کے بعد تم پر امن (کی کیفیت) اُتاری، یعنی اونگھ جو تم میں سے ایک گروہ پر چھا رہی تھی؛ اور ایک گروہ وہ تھا جسے اپنی جانوں کی فکر پڑی تھی، وہ اللہ کے بارے میں ناحق جاہلیت والے گمان کر رہے تھے؛ کہتے تھے: کیا ہمارا بھی اِس معاملے میں کوئی اختیار ہے؟ آپ کہہ دیجیے: سارا اختیار اللہ ہی کا ہے؛ وہ اپنے دلوں میں وہ باتیں چھپاتے ہیں جو آپ کے سامنے ظاہر نہیں کرتے؛ کہتے ہیں: اگر ہمارا کچھ اختیار چلتا تو ہم یہاں قتل نہ کیے جاتے؛ آپ کہہ دیجیے: اگر تم اپنے گھروں میں بھی ہوتے تو جن کا قتل ہونا لکھا جا چکا تھا وہ خود نکل کر اپنی قتل گاہوں تک پہنچ جاتے؛ اور (یہ سب اِس لیے ہوا) تاکہ اللہ تمہارے سینوں کی باتوں کو آزمائے اور تمہارے دلوں کی باتوں کو نکھار دے؛ اور اللہ دلوں کی باتیں خوب جانتا ہے۔
تم میں سے جو لوگ اُس دن پیٹھ پھیر گئے جب دونوں لشکر آمنے سامنے ہوئے، اُنہیں شیطان نے اُن کے بعض کاموں کی وجہ سے پھسلا دیا تھا؛ اور یقیناً اللہ نے اُنہیں معاف کر دیا ہے، بے شک اللہ بڑا بخشنے والا، بڑا بردبار ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اے ایمان والو! اُن لوگوں کی طرح نہ ہو جانا جنہوں نے کفر اختیار کیا، اور جب اُن کے بھائی کسی سفر پر جاتے ہیں یا جنگ میں شریک ہوتے ہیں (اور وہاں مر جاتے ہیں) تو یہ اُن کے بارے میں کہتے ہیں: اگر وہ ہمارے پاس ہوتے تو نہ مرتے اور نہ مارے جاتے؛ (یہ بات اُن کے منہ سے اِس لیے نکلتی ہے) تاکہ اللہ اِسے اُن کے دلوں میں حسرت بنا دے؛ اور اللہ ہی زندگی دیتا ہے اور موت دیتا ہے، اور اللہ تمہارے سب کاموں کو دیکھ رہا ہے۔
(اے نبی!) یہ اللہ کی بڑی رحمت ہے کہ آپ اُن کے لیے نرم مزاج ہیں؛ اگر آپ سخت مزاج اور سخت دل ہوتے تو یہ آپ کے آس پاس سے بکھر جاتے؛ لہٰذا اُنہیں معاف کر دیجیے، اُن کے لیے مغفرت کی دعا کیجیے، اور معاملات میں اُن سے مشورہ لیتے رہیے؛ پھر جب آپ (کسی بات کا) پختہ ارادہ کر لیں تو اللہ پر بھروسا کیجیے؛ بے شک اللہ بھروسا کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
اگر اللہ تمہاری مدد کرے تو کوئی تم پر غالب نہیں آ سکتا، اور اگر وہ تمہیں بے یار و مددگار چھوڑ دے تو کون ہے جو اُس کے بعد تمہاری مدد کرے؟ اور مومنوں کو اللہ ہی پر بھروسا کرنا چاہیے۔
اور کسی نبی سے یہ ممکن نہیں کہ وہ (مالِ غنیمت میں) خیانت کرے؛ اور جو خیانت کرے گا وہ قیامت کے دن اپنی خیانت کی ہوئی چیز لے کر آئے گا؛ پھر ہر شخص کو اُس کے کیے کا پورا بدلہ دیا جائے گا، اور اُن پر ظلم نہیں ہوگا۔
حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے مومنوں پر بڑا احسان کیا کہ اُن کے درمیان اُنہی میں سے ایک رسول بھیجا جو اُن کے سامنے اللہ کی آیتوں کی تلاوت کرتے ہیں، اُنہیں پاک صاف بناتے ہیں، اور اُنہیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دیتے ہیں، جبکہ یہ لوگ اِس سے پہلے یقیناً کھلی گمراہی میں تھے۔
اور جب تمہیں ایک ایسی مصیبت پہنچی جس سے دو گنی مصیبت تم (دشمن کو بدر میں) پہنچا چکے تھے تو کیا تم یہ کہنے لگے کہ یہ (مصیبت) کہاں سے آ گئی؟ آپ کہہ دیجیے: یہ خود تمہاری طرف سے ہے؛ بے شک اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔
اور اُن لوگوں کو بھی جان لے جنہوں نے منافقت کی؛ اُن سے کہا گیا: آؤ اللہ کی راہ میں لڑو، یا (کم از کم دشمن کو) دفع کرو؛ تو بولے: اگر ہم جانتے کہ (واقعی) جنگ ہوگی تو ضرور تمہارے ساتھ چلتے؛ اُس دن وہ ایمان کی بہ نسبت کفر سے زیادہ قریب تھے؛ وہ اپنے منہ سے وہ باتیں کہتے ہیں جو اُن کے دلوں میں نہیں؛ اور جو کچھ وہ چھپاتے ہیں اللہ اُسے خوب جانتا ہے۔
یہ وہی لوگ ہیں جو خود تو (گھر) بیٹھے رہے اور اپنے (شہید) بھائیوں کے بارے میں کہنے لگے: اگر وہ ہماری بات مانتے تو قتل نہ کیے جاتے؛ آپ کہہ دیجیے: اگر تم سچے ہو تو اپنے آپ سے موت کو ٹال کر دکھاؤ۔
اللہ نے اپنے فضل سے جو کچھ اُنہیں دیا ہے اُس پر وہ خوش ہیں، اور اُن کے پیچھے جو لوگ ابھی اُن سے نہیں ملے، اُن کے بارے میں خوش ہوتے ہیں کہ اُن پر بھی نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
وہ لوگ جن سے (کچھ) لوگوں نے کہا: (مکہ کے) لوگوں نے تمہارے مقابلے کے لیے بڑا لشکر جمع کر لیا ہے، اُن سے ڈرو؛ تو اِس بات نے اُن کے ایمان کو اور بڑھا دیا، اور اُنہوں نے کہا: ہمارے لیے اللہ کافی ہے، اور وہ بہترین کارساز ہے۔
اور (اے نبی!) جو لوگ کفر میں تیزی دکھا رہے ہیں وہ آپ کو غمگین نہ کریں؛ یقین رکھیے وہ اللہ کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے؛ اللہ چاہتا ہے کہ آخرت میں اُن کا کوئی حصہ نہ رکھے، اور اُن کے لیے بڑا عذاب ہے۔
اور کافر لوگ ہرگز یہ نہ سمجھیں کہ ہم جو اُنہیں ڈھیل دے رہے ہیں وہ اُن کے حق میں بہتر ہے؛ ہم تو اُنہیں صرف اِس لیے ڈھیل دے رہے ہیں تاکہ وہ گناہ میں اور بڑھ جائیں، اور (آخر کار) اُن کے لیے ذلت والا عذاب ہے۔
اللہ ایسا نہیں کہ مومنوں کو اُسی حالت پر چھوڑ دے جس پر تم ہو، جب تک ناپاک کو پاک سے الگ نہ کر دے؛ اور اللہ ایسا بھی نہیں کہ تمہیں (براہِ راست) غیب کی باتوں پر مطلع کر دے، البتہ اللہ اپنے رسولوں میں سے جسے چاہتا ہے چن لیتا ہے؛ لہٰذا اللہ اور اُس کے رسولوں پر ایمان رکھو؛ اور اگر تم ایمان رکھو اور تقویٰ اختیار کرو تو تمہارے لیے بڑا اجر ہے۔
اور جو لوگ اُس (مال) میں بخل سے کام لیتے ہیں جو اللہ نے اُنہیں اپنے فضل سے دیا ہے، وہ ہرگز یہ نہ سمجھیں کہ یہ اُن کے لیے اچھا ہے، بلکہ یہ اُن کے لیے برا ہے؛ جس (مال) میں اُنہوں نے بخل کیا، قیامت کے دن وہ اُن کے گلے کا طوق بنا دیا جائے گا؛ اور آسمانوں اور زمین کی میراث اللہ ہی کے لیے ہے، اور اللہ تمہارے سب کاموں سے خوب باخبر ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اللہ نے اُن لوگوں کی بات سن لی ہے جنہوں نے کہا کہ اللہ فقیر ہے اور ہم مالدار ہیں؛ اُنہوں نے جو کچھ کہا ہے ہم اُسے (اُن کے نامۂ اعمال میں) لکھ رکھیں گے، اور اُن کا نبیوں کو ناحق قتل کرنا بھی؛ اور ہم (قیامت کے دن) کہیں گے: چکھو جلتی آگ کا عذاب۔
یہ وہ لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ اللہ نے ہم سے یہ عہد لیا ہے کہ ہم کسی رسول پر اُس وقت تک ایمان نہ لائیں جب تک وہ ہمارے پاس ایسی قربانی نہ لائے جسے آگ کھا جائے؛ آپ کہہ دیجیے: مجھ سے پہلے بہت سے رسول تمہارے پاس کھلی نشانیاں بھی لے کر آئے اور وہ چیز بھی جو تم کہہ رہے ہو، تو اگر تم سچے ہو تو تم نے اُنہیں کیوں قتل کیا؟
پھر بھی اگر یہ لوگ آپ کو جھٹلائیں تو (یہ کوئی نئی بات نہیں) آپ سے پہلے بھی بہت سے رسول جھٹلائے جا چکے ہیں، جو کھلی نشانیاں، صحیفے اور روشن کتاب لے کر آئے تھے۔
ہر جان کو موت کا مزہ چکھنا ہے، اور تمہیں تمہارے اعمال کا پورا پورا بدلہ قیامت ہی کے دن ملے گا؛ پھر جسے آگ سے دور کر کے جنت میں داخل کر دیا گیا وہ صحیح معنی میں کامیاب ہو گیا؛ اور دنیا کی زندگی تو دھوکے کے سامان کے سوا کچھ نہیں۔
(مسلمانو!) تمہیں اپنے مالوں اور جانوں میں ضرور آزمایا جائے گا، اور تم ضرور اُن لوگوں سے بھی جنہیں تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی اور اُن سے بھی جنہوں نے شرک کیا بہت سی تکلیف دہ باتیں سنو گے؛ اور اگر تم صبر کرو اور تقویٰ اختیار کرو تو یقیناً یہ بڑی ہمت کے کاموں میں سے ہے۔
اور (یاد کرو) جب اللہ نے اہلِ کتاب سے یہ عہد لیا تھا کہ تم اِس (کتاب) کو لوگوں کے سامنے ضرور کھول کر بیان کرو گے اور اِسے نہیں چھپاؤ گے؛ پھر اُنہوں نے اُسے اپنی پیٹھ پیچھے پھینک دیا اور اُس کے بدلے تھوڑی سی قیمت لے لی؛ تو کتنی بری چیز ہے جو وہ خرید رہے ہیں۔
جو لوگ اپنے کیے پر خوش ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جو کام اُنہوں نے نہیں کیے اُن پر بھی اُن کی تعریف کی جائے، اُنہیں ہرگز یہ نہ سمجھنا کہ وہ عذاب سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے، اور اُن کے لیے دردناک عذاب ہے۔
جو اُٹھتے بیٹھتے اور لیٹے ہوئے (ہر حال میں) اللہ کو یاد کرتے ہیں، اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں غور و فکر کرتے ہیں؛ (اور بے ساختہ کہہ اُٹھتے ہیں:) اے ہمارے پروردگار! آپ نے یہ سب بے مقصد پیدا نہیں کیا، آپ (ایسے فضول کام سے) پاک ہیں، تو ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا لیجیے۔
اے ہمارے پروردگار! ہم نے ایک پکارنے والے کو سنا جو ایمان کی طرف بلا رہا تھا کہ اپنے پروردگار پر ایمان لاؤ، تو ہم ایمان لے آئے؛ اے ہمارے پروردگار! ہمارے گناہ معاف فرما دیجیے، ہماری برائیوں کو ہم سے مٹا دیجیے، اور ہمیں نیک لوگوں کے ساتھ موت دیجیے۔
اے ہمارے پروردگار! اور ہمیں وہ سب کچھ عطا فرمائیے جس کا وعدہ آپ نے اپنے رسولوں کے ذریعے ہم سے کیا ہے، اور ہمیں قیامت کے دن رسوا نہ کیجیے؛ بے شک آپ وعدے کے خلاف نہیں کرتے۔
تو اُن کے پروردگار نے اُن کی دعا قبول کی (اور فرمایا) کہ میں تم میں سے کسی کا عمل ضائع نہیں کروں گا، چاہے وہ مرد ہو یا عورت، تم سب آپس میں ایک دوسرے کا حصہ ہو؛ لہٰذا جن لوگوں نے ہجرت کی، اور اپنے گھروں سے نکالے گئے، اور میری راہ میں ستائے گئے، اور لڑے اور قتل کیے گئے، میں اُن کی برائیاں ضرور اُن سے مٹا دوں گا، اور اُنہیں ضرور ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں؛ یہ اللہ کی طرف سے بدلہ ہے، اور بہترین بدلہ اللہ ہی کے پاس ہے۔
لیکن جو لوگ اپنے پروردگار سے ڈرتے رہے، اُن کے لیے ایسے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، اُن میں وہ ہمیشہ رہیں گے؛ یہ اللہ کی طرف سے (اُن کی) مہمانی ہے، اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ نیک لوگوں کے لیے کہیں بہتر ہے۔
اور یقیناً اہلِ کتاب میں کچھ ایسے بھی ہیں جو اللہ پر بھی ایمان رکھتے ہیں، اور اُس (کتاب) پر بھی جو تمہاری طرف اُتاری گئی، اور اُس پر بھی جو اُن کی طرف اُتاری گئی، وہ اللہ کے آگے عاجزی کرنے والے ہیں، اور اللہ کی آیتوں کو تھوڑی سی قیمت پر نہیں بیچتے؛ یہ وہ لوگ ہیں جن کا اجر اُن کے پروردگار کے پاس ہے؛ بے شک اللہ جلد حساب لینے والا ہے۔