یہ قرآن مجید کی دوسری اور سب سے لمبی سورت ہے، اور پوری سورت مدنی ہے؛ اِس میں دو سو چھیاسی آیتیں اور چالیس رکوع ہیں۔ اِس کا زیادہ تر حصہ ہجرت کے بعد مدینہ منورہ کے ابتدائی برسوں میں نازل ہوا، البتہ سود کی آیتیں اور وَاتَّقُوْا يَوْمًا تُرْجَعُوْنَ فِيْهِ اِلَى اللّٰهِ (آیت ۲۸۱) بالکل آخری زمانے کی ہیں؛ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے منقول ہے کہ یہ قرآن کی سب سے آخر میں اترنے والی آیت ہے۔ اِس سورت میں بنی اسرائیل کو گائے ذبح کرنے کا حکم دیے جانے کا واقعہ آیا ہے (آیت ۶۷ سے ۷۳)، اسی مناسبت سے اِس کا نام «البقرۃ» (گائے) رکھا گیا۔
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ جس طرح اور لوگ (اخلاص کے ساتھ) ایمان لائے ہیں، تم بھی ایمان لے آؤ، تو کہتے ہیں کہ کیا ہم اس طرح ایمان لے آئیں، جیسے بے وقوف لوگ ایمان لائے ہیں؟ آگاہ رہو کہ وہ خود بے وقوف ہیں؛ لیکن وہ یہ بھی نہیں جانتے۔
جب مسلمانوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم تو ایمان لا چکے ہیں اور جب اپنے شیاطین کے ساتھ تنہا ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں، ہم تو (مسلمانوں کے ساتھ) محض مذاق کر رہے ہیں۔
ان کی مثال اس شخص کی سی ہے جس نے آگ جلائی، پھر جب آگ نے اس کے گرد و پیش کو روشن کر دیا تو اللہ تعالیٰ نے ان کی روشنی چھین لی اور ان کو تاریکی میں چھوڑ دیا، کہ انھیں کچھ نظر نہیں آتا۔
18
صُمٌّۢ بُكْمٌ عُمْيٌ فَهُمْ لَا يَرْجِعُوْنَ
(وہ حق کو قبول کرنے کے معاملہ میں) بہرے، گونگے اور اندھے ہیں، اب وہ (ہدایت کی طرف) واپس نہیں آئیں گے۔
یا ان کی مثال ایسی ہے کہ جیسے زوردار بارش ہو رہی ہو، اس میں اندھیرے بھی ہیں، گرج بھی اور بجلی بھی، وہ اپنے کانوں میں کڑک کی وجہ سے موت سے ڈر کر انگلیاں ٹھونسے ہوئے ہیں؛ حالاں کہ اللہ کفر کرنے والوں کو گھیرے ہوئے ہے۔
بجلی کی یہ حالت ہے کہ لگتا ہے کہ ابھی ان کی بینائی ہی کو اچک لے گی، جب ان پر چمکتی ہے تو اس کی روشنی میں چلنے لگتے ہیں اور جب ان پر اندھیرا چھا جاتا ہے تو کھڑے رہ جاتے ہیں، اگر اللہ چاہے تو ان کے کان اور آنکھیں چھین لے، بے شک اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
جس نے تمہارے لئے زمین کا فرش بچھایا، آسمان کی چھت بنائی اور بادل سے پانی برسایا پھر تمہاری غذا کے لئے اس سے پھل پیدا کئے، پس سب کچھ جانتے بوجھتے کسی کو اللہ کا ہمسر نہ بناؤ۔
ہم نے جو کتاب اپنے بندہ (محمد رسول اللہ ﷺ) پر اُتاری ہے، اگر اس (کے اللہ کی طرف سے ہونے) میں تم کو شک ہو تو تم اس جیسی ایک سورت بھی لے آؤ اور اللہ کے سوا اپنے مددگاروں کو بھی بلا لو، اگر تم سچے ہو۔
پھر اگر ایسا نہ کر سکو اور یقیناً نہیں کر سکو گے تو (دوزخ کی) اس آگ سے بچو، جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہیں اور جو ایمان نہ لانے والوں کے لئے تیار کی گئی ہے۔
جو لوگ ایمان لائے اور انھوں نے اچھا عمل کیا، ان کو خوشخبری دے دیجئے کہ اُن کے لئے ایسی بہشتیں ہیں، جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، جب کبھی اُن کو اِن باغات سے پھل کھانے کو دیئے جائیں گے تو کہیں گے کہ یہ تو وہی ہے، جو اِس سے پہلے ہمیں دیا گیا تھا اور (واقعی) ان کو ملتا جلتا پھل دیا جائے گا؛ ان کے لئے بہشت میں پاکیزہ بیویاں بھی ہوں گی اور وہ وہاں ہمیشہ رہیں گے۔
یقیناً اللہ کو اس سے عار نہیں کہ مچھر یا اس سے بھی گئی گذری کسی شئ کی مثال دے، جو لوگ صاحب ایمان ہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کے رب کی طرف سے یہ مثال بالکل برموقع ہے اور جو لوگ کفر اختیار کئے ہوئے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ اس مثال سے اللہ کا کیا مقصود ہے؟ اللہ تعالیٰ اسی مثال سے بہتوں کو ہدایت سے محروم کر دیتا ہے اور بہتوں کو ہدایت عطا فرماتا ہے، اور اللہ ہدایت سے صرف ایسے نافرمانوں ہی کو محروم کرتا ہے،
جو مضبوط وعدہ کر کے اللہ سے وعدہ خلافی کرتے ہیں۔ جس چیز کو اللہ نے جوڑے رکھنے کا حکم دیا ہے، اسے کاٹتے ہیں اور زمین میں فساد برپا کرتے ہیں، یہی لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں۔
تم کیسے اللہ کے ساتھ کفر کرتے ہو؛ حالاں کہ تم بے جان تھے، اللہ نے تمہیں زندگی بخشی، پھر تمہیں موت دے گا، پھر (دوبارہ) زندہ کرے گا، پھر اللہ ہی کے پاس تم لوٹائے جاؤ گے۔
وہ وقت قابلِ ذکر ہے جب آپ کے رب نے فرشتوں سے کہا کہ میں زمین میں خلیفہ بنانے والا ہوں، انھوں نے کہا کہ کیا آپ زمین میں ایسے لوگوں کو رکھیں گے جو فساد برپا کریں اور خون بہائیں، اور ہم تو آپ کی تسبیح، حمد اور پاکی بیان کرتے ہی ہیں؟ اللہ نے ارشاد فرمایا: میں وہ جانتا ہوں جو تم نہیں جانتے۔
اللہ نے فرمایا: آدم! تم فرشتوں کو ان کے نام بتاؤ، جب آدم نے ان کے نام بتا دیئے تو اللہ نے فرمایا: میں نے تم سے کہا نہ تھا کہ میں آسمانوں کی اور زمین کی چھپی ہوئی چیزوں کو بھی خوب جانتا ہوں، جن باتوں کو تم ظاہر کرتے ہو، ان سے بھی واقف ہوں اور جن کو (دل میں) چھپائے رکھتے ہو، ان سے بھی؟
جب ہم نے فرشتوں کو حکم دیا کہ آدم کے سامنے سجدہ ریز ہو جاؤ، تو سوائے ابلیس کے سب سجدہ میں گر پڑے، اس نے نہیں مانا اور تکبر میں مبتلا ہو گیا اور (دراصل) وہ تھا ہی کافروں میں۔
اور ہم نے کہا: آدم! تم اور تمہاری بیوی جنت میں رہیں اور جہاں چاہیں آسودہ ہو کر کھائیں، (البتہ) اس درخت کے قریب کبھی نہ پھٹکنا، ورنہ تمہارا شمار خطا کاروں میں ہو جائے گا۔
آخر شیطان نے اسی درخت کے باعث اُن دونوں کو لغزش میں مبتلا کر دیا اور ان کو اس سے نکال کر ہی چھوڑا، ہم نے کہا کہ (اب) تم سب (یہاں) سے نیچے اترو، تم ایک دوسرے کے دشمن رہو گے، تمہارا ٹھکانہ زمین میں ہوگا اور (وہاں) ایک خاص مدت تک تمہارا رہنا سہنا ہوگا۔
ہم نے کہا: تم سب نیچے اُتر جاؤ، اگر تمہارے پاس میری طرف سے کوئی ہدایت پہنچے، تو جو لوگ میری ہدایت کی پیروی کریں گے، ان کے لئے نہ کوئی اندیشہ ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
اے بنی اسرائیل! میں نے تم پر جو انعام کیے ہیں، ان کو یاد رکھو، اور تم میرے عہد کو پورا کرو تو میں بھی تمہارے عہد کو پورا کروں گا اور صرف مجھ ہی سے ڈرتے رہو۔
میں نے جو کتاب نازل کی ہے، جو تمہارے پاس پہلے سے موجود کتاب کی تصدیق کر رہی ہے، اس پر ایمان لے آؤ، تم ہی اس کے پہلے انکار کرنے والے نہ بن جاؤ، نہ حقیر قیمتوں کے بدلہ میری آیات کو بیچ ڈالو اور صرف (میرے ہی غضب سے) ڈرا کرو۔
اور اس دن سے ڈرو جس دن کوئی کسی کے کام نہیں آئے گا، نہ کسی کے حق میں سفارش قبول کی جائے گی، نہ کسی کی طرف سے کوئی معاوضہ قبول کیا جائے گا اور نہ ان کو کوئی مدد پہنچے گی۔
اور اس وقت کو بھی یاد کرو کہ ہم نے تم کو فرعون کے لوگوں سے نجات عطا کی، جو تم پر بدترین عذاب ڈھاتے تھے، تمہارے بیٹوں کو ذبح کر دیتے تھے، عورتوں کو زندہ رہنے دیتے تھے، اور اس میں تمہارے رب کی طرف سے بڑی آزمائش تھی۔
وہ وقت بھی یاد کرو کہ جب ہم نے تمہارے لئے سمندر کو شق کر دیا، پھر تم کو بچا لیا اور فرعون کے لوگوں کو ڈبو دیا، تم (اس منظر کو اپنی آنکھوں سے) دیکھ رہے تھے۔
اور یاد کرو جب ہم نے موسیٰ سے چالیس راتوں کا وعدہ لیا، پھر تم نے موسیٰ کے (جانے کے) بعد (پوجا کرنے کے لئے) بچھڑا بنا لیا، اور تم نے ظلم پر کمر باندھ رکھی تھی۔
اور وہ وقت بھی یاد کئے جانے کے لائق ہے جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا: اے میری قوم! تم نے (پوجنے کے لئے) بچھڑا بنا کر اپنے آپ پر (بڑا) ظلم کیا ہے؛ اس لئے اب اپنے پیدا کرنے والے کے سامنے توبہ کرو اور اپنے لوگوں کو (خود ہی بہ طورِ سزا) قتل کرو، تمہارے پیدا کرنے والے کے نزدیک یہی تمہارے حق میں بہتر ہے؛ چنانچہ (تم نے اس حکم پر عمل کیا اور) اللہ نے تمہاری توبہ قبول کر لی، بے شک وہ بہت توبہ قبول کرنے والا اور نہایت مہربان ہے۔
اور (وہ وقت بھی یاد کرو) جب تم نے کہا: اے موسیٰ! ہم آپ کی بات کا یقین نہیں کریں گے، جب تک ہم علانیہ اللہ کو دیکھ نہ لیں؛ چنانچہ بجلی کی کڑک نے تم کو آ پکڑا اور تم (یہ منظر) دیکھ رہے تھے۔
اور ہم نے تم پر بادل کو سایہ فگن کر دیا اور من وسلویٰ اتارا کہ جو پاکیزہ چیزیں ہم نے تم کو دے رکھی ہیں، ان میں سے کھاؤ، انھوں نے (ہمارے حکم کی خلاف ورزی کر کے) ہمارا کچھ نقصان نہ کیا؛ بلکہ اپنا ہی نقصان کرتے رہے۔
اور وہ وقت بھی یاد کرو جب ہم نے کہا: اس بستی میں داخل ہو جاؤ اور جہاں سے چاہو آسودہ ہو کر کھاؤ اور (ہاں) دروازۂ شہر میں تواضع کے ساتھ سر جھکا کر داخل ہونا اور کہتے جانا کہ ”ہمیں بخش دیجئے“ ہم تمہاری خطائیں معاف کر دیں گے اور اچھے عمل کرنے والوں کو مزید نوازیں گے۔
مگر ان ظالموں نے اس بات کے بجائے جو کہنے کا حکم دیا گیا تھا، اس کے برخلاف بات کہی، تو ہم نے بھی ظالموں پر ان کی نافرمانی کی وجہ سے آسمانی عذاب اُتار دیا۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور یاد کرو جب موسیٰ نے اپنی قوم کے لئے پانی کی دُعاء کی تو ہم نے کہا: پتھر پر اپنی لاٹھی مارو؛ چنانچہ اس پتھر سے بارہ چشمے پھوٹ پڑے، ہر قبیلہ نے اپنے پانی لینے کی جگہ پہچان لی، (ہم نے کہا:) اللہ کا عطا فرمایا ہوا رزق کھاؤ، پیو اور زمین میں فساد مچاتے نہ پھرو۔
اور وہ وقت بھی یاد کرو جب تم نے کہا: اے موسیٰ! ہم ایک ہی طرح کے کھانے پر صبر نہیں کر سکتے؛ اس لئے آپ اپنے پروردگار سے دُعاء کریں کہ ہمیں زمین سے پیدا ہونے والی چیزیں: ساگ، ککڑی، گیہوں، مسور اور پیاز، فراہم کرے، موسیٰ نے کہا: کیا تم بہتر چیز کے بدلہ معمولی چیز لینا چاہتے ہو؟ (اگر یہی اصرار ہے) تو کسی شہر میں اتر جاؤ کہ تم کو تمہاری مطلوبہ چیزیں مل جائیں، (اِن جسارتوں کی وجہ سے) ان پر ذلت اور پستی مسلط کر دی گئی اور وہ غضبِ الٰہی کے مستحق قرار پائے، یہ اس لئے کہ وہ اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے تھے اور انبیاء کو ناحق قتل کر دیتے تھے، اور اس لئے کہ وہ نافرمانی کرتے تھے اور (اللہ تعالیٰ کی قائم کی ہوئی حدود سے) بار بار نکل جاتے تھے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
بے شک مسلمان اور وہ یہودی، نصاریٰ، اور صابی، جو اللہ، اور آخرت پر ایمان رکھتے تھے اور عمل صالح کرتے تھے، ان کے رب کے پاس ان کا اجر ہے، نہ ان کے لئے اندیشہ ہے اور نہ وہ غم سے دوچار ہوں گے۔
اور وہ وقت یاد کرو جب ہم نے تم سے مضبوط عہد لیا تھا اور تمہارے اوپر ’طور‘ کو اٹھا لیا تھا، کہ جو کتاب ہم نے دی ہے، اس کو مضبوطی سے تھام لو اور جو احکام اس میں درج ہیں، ان کو یاد رکھو؛ تاکہ تمہارے اندر تقویٰ پیدا ہو۔
اور جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا کہ اللہ تم کو ایک گائے ذبح کرنے کا حکم دیتا ہے، تو وہ کہنے لگے: کیا آپ ہم سے مذاق کر رہے ہیں؟ موسیٰ نے کہا: میں اس سے اللہ کی پناہ چاہتا ہوں کہ جاہلوں جیسا کام کروں۔
کہنے لگے کہ ہمارے لئے اپنے پروردگار سے دُعاء کیجئے کہ ہم پر واضح فرما دے کہ وہ گائے کیسی ہو؟ موسیٰ نے کہا: اللہ فرماتا ہے: وہ گائے نہ بوڑھی ہو، نہ بالکل بچھیا ہو، دونوں کے درمیان ہو، پس جو حکم تم کو دیا جا رہا ہے، اسے کر گزرو۔
کہنے لگے: اپنے رب سے ہمارے لئے اس کی بھی درخواست کیجئے کہ ہمیں اس گائے کا رنگ بتا دے، موسیٰ نے کہا: اللہ فرماتا ہے کہ وہ گائے خوب گہری زرد رنگ کی ہونی چاہئے کہ دیکھنے والوں کا جی خوش ہو جائے۔
کہنے لگے کہ ہماری خاطر اپنے رب سے دُعاء کیجئے کہ ہمیں بتا دے کہ اس کی صفات کیا ہوں؛ کیوں کہ گائے کے بارے میں ہمیں اشتباہ ہو گیا ہے؟ اللہ نے چاہا تو ہم ضرور ٹھیک ٹھیک سمجھ لیں گے۔
موسیٰ نے کہا: اللہ فرماتا ہے کہ وہ کام میں لی جانے والی گائے نہیں ہو، نہ زمین جوتتی ہو، نہ کھیتی میں آب پاشی کرتی ہو، عیب سے صحیح و سالم ہو، اس میں کوئی داغ دھبہ بھی نہ ہو، کہنے لگے: اب آپ نے ٹھیک ٹھیک بتایا ہے، پھر ان لوگوں نے گائے ذبح کی اور لگتا نہ تھا کہ وہ یہ کریں گے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور وہ وقت بھی یاد کرو جب تم لوگوں نے ایک شخص کو قتل کر دیا، پھر اس کے بارے میں جھگڑنے لگے اور جس بات کو تم چھپا رہے تھے، اللہ تعالیٰ کو اس کا ظاہر کرنا منظور تھا۔
پھر اس کے بعد بھی تمہارے دل سخت ہو گئے، سو وہ پتھر کی طرح ہیں؛ بلکہ اس سے بھی زیادہ سخت، اور پتھر بھی بعض ایسے ہیں جن سے نہریں جاری ہوتی ہیں، بعض وہ ہیں کہ پھٹ پڑتے ہیں اور ان سے پانی نکل آتا ہے اور بعض وہ ہیں جو اللہ کے خوف سے گر پڑتے ہیں اور اللہ تمہارے اعمال سے بے خبر نہیں ہے۔
(مسلمانو!) کیا تم توقع رکھتے ہو کہ یہ تمہارے کہنے سے ایمان لے آئیں گے؟ حالاں کہ ان میں ایک گروہ ایسا رہا ہے، جو اللہ کا کلام سنتا اور جانتے بوجھتے اس میں تحریف کرتا رہا ہے۔
اور جب وہ مسلمانوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم ایمان لاچکے ہیں اور جب ایک دوسرے کے ساتھ تنہا ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ”کیا تم مسلمانوں سے وہ باتیں بتا دیتے ہو جس کو اللہ نے تم پر منکشف کیا ہے؛ تاکہ وہ اس کو تمہارے پروردگار کے سامنے تمہارے خلاف حجت بنائیں؟ کیا تمہیں عقل نہیں ہے؟“
تو جو لوگ خود اپنے ہاتھوں کتاب لکھ لیتے ہیں، پھر کہہ دیتے ہیں کہ یہ اللہ کی طرف سے ہے؛ تاکہ اس کے ذریعہ تھوڑا سا معاوضہ حاصل کرلیں، ان کے لئے تباہی و بربادی ہے، جو ان کے ہاتھوں نے لکھا ہے، وہ بھی باعث تباہی ہے، اور جو کچھ وہ اس کے ذریعہ حاصل کرتے ہیں، وہ بھی ان کے لئے سامانِ خرابی ہے۔
اور وہ کہتے ہیں کہ ہمیں تو چند گنے چنے دنوں کے سوا دوزخ چھوئے گی بھی نہیں، آپ کہہ دیں کہ کیا تم اللہ سے کوئی وعدہ لے چکے ہو کہ اللہ اپنے اس وعدہ کے خلاف نہ کرے گا؟ یا تم اللہ پر ایسی بات گھڑ رہے ہو جس کا خود تم کو علم نہیں ہے؟
اور (وہ وقت بھی یاد کرو) جب ہم نے بنی اسرائیل سے عہد لیا کہ صرف اللہ ہی کی عبادت کرنا، والدین، قرابت داروں، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ بہتر سلوک کرنا، لوگوں سے بھلی بات کرنا، نماز قائم کرنا اور زکوٰۃ ادا کرنا، پھر کچھ لوگوں کے سوا تم لوگ (اس عہد سے) پھر گئے اور تم ہو ہی (وعدے سے) پھرنے والے لوگ!
اور یہ بھی یاد کرو کہ جب ہم نے تم سے مضبوط وعدہ لیا تھا کہ آپس میں ایک دوسرے کا خون نہ بہانا، اور ایک دوسرے کو گھروں سے نہ نکالنا، پھر تم نے اس کا اقرار کیا اور تم اس پر گواہ بھی ہو،
پھر تم ہی لوگ ہو کہ آپس میں ایک دوسرے کو قتل کرتے ہو، اپنے ہی میں سے بعضوں کو ان کے گھروں سے نکال دیتے ہو، گناہ اور ظلم کے ساتھ ان کے مقابلہ میں مخالفین کی مدد کرتے ہو، اور اگر وہی تمہارے پاس قیدی ہو کر آئیں تو ان کا فدیہ ادا کر کے رہا بھی کراتے ہو؛ حالاں کہ ان کو نکالنا ہی تم پر حرام تھا، تو کیا تم کتابِ (الٰہی) کے کچھ حصہ کو مانتے ہو اور کچھ کو نہیں مانتے ہو؟ جو شخص ایسا عمل کرے، دنیا میں رسوائی، اور قیامت کے دن سخت ترین عذاب میں مبتلا کئے جانے کے سوا اس کی اور کیا سزا ہو سکتی ہے؟ اور اللہ تمہارے اعمال سے بے خبر نہیں ہے۔
ہم نے موسیٰ کو کتاب دی اور اس کے بعد بھی یکے بعد دیگرے رسول بھیجتے رہے اور عیسیٰ بن مریم کو واضح نشانیاں دیں، اور روح القدس کے ذریعہ ان کو قوت پہنچائی، تو کیا جب بھی کوئی پیغمبر تمہارے پاس ایسا حکم لے کر آتا ہے جو تم کو پسند نہیں، تو تم تکبر کرنے لگتے ہو؟ بعض کو تو تم نے جھٹلایا اور بعض کو قتل ہی کر دیا۔
اور کہتے ہیں کہ ہمارے دل محفوظ ہیں؛ بلکہ (حقیقت یہ ہے کہ) ان کے کفر کی وجہ سے ان پر اللہ کی طرف سے پھٹکار ہے؛ اس لئے ان میں بہت کم ہی لوگ ایمان لائیں گے۔
اور جب اُن کے پاس اللہ کی طرف سے وہ کتاب آئی جو اُس کتاب کی تصدیق کرنے والی ہے جو اُن کے پاس ہے، حالانکہ اس سے پہلے یہ (خود ہی) کافروں کے خلاف فتح کی دُعاء کرتے تھے، پھر جب ان کے پاس وہ کتاب آگئی، جس کو وہ پہچان چکے ہیں تو اس کا انکار کر بیٹھے، پس انکار کرنے والوں پر اللہ کی لعنت ہو!
کیا ہی بری چیز ہے جس کے بدلہ انھوں نے اپنے آپ کو بیچ لیا ہے کہ اللہ کی نازل کی ہوئی کتاب کا محض اس ضد میں انکار کئے جا رہے ہیں کہ (یہ کتاب بنی اسرائیل کے کسی شخص پر کیوں نہیں اُتاری گئی؟ حالاں کہ) اللہ اپنے فضل سے اپنے جس بندہ پر چاہے، اپنا کلام نازل فرمائے؛ اسی لئے وہ غضب بالائے غضب کے مستحق ٹھہرے اور کافروں کے لئے رسوا کن عذاب ہے۔
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اللہ نے جو کتاب نازل فرمائی ہے، اس پر ایمان لے آؤ، تو کہتے ہیں کہ ہم اُس کتاب پر ایمان رکھتے ہیں، جو ہمارے اوپر نازل کی گئی ہے اور اس کے سوا جو کتاب ہے، اس کا انکار کرتے ہیں؛ حالاں کہ وہ بھی برحق ہے اور اس کتاب کی تصدیق کرتی ہے جو ان کے پاس ہے، آپ کہئے کہ اگر تم ایمان رکھتے تھے تو اس سے پہلے انبیاء کو کیوں قتل کرتے تھے؟
اور جب ہم نے تم سے مضبوط عہد لیا اور تمہارے اوپر طور کو اُٹھا لیا، کہ جو احکام ہم نے تم کو دیئے ہیں، ان کو مضبوطی سے تھامے رہو اور سنو، تو انھوں نے کہا: ہم نے سنا؛ مگر ہم ان کو نہیں مانتے، اور ان کے کفر کی وجہ سے بچھڑے کی محبت ان کے دل میں پیوست ہوگئی تھی، آپ کہہ دیجئے کہ اگر تم (واقعی) مومن ہو، تو کیسی بری بات ہے جس کا تم کو تمہارا ایمان حکم دیتا ہے؟
اور (حقیقت یہ ہے کہ) آپ ان کو لوگوں میں سب سے زیادہ زندگی کا حریص پائیں گے، مشرکین سے بھی بڑھ کر، ان میں سے ایک ایک کی خواہش ہے کہ ہزار سال عمر پائے؛ حالاں کہ اتنی عمر بھی اس کو عذاب سے بچا نہیں سکتی اور جو کچھ وہ کر رہے ہیں، اللہ اُس کو دیکھ رہا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
آپ کہہ دیں کہ جو جبرئیل کا دشمن ہو (اسے جان لینا چاہئے کہ) جبرئیل نے قرآن آپ کے قلب پر اللہ ہی کے حکم سے نازل کیا ہے، جو پہلی کتابوں کی تصدیق کرتا ہے، سامانِ ہدایت ہے اور مؤمنوں کو خوشخبری سناتا ہے۔
اور جب ان کے پاس اللہ کی طرف سے ایک رسول آیا، جو اُس کتاب کی تصدیق کرنے والا ہے جو ان کے پاس ہے، تو اہلِ کتاب میں سے ایک گروہ نے اللہ کی کتاب کو اس طرح پیٹھ پیچھے پھینک دیا گویا وہ جانتے ہی نہیں۔
اور (اس کی بجائے) انھوں نے اس علم کی پیروی کی، جس کی سلیمان کے عہد میں شیاطین تعلیم دیا کرتے تھے، اور سلیمان نے کفر نہیں کیا تھا؛ لیکن کفر شیاطین نے کیا تھا، جو لوگوں کو جادو کی تعلیم دیتے تھے، نیز ان لوگوں نے اس جادو کی بھی پیروی کی، جس کا علم بابل کے دو فرشتوں، ہاروت و ماروت، کو دیا گیا تھا؛ حالاں کہ وہ دونوں کسی کو (جادو کی) تعلیم اس وقت تک نہ دیتے تھے، جب تک یہ نہ کہہ دیتے کہ ہمارا وجود (تمہاری) آزمائش کے لئے ہے؛ اس لئے تم کفر کا راستہ اختیار نہ کرو، یہ لوگ ان دونوں سے ایسا جادو سیکھتے تھے، جس کے ذریعہ شوہر اور اس کی بیوی کے درمیان جدائی پیدا کر دیں، اور یہ لوگ جادو کے ذریعہ کسی کو اللہ کی مشیت کے بغیر نقصان نہیں پہنچا سکتے، یہ ایسی باتیں سیکھتے ہیں جو ان کے لئے نقصاندہ ہیں نہ کہ فائدہ مند، اور یہ اچھی طرح واقف ہیں کہ جس نے جادو کو اختیار کیا، آخرت میں اس کا کوئی حصہ نہیں ہے، اور بہت ہی بُری چیز ہے جس کے بدلہ انھوں نے اپنے آپ کو بیچ لیا ہے، کاش! ان کو عقل ہوتی۔
جو لوگ کفر پر کمر بستہ ہیں، خواہ وہ اہل کتاب میں سے ہوں یا مشرکین میں سے، نہیں چاہتے کہ تم پر تمہارے رب کی طرف سے کوئی بھلائی ہو؛ حالاں کہ اللہ جسے چاہے اپنی رحمت کے لئے مخصوص کر لے، اور اللہ بڑا فضل والا ہے۔
ہم کوئی بھی آیت منسوخ کرتے ہیں یا بھلا دیتے ہیں، تو اس سے بہتر ہی یا اسی کے مانند دوسرا حکم عطا کر دیتے ہیں، کیا تم کو نہیں معلوم کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے؟
یا (اے مسلمانو!) تم بھی چاہتے ہو کہ اپنے رسول سے (اسی طرح کے) سوال کرو جیسے اس سے پہلے موسیٰ سے کئے گئے تھے؟ اور جو ایمان کی بجائے کفر کو اختیار کرے وہ یقیناً راہِ راست سے دور ہٹ جائے گا۔
بہت سے اہل کتاب دل سے خواہاں ہیں کہ تم لوگوں کو مسلمان ہونے کے بعد پھر مرتد کر دیں، یہ محض ان کے حسد کی وجہ سے ہے؛ باوجودیکہ حق ان پر واضح ہو چکا ہے، خیر، عفو و درگذر سے کام لو، یہاں تک کہ اللہ اپنا حکم بھیج دے، بے شک اللہ ہر چیز پر قادر ہے،
نماز قائم کرو، زکوٰۃ ادا کرو اور جو نیکی بھی تم اپنے لئے آگے (عالم آخرت کے لئے) بھیجو گے، اللہ کے پاس اسے موجود پاؤ گے، بے شک اللہ تمہارے اعمال کو دیکھ رہا ہے۔
ہاں، جو کوئی بھی اپنے آپ کو اللہ کے حوالہ کر دے اور وہ مخلص بھی ہو، اس کے رب کے پاس اس کا اجر محفوظ ہے، نہ ان کے لئے اندیشہ ہے اور نہ وہ غم سے دوچار ہوں گے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
یہود نے کہا کہ نصاریٰ کی کوئی بنیاد نہیں اور نصاریٰ نے کہا کہ یہود کی کوئی بنیاد نہیں؛ حالاں کہ یہ سب (ایک ہی) کتاب پڑھتے ہیں، اسی طرح جو لوگ (آسمانی کتاب کا) علم نہیں رکھتے، (یعنی: مشرکین) وہ بھی ان ہی کی سی بات کہتے ہیں، تو جس بات میں وہ جھگڑ رہے ہیں، اللہ ان کے درمیان اس کے بارے میں قیامت کے دن فیصلہ کردے گا۔
اور اس سے بڑھ کر ظالم اور کون ہوگا جو اللہ کی مسجدوں میں اللہ کا نام لینے سے روکے اور اس کو ویران کرنے کے درپے ہو، وہ تو اس لائق بھی نہیں کہ بے خوف ہوکر مسجدوں میں داخل ہوں، ان کے لئے دنیا میں رسوائی اور آخرت میں بڑا عذاب ہے۔
اور یہ لوگ کہتے ہیں کہ اللہ اولاد رکھتا ہے، اللہ کی ذات (ان باتوں سے) پاک ہے؛ بلکہ زمین وآسمان میں جو کچھ ہے، وہ اُسی کی ملکیت ہے، سب کے سب اُسی کے فرمانبردار ہیں،
جو لوگ علم سے بے بہرہ ہیں، وہ کہتے ہیں: ”اللہ ہم سے گفتگو کیوں نہیں کرتا یا ہمارے پاس کوئی نشانی کیوں نہیں آجاتی؟“ انھیں کی سی بات پہلے لوگ بھی کہہ چکے ہیں، ان کے دل ایک جیسے ہیں، یقین کرنے والوں کے لئے ہم نے اچھی طرح دلیلیں واضح کردی ہیں،
ہم نے آپ کو حق دے کر بھیجا ہے کہ آپ (صرف ایمان لانے والوں کو) خوشخبری سنائیں اور (ایمان نہ لانے والوں کو) ڈرائیں اور (رہ گئے دوزخ میں جانے والے تو) دوزخیوں کے متعلق آپ سے پوچھ نہ ہوگی۔
یہود ونصاریٰ آپ سے اس وقت تک خوش نہیں ہوں گے، جب تک آپ ان کے مذہب کے پیرو نہ ہوجائیں، آپ کہہ دیجیے: ”حقیقت میں جو راہ اللہ نے بتائی ہے، وہی درست راستہ ہے!“ جس علم (وحی) سے آپ کو سرفراز کیا گیا ہے، اگر اس کے حاصل ہونے کے بعد بھی آپ ان کی خواہشات کی پیروی کرنے لگیں، تو اللہ کے مقابلہ آپ کا کوئی دوست اور مددگار نہ ہوگا،
جن لوگوں کو ہم نے کتاب دی ہے، اگر وہ اس کی اس طرح تلاوت کریں، جو اس کی تلاوت کا حق ہے، تو وہ اس (قرآن) پر ایمان لے آئیں گے، اور جو اس کا انکار کریں گے، وہ (خود ہی) نقصان اُٹھائیں گے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
جب ابراہیم کا اس کے رب نے چند باتوں میں امتحان لیا، تو وہ اسے بجالائے، حق تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: میں تجھے سب لوگوں کا پیشوا بناؤں گا، ابراہیم نے کہا: میری اولاد میں سے بھی؟ ارشاد ہوا: میرا وعدہ نافرمانوں سے متعلق نہیں،
اور وہ وقت بھی یاد کرو جب ہم نے خانۂ کعبہ کو لوگوں کے جمع ہونے کی اور امن کی جگہ بنا دیا، (اور ہم نے حکم دیا) تم ”مقام ابراہیم“ کو نماز کی جگہ بنا لو، اور ہم نے ابراہیم و اسماعیل سے وعدہ لیا تھا کہ میرے گھر کو طواف، اعتکاف اور رکوع و سجدہ کرنے والوں کے لئے خوب پاک رکھا کرو۔
اور جب ابراہیم نے عرض کیا: ”میرے پروردگار! اس کو امن والا شہر بنا دیجئے اور اس شہر کے رہنے والوں میں سے جو اللہ اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے، اس کو پھلوں سے روزی دیجئے“ اللہ نے ارشاد فرمایا: ”جو کافر ہوگا، اسے بھی کچھ دنوں (دنیا سے) نفع اُٹھانے کا موقع دوں گا، پھر اسے دوزخ کے عذاب کی طرف کھینچوں گا اور وہ کیا ہی برا ٹھکانہ ہے!“
اور وہ وقت بھی یاد رکھنے کے لائق ہے جب ابراہیم و اسماعیل کعبۃ اللہ کی بنیادیں اُٹھا رہے تھے (اور اللہ سے التجا کرتے جاتے تھے): ”ہمارے پروردگار! ہم سے (یہ گھر) قبول فرما لیجئے! یقیناً آپ خوب سننے والے اور خوب جاننے والے ہیں“۔
اے ہمارے پروردگار! ہم دونوں کو اپنا فرماں بردار بنائے رہئے، ہماری نسل میں سے بھی اپنی ایک فرماں بردار جماعت پیدا فرمایئے، ہمیں عبادت کے طریقے بتلا دیجئے اور ہماری توبہ قبول فرمایئے، بے شک آپ ہی توبہ قبول کرنے والے بڑے مہربان ہیں۔
پروردگار ہمارے! ان میں ان ہی میں سے ایک پیغمبر بھیج دیجئے، جو ان کو آپ کی آیتیں پڑھ پڑھ کر سنایا کریں، کتاب و حکمت کی تعلیم دیں اور انھیں پاک و صاف کر دیں، بے شک آپ بڑی قدرت والے اور بڑے دانا ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
ابراہیم بھی اپنے بیٹوں کو اسی کی وصیت کر گئے ہیں اور یعقوب بھی (کہ) ”میرے بیٹو! بے شک اللہ نے تمہارے لئے دین کو پسند فرمالیا ہے؛ اس لئے اسلام ہی کی حالت میں تمہیں موت آنی چاہئے“۔
کیا تم اس وقت موجود تھے جب یعقوب کا آخری وقت آیا، اس وقت یعقوب نے اپنے بیٹوں سے کہا: تم میرے بعد کس کی عبادت کرو گے؟ انھوں نے جواب دیا: ہم آپ کے معبود، آپ کے باپ دادا ابراہیم، اسماعیل اور اسحاق کے معبود یعنی ایک ہی معبود کی عبادت کریں گے اور ہم اسی کے فرمانبردار رہیں گے۔
اور (یہ) کہتے ہیں کہ یہودی یا نصرانی ہوجاؤ تو ہدایت پاجاؤ گے، آپ کہہ دیجئے: نہیں؛ بلکہ ہم نے یکسو ہوکر ابراہیم کا مذہب اختیار کیا، اور ابراہیم شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھے۔
(مسلمانو!) کہو: ”ہم ایمان رکھتے ہیں اللہ پر، اس کتاب پر بھی جو ہماری طرف نازل کی گئی اور ان کتابوں پر بھی جو ابراہیم، اسماعیل، اسحاق، یعقوب، اور یعقوب کی اولاد پر نازل ہوئیں، نیز ان کتابوں پر بھی جو موسیٰ، عیسیٰ اور دوسرے پیغمبروں کو ان کے رب کی طرف سے عطا فرمائی گئیں، ہم ان میں سے کسی کے درمیان فرق نہیں کرتے، اور ہم اللہ ہی کے فرمانبردار ہیں“۔
پھر جس طرح تم ایمان لائے ہو، اسی طرح وہ بھی ایمان لے آئیں، تو انھوں نے ہدایت پالی، اور اگر اس سے منھ موڑیں تو ان کا مقصد محض اختلاف ہے؛ لہٰذا ان کے مقابلہ میں آپ کے لئے اللہ کافی ہے اور اللہ خوب سننے والا اور خوب جاننے والا ہے۔
آپ کہئے کہ تم ہم سے اللہ کے بارے میں جھگڑتے ہو؛ حالاں کہ وہی ہمارا بھی پروردگار ہے اور تمہارا بھی، ہمارے لئے ہمارے اعمال ہیں اور تمہارے لئے تمہارے اعمال، اور ہم نے تو اپنے کو اللہ ہی کے لئے خالص کرلیا ہے۔
کیا تم کہتے ہو کہ ابراہیم، اسماعیل، اسحاق، یعقوب اور ان کی اولاد یہودی یا نصرانی تھے؟ آپ پوچھئے کہ تم زیادہ واقف ہو یا اللہ؟ اور اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو ایسی گواہی کو چھپائے جو اس کے پاس اللہ کی طرف سے آچکی ہے؟ اور اللہ تمہارے اعمال سے بے خبر نہیں ہے۔
عنقریب (کچھ) ناسمجھ کہیں گے کہ ”مسلمان پہلے سے جس قبلہ پر تھے، اس کا رُخ کس نے موڑ دیا؟“ آپ کہہ دیجئے کہ مشرق و مغرب اللہ ہی کا ہے، اللہ جسے چاہتا ہے، درست راستہ کی ہدایت سے نواز دیتا ہے۔
اسی طرح ہم نے تم کو ”اُمت وسط“ بنایا؛ تاکہ تم لوگوں پر گواہ رہو اور رسول تم پر گواہ ہوں، اے رسول! آپ پہلے جس قبلہ پر تھے، اس کو ہم نے اسی لئے قبلہ بنایا تھا کہ ہم الٹے پاؤں واپس ہونے والوں کے مقابلہ ان لوگوں کو دیکھ لیں، جو (ثابت قدمی کے ساتھ) رسول کی پیروی کرنے والے ہیں، اور یہ بات واقعی گراں گذرتی ہے؛ مگر ان لوگوں پر نہیں، جن کو اللہ نے ہدایت عطا فرمائی اور اللہ تعالیٰ تمہارے ایمان کو برباد کرنے والا نہیں ہے، بے شک اللہ لوگوں کے ساتھ بہت شفیق اور مہربان ہے۔
ہم بار بار آسمان کی طرف چہرہ اُٹھتے دیکھ رہے ہیں، تو ہم آپ کو اسی قبلہ کی جانب متوجہ کردیں گے جو آپ کو پسند ہے، (اب) آپ اپنا رُخ مسجد حرام کی طرف کرلیں، اور مسلمانو! تم لوگ جہاں کہیں بھی ہو، اپنے رُخ مسجد حرام ہی کی طرف رکھو اور بلاشبہ اہل کتاب کو معلوم ہے کہ یہ ان کے رب کی طرف سے حق ہے، اور اللہ ان کے اعمال سے بے خبر نہیں ہے۔
اگر اہل کتاب کے سامنے آپ تمام نشانیاں پیش کردیں، جب بھی وہ آپ کے قبلہ کی پیروی نہیں کریں گے اور نہ آپ ان کے قبلہ کی پیروی کرسکتے ہیں، خود ان میں سے بھی ایک دوسرے کے قبلہ کو تسلیم نہیں کرتا ہے، اور اگر معلوم ہوجانے کے باوجود آپ ان کی خواہشات کی پیروی کرنے لگیں تو یقیناً اُس وقت آپ کا شمار ظالموں میں ہوگا۔
ہر ایک کے لئے ایک قبلہ ہے، جس کی طرف وہ (عبادت میں) رُخ کیا کرتا ہے، تو نیکیوں میں سبقت کرو، تم جہاں کہیں بھی رہو، اللہ تم سب کو لے آئے گا، بے شک اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔
(اے رسول!) آپ جہاں بھی جائیں (نماز میں) اپنا رُخ مسجد حرام کی طرف رکھیں، یقیناً یہی حق ہے جو آپ کے رب کی طرف سے ہے، اور اللہ تمہارے اعمال سے بے خبر نہیں ہے۔
(مزید تاکید جانیں کہ) جہاں بھی جائیں (نماز میں) اپنا رُخ مسجد حرام ہی کی طرف رکھیں اور (مسلمانو!) تم (بھی) جہاں کہیں رہو، (نماز میں) اپنا رُخ مسجد حرام ہی کی طرف رکھو؛ تاکہ لوگوں کو تمہارے خلاف دلیل فراہم نہ ہو جائے، سوائے ان میں سے کچھ لوگوں کے جو انصاف نہیں کرتے، تو ان (کے اعتراضات) سے نہ ڈرو اور مجھ ہی سے ڈرتے رہو، (یہ حکم اس لئے ہے کہ) میں تم پر اپنی نعمت پوری کر دوں، اور تاکہ تم ہدایت پا جاؤ۔
جیسا کہ (ہم نے تم پر یہ انعام کیا کہ) تمہارے درمیان تمہیں میں سے رسول بھیجا، جو تم پر ہمارے احکام کی تلاوت کرتے ہیں، تم کو (گناہوں سے) پاک کرتے ہیں اور کتاب و حکمت کی تعلیم دیتے ہیں، نیز جن باتوں کا تم کو علم نہیں تھا، تم کو اُن کی تعلیم دیتے ہیں۔
بے شک صفا اور مروہ اللہ کی نشانیوں میں سے ہیں، اس لئے جو شخص حج یا عمرہ کرے، اس پر ان دونوں کی سعی کرنے میں مضائقہ نہیں، اور جو اپنی خوشی سے (مزید) نیکی کرے تو اللہ (نیکی کے) قدرداں (اور اس سے) خوب واقف ہے۔
بے شک جو لوگ ہماری اتاری ہوئی دلیلوں اور ہدایت کو، باوجودیکہ ہم اس کو لوگوں کے لئے (آسمانی) کتاب میں واضح کر چکے ہیں، چھپاتے ہیں، ان پر اللہ کی لعنت ہے اور تمام ہی لعنت کرنے والے ان پر لعنت کرتے رہتے ہیں۔
سوائے ان لوگوں کے جنھوں نے توبہ کر لی، درست عمل کرنے لگے اور حق بات کو ظاہر کر دیا، یہی لوگ ہیں کہ میں ان کی توبہ قبول کروں گا اور میں خوب توبہ قبول کرنے والا اور بہت مہربان ہوں،
بے شک آسمان و زمین کی پیدائش میں، شب و روز کی تبدیلی میں، ان کشتیوں میں جو لوگوں کے نفع کی چیزیں لے کر سمندر میں چلتی رہتی ہیں، اس بات میں کہ اللہ نے بادل سے پانی برسایا، پھر اس کے ذریعہ مردہ زمین کو زندگی بخشی اور زمین میں ہر طرح کے جاندار پھیلا دیئے، ہواؤں اور ان بادلوں میں جو زمین و آسمان کے درمیان اللہ کے حکم کے تابع ہیں، سمجھ رکھنے والوں کے لئے نشانیاں ہیں۔
بعض لوگ وہ ہیں جو اوروں کو اللہ کا شریک ٹھہراتے ہیں، جیسے اللہ سے محبت رکھنی چاہئے، ویسی ہی ان سے محبت رکھتے ہیں، اور جو لوگ ایمان لا چکے ہیں، اللہ سے ان کی محبت اس سے بھی بڑھ کر ہے، کاش! یہ ظالم اس وقت کو دیکھ لیں، جب یہ عذاب دیکھیں گے، (ان کو پتہ چل جائے گا) کہ تمام طاقت اللہ ہی کے لئے ہے اور اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔
(وہ وقت بھی قابل ذکر ہے) جب قوم کے پیشوا اپنی پیروی کرنے والوں سے بیزاری ظاہر کریں گے، وہ (خود) عذاب کا سامنا کریں گے اور ان کے تمام سہارے ٹوٹ چکے ہوں گے،
تو پیروی کرنے والے کہیں گے کہ اگر ہمیں ایک موقع اور ملے تو جیسے وہ ہم سے بے تعلقی برت رہے ہیں، ہم بھی ان سے بے تعلقی کا برتاؤ کریں، اللہ اسی طرح ان کو ان کے اعمال دکھائے گا، جو ان کے لئے سامانِ حسرت ہوگا اور وہ دوزخ سے ہرگز نہ نکل سکیں گے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اس کتاب کی پیروی کرو جو اللہ نے نازل فرمائی ہے تو کہتے ہیں: بلکہ ہم تو اس کی پیروی کریں گے، جس پر ہم نے اپنے باپ دادا کو پایا ہے، چاہے ان کے باپ دادا نا سمجھ اور ہدایت سے محروم ہی کیوں نہ ہوں؟
اور کافروں کی مثال اس شخص کی سی ہے جو ایسے (جانور) کو پکارے، جو سوائے پکارنے اور چلانے کے کچھ نہ سنتے ہوں، یہ بہرے، گونگے، اندھے ہیں؛ اس لئے کچھ نہیں سمجھتے۔
بے شک اللہ نے تم پر مردار، خون، سور کا گوشت، اور وہ جانور جس پر اللہ کے سوا کسی کا نام لیا گیا ہو، حرام کیا ہے، ہاں، جو شخص مجبور ہو جائے (اور ان میں سے کچھ کھا لے) نہ نافرمانی مقصود ہو اور نہ حد سے تجاوز کرے، تو اس پر کچھ گناہ نہیں، بے شک اللہ بہت درگذر کرنے والا اور نہایت مہربان ہے۔
اللہ نے کتاب میں جو مضمون نازل کیا ہے، جو لوگ اسے چھپاتے ہیں اور اس کے بدلہ تھوڑی سی قیمت حاصل کر لیتے ہیں، وہ یقیناً اپنے پیٹ میں آگ بھر رہے ہیں، قیامت کے دن اللہ ان سے نہ بات کرے گا، اور نہ ان کو پاک فرمائے گا، اور ان کے لئے دردناک عذاب ہے۔
محض اپنا رخ پورب یا پچھم کی طرف کر لینا نیکی نہیں ہے؛ بلکہ نیک وہ ہے جو اللہ پر، آخرت پر، فرشتوں پر، (آسمانی) کتاب پر اور پیغمبروں پر ایمان رکھے، اپنا محبوب مال، قرابت داروں، یتیموں، مسکینوں، مسافروں اور مانگنے والوں پر، نیز غلاموں کے آزاد کرانے میں خرچ کرے، نماز قائم کرے اور زکوٰۃ ادا کرے، جب وعدہ کرے تو وعدہ پورا کرے، تنگدستی، بیماری اور جنگ کے موقع پر صبر سے کام لے، یہی لوگ اپنے ایمان میں سچے ہیں اور یہی تقویٰ والے ہیں۔
اے ایمان والو! تم پر مقتولوں کے بارے میں ”قصاص“ فرض کیا گیا ہے، آزاد نے قتل کیا ہو تو اس آزاد سے، غلام نے قتل کیا ہو تو اس غلام سے اور عورت نے قتل کیا ہو تو اس عورت سے بدلہ لیا جائے، پھر جس (قاتل) کو اس کے بھائی کی طرف سے کچھ بھی معاف کر دیا جائے تو مناسب طریقہ پر (مقتول کے ورثہ کو خوں بہا کا) مطالبہ کرنا چاہئے اور (قاتل کو بھی) بہتر طریقہ پر ادا کر دینا چاہئے، یہ تمہارے رب کی طرف سے آسانی اور مہربانی ہے؛ لہٰذا جو اس کے بعد زیادتی کرے گا، تو اس کے لئے دردناک عذاب ہے۔
جب تم میں سے کسی پر موت (کا وقت قریب) آ جائے اور وہ کچھ مال چھوڑ رہا ہو تو تم پر والدین اور رشتہ داروں کے لئے مناسب طریقہ پر وصیت کرنا فرض ہے، یہ تقویٰ والوں پر لازم ہے۔
البتہ جس شخص کو وصیت کرنے والے سے غلطی یا گناہ کا اندیشہ ہو اور وہ ان کے درمیان صلح کرا دے تو اس پر کچھ گناہ نہیں، بے شک اللہ بڑا بخشنے والا نہایت مہربان ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
گنتی کے چند دنوں (ہی کے روزے فرض ہیں)، پھر تم میں سے جو بیمار ہو، یا سفر پر ہو تو دوسرے دنوں میں اتنے ہی دن روزے رکھ لے اور جو لوگ اس کی طاقت رکھتے ہوں (اور پھر بھی روزہ نہ رکھیں)، ان پر فدیہ، ایک محتاج کا کھانا، ہے، پھر جو اپنی خوشی سے (مزید) نیکی کرے، تو یہ اس کے لئے (ہی) بہتر ہے، اور اگر تم سمجھ رکھتے ہو تو تمہارے حق میں بہتر یہی ہے کہ روزے رکھ لو۔
ماہِ رمضان ہی ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا، جو لوگوں کے لئے ذریعۂ ہدایت، ہدایت کی واضح دلیلوں پر مشتمل اور حق و باطل میں فرق کرنے والا، پس تم میں سے جو رمضان کا مہینہ پائے، وہ اس ماہ کا روزہ ضرور ہی رکھے اور جو مریض یا مسافر ہو، وہ دوسرے دنوں میں اتنے ہی دنوں روزہ رہے، اللہ تمہارے ساتھ آسانی چاہتا ہے نہ کہ دشواری، اور چاہتا ہے کہ (روزہ کی) مقررہ تعداد پوری کر لو، نیز اللہ نے تم کو ہدایت عطا فرمائی ہے، اس پر اللہ کی بڑائی بیان کرو اور اس کا شکر ادا کرو۔
اور جب میرے بندے آپ سے میرے بارے میں دریافت کریں تو (کہہ دیجئے) کہ میں قریب ہی ہوں، جب کوئی مجھ سے دُعاء کرتا ہے تو دُعاء کرنے والوں کی دُعاء قبول کرتا ہوں، تو لوگوں کو بھی چاہئے کہ میرے احکام کو قبول کریں اور مجھ پر ایمان لائیں؛ تاکہ وہ ہدایت سے سرفراز ہوں۔
روزہ کی رات میں تمہارے لئے اپنی بیوی سے ہم بستری حلال کی جاتی ہے، وہ تمہارے لئے اور تم ان کے لئے لباس ہو، اللہ کو معلوم ہے کہ تم اپنے آپ سے خیانت کیا کرتے تھے، تو اللہ تعالیٰ نے تمہاری توبہ قبول کر لی اور تم سے درگذر فرما دیا؛ لہٰذا اب اپنی بیویوں سے ہم بستری کرو اور تمہارے لئے اللہ نے جو مقدر فرمایا ہے، اسے تلاش کرو، نیز جب تک صبح کی سپیدی (رات) کی سیاہی سے نمایاں نہ ہو جائے کھاؤ پیو، (پھر پورا کرو روزہ کو رات تک)، اور (ہاں) جب تم مسجد میں معتکف رہو تو بیوی سے صحبت نہ کرنا، یہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں، ان کے قریب بھی نہ جانا، اللہ اسی طرح لوگوں کے لئے اپنے احکام بیان فرماتا ہے؛ تاکہ وہ تقویٰ اختیار کریں۔
لوگ آپ سے چاند کے بارے میں دریافت کرتے ہیں، آپ کہہ دیں کہ یہ لوگوں کے لئے اوقات کو جاننے اور (خاص کر) حج (کے ایام) کو پہچاننے کا ذریعہ ہیں، نیکی یہ نہیں ہے کہ تم گھروں میں ان کی پشت کی طرف سے داخل ہو؛ بلکہ نیک وہ ہے جو اللہ کا ڈر رکھتا ہو، گھروں میں ان کے دروازوں سے آیا کرو، اور اللہ سے ڈرتے رہو؛ تاکہ تم فلاح پاؤ۔
اور ان کو جہاں پاؤ مار ڈالو اور جہاں سے انھوں نے تم کو نکالا ہے، تم بھی انھیں نکال باہر کرو؛ کیوں کہ فتنہ انگیزی قتل سے بڑھ کر ہے، اور جب تک وہ خود تم سے جنگ نہ کریں، مسجد حرام کے پاس تم بھی ان سے جنگ نہ کرو، ہاں اگر وہ خود تم سے جنگ کریں، تو تم بھی ان کو قتل کرو، ایمان نہ لانے والوں کی سزا یہی ہے۔
اور جب تک فتنہ ختم نہ ہوجائے اور دین اللہ ہی کے لئے نہ ہوجائے، ان سے جنگ کرتے رہو، ہاں، اگر وہ باز آجائیں، تو سوائے ظالموں کے کسی پر زیادتی نہ کی جائے۔
حرمت والا مہینہ حرمت والے مہینہ کے بدلہ ہے اور ادب و حرمت کا پاس رکھنے میں بھی برابری ہے، تو جو تم پر (حرام مہینہ میں) زیادتی کرے، اس کی زیادتی کے مطابق تم بھی بدلہ لو، اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان لو کہ بے شک اللہ تقویٰ اختیار کرنے والوں کے ساتھ ہے۔
حج و عمرہ کو اللہ کے لئے پورا کرو، پھر اگر تم روک دیئے جاؤ تو جو قربانی میسر ہو (پیش کرو)، اور جب تک قربانی اپنے ٹھکانہ پر نہ پہنچ جائے، بال نہ مونڈاؤ، ہاں! تم میں سے جو بیمار ہو یا اس کو سر میں کچھ تکلیف ہو، تو (بال مونڈالے اور) روزہ یا صدقہ یا قربانی کے ذریعہ فدیہ ادا کردے، پھر جب تم اطمینان کی حالت میں ہو، تو جو حج کے ساتھ عمرہ کا فائدہ اُٹھائے، اس کو چاہئے کہ جو قربانی میسر ہو، کرے، جس کو قربانی (کا جانور) میسر نہ ہو، وہ تین دنوں حج کے دنوں میں روزہ رکھے اور سات روزے تمہارے واپس آجانے کے بعد، یہ پورے دس روزے ہوئے، یہ حکم ان لوگوں کے لئے ہے، جن کے گھر والے ”مسجد حرام“ کے پاس نہ رہتے ہوں اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان لو کہ اللہ کی سزا بہت سخت ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
حج کے چند متعین مہینے ہیں، جو اِن میں (احرام باندھ کر اپنے آپ پر) حج لازم کر لے، تو پھر وہ حج میں نہ کوئی فحش بات کرے، نہ گناہ اور نہ جھگڑا، اور تم جو بھی اچھے کام کرتے ہو، اللہ اس کو جانتا ہے اور (ہاں) راستہ کا توشہ لے لیا کرو، بہترین توشہ تقویٰ ہے، اور اے اصحابِ عقل و دانش! مجھ ہی سے ڈرتے رہا کرو۔
تم پر (حج کے موقع سے) اپنے رب کی روزی تلاش کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، پھر جب تم عرفات سے واپس لوٹو تو ”مشعر حرام“ کے پاس اللہ کا ذکر کیا کرو، اور ذکر بھی اس طرح کرو، جس طرح اللہ نے بتایا ہے، اور یقیناً اس سے پہلے تم (اس سلسلہ میں) صحیح راستہ سے ہٹے ہوئے تھے۔
نیز جب حج کے افعال ادا کر لو، تو جیسے (اسلام سے پہلے) اپنے باپ دادا کو یاد کرتے تھے، اسی طرح بلکہ اس سے بڑھ کر تم اللہ کو یاد کرو، پھر کچھ لوگ تو وہ ہیں جو کہتے ہیں: ”اے ہمارے رب! ہمیں دنیا ہی میں دے دیجئے“ اور آخرت میں ان کا کوئی حصہ نہیں ہے۔
اور گنتی کے (اِن) چند دنوں میں اللہ کا ذکر کرتے رہو، پھر اگر کوئی شخص جلد ’دو ہی دنوں‘ میں چلا جائے تو اس پر کوئی گناہ نہیں اور جو (تیسرے دن بھی) رہ جائے، اس پر بھی کوئی گناہ نہیں؛ یہ اس کے لئے ہے جو ڈرتا رہے، ڈرتے رہو اور جان لو کہ تم سب اللہ ہی کے پاس جمع کئے جاؤ گے۔
جب وہ حکومت پا لیتے ہیں تو زمین میں اس بات کے لئے دوڑ دھوپ کرتے ہیں کہ فساد برپا کریں اور کھیتوں اور جانوروں کو ہلاک و برباد کر دیں، اور اللہ فساد کو پسند نہیں کرتا۔
کیا وہ اس بات کے منتظر ہیں کہ ان کے پاس اللہ اور فرشتے ابر کے سائبانوں میں آ جائیں اور قصہ (ہی) طے ہو جائے؟ اور سارے معاملات اللہ ہی کے حضور رُجوع کئے جائیں گے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
(اے رسول!) آپ بنی اسرائیل سے پوچھئے کہ ہم نے ان کو کس قدر کھلی ہوئی نشانیاں دی تھیں، اور جو کوئی اللہ کی نعمت حاصل ہونے کے بعد اس کو بدل ڈالے، تو (جان لو کہ) اللہ کا عذاب بہت سخت ہے۔
کافروں کے لئے دنیوی زندگی بڑی خوشنما بنا دی گئی ہے، اور یہ لوگ اہل ایمان کا مذاق اُڑاتے ہیں؛ حالاں کہ جن لوگوں نے تقویٰ اختیار کیا ہے، وہ قیامت کے دن ان سے بلند درجہ پر ہوں گے اور (دنیا میں) اللہ جس کو چاہتا ہے بے حساب روزی دے دیتا ہے۔
(ایک زمانہ میں) تمام لوگ ایک ہی دین پر تھے، پھر (جب لوگوں میں اختلاف پیدا ہوا تو) اللہ نے خوشخبری دینے والے اور ڈرانے والے پیغمبروں کو بھیجا اور ان کے ساتھ حق کی حامل رہنما کتاب نازل فرمائی؛ تاکہ جن باتوں کے بارے میں لوگوں کے درمیان اختلاف تھا، ان میں اللہ فیصلہ کر دے، اور یہ اختلاف محض باہمی ضد کی وجہ سے کھلی ہوئی دلیلیں آ جانے کے بعد خود ان لوگوں نے کیا جن کو کتاب عطا کی گئی تھی، تو جن باتوں کے بارے میں یہ اختلاف کر رہے تھے، اللہ نے اپنی مرضی سے ان کے سلسلہ میں مومنوں کو حق کی رہنمائی فرمائی اور اللہ جسے چاہتا ہے راہِ راست بتا دیتا ہے۔
(مسلمانو!) کیا تمہارا خیال ہے کہ تم ان آزمائشوں سے گذرے بغیر جنت میں داخل ہو جاؤ گے، جن سے تم سے پہلے کی اُمتیں گذر چکی ہیں؟ ان کو تنگی اور سختی پیش آئی اور وہ ہلا ڈالے گئے؛ یہاں تک کہ رسول اور ان کے ساتھ ایمان لانے والے بول اٹھے کہ کب اللہ کی مدد آئے گی؟ (ان سے کہا گیا) سن لو! یقیناً اللہ کی مدد قریب ہے۔
لوگ آپ سے دریافت کرتے ہیں کہ کیا خرچ کریں؟ آپ کہہ دیجئے کہ ”جو کچھ بھی تم مال خرچ کرو، وہ والدین، قرابت داروں، یتیموں، مسکینوں اور مسافروں کا حق ہے“ اور تم جو بھی نیکی کرو گے اللہ اس سے خوب واقف ہے۔
تم پر جہاد فرض کیا گیا ہے جو تم پر گراں ہے، ممکن ہے کہ ایک چیز تم کو بری لگے؛ حالاں کہ وہ تمہارے حق میں بہتر ہو، اور ہو سکتا ہے کہ ایک چیز تم کو پسند ہو؛ حالاں کہ وہ تمہارے حق میں بہتر نہ ہو، اور اللہ جانتا ہے، تم نہیں جانتے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
لوگ آپ سے حرام مہینوں میں جہاد کرنے کے بارے میں دریافت کرتے ہیں، آپ کہہ دیں کہ: ”اس میں جنگ کرنا بڑا گناہ ہے اور اللہ کے راستہ سے روکنا، اللہ کو نہ ماننا، مسجد حرام سے روکنا اور یہاں رہنے والوں کو یہاں سے نکال دینا اللہ کے نزدیک اس سے بھی بڑا گناہ ہے اور فتنہ انگیزی قتل سے بھی بڑا جرم ہے“، یہ لوگ تم لوگوں سے لڑتے ہی رہیں گے، یہاں تک کہ اگر قابو پاجائیں تو تم کو تمہارے دین ہی سے پھیر دیں اور (یاد رکھو کہ) تم میں سے جو شخص دین سے مرتد ہوجائے اور کفر کی حالت میں مرے، تو دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی اس کے (نیک) اعمال غارت ہوجائیں گے، ایسے لوگ دوزخی ہیں اور وہ ہمیشہ دوزخ ہی میں رہیں گے۔
بے شک جو ایمان لائے، جنھوں نے ہجرت کی اور اللہ کے راستہ میں جہاد کیا، یہی اللہ کی رحمت کے (سچے) اُمیدوار ہیں اور اللہ بڑا بخشنے والا اور نہایت مہربان ہے۔
لوگ آپ سے شراب اور جوا کے بارے میں سوال کرتے ہیں، آپ کہہ دیں کہ: ”ان دونوں میں بڑا گناہ ہے، اور لوگوں کے لئے کچھ فائدے بھی ہیں؛ لیکن ان کا گناہ ان کے فائدوں سے بڑھ کر ہے“ لوگ آپ سے پوچھتے ہیں کہ (نیکی کے کاموں میں) کتنا خرچ کریں؟ آپ فرمادیں: جو اپنے خرچ سے بچ رہے! اللہ تم پر کھول کھول کر احکام بیان کرتا ہے؛ تاکہ تم سوچ لیا کرو
دنیا وآخرت کے بارے میں۔ اور یتیموں کے بارے میں (بھی) دریافت کرتے ہیں تو کہہ دیجئے کہ ان کی مصلحت کی رعایت کرنا بہتر ہے، اگر تم ان کو (خرچ) میں شامل رکھو تو وہ تمہارے (دینی) بھائی (ہی) ہیں اور اللہ (یتیموں کے ساتھ) خیر خواہی کا جذبہ اور بدخواہی کا ارادہ رکھنے والے سے واقف ہے، اگر اللہ چاہتا تو تم کو مشقت میں ڈال دیتا؛ (لیکن) یقیناً اللہ زبردست بھی ہے اور حکمت والا بھی۔
اور مشرک عورتیں جب تک مسلمان نہ ہوجائیں، ان سے نکاح نہ کرو اور ایک مسلمان باندی بھی (آزاد) مشرک خاتون سے بہتر ہے، گو وہ تم کو پسند ہو، اور (مسلمان عورتوں کا) مشرک مردوں سے جب تک وہ مسلمان نہ ہوجائیں، نکاح نہ کرو (اور البتہ غلام مسلمان بہتر ہے مشرک سے) گو وہ تم کو پسند ہوں؛ کیوں کہ یہ دوزخ کی طرف بلاتے ہیں اور اللہ اپنی توفیق دے کر جنت اور مغفرت کی طرف بلاتا ہے اور اللہ لوگوں کے لئے اپنے احکام کھول کھول کر بیان فرماتا ہے؛ تاکہ لوگ نصیحت حاصل کریں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
لوگ آپ سے حیض کا حکم دریافت کرتے ہیں، کہہ دیجئے کہ وہ گندگی ہے، لہٰذا زمانۂ حیض میں عورتوں سے الگ رہو اور جب تک عورتیں پاک نہ ہو جائیں، ان سے الگ ہی رہو (یعنی) پاک ہونے تک ان سے صحبت نہ کرو، پھر جب پاک ہو جائیں تو جس مقام سے اللہ نے تم کو اجازت دی ہے، اسی راستہ سے ان سے صحبت کر سکتے ہو، بے شک اللہ خوب توبہ کرنے والوں اور خوب پاک رہنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
تمہاری بیویاں تمہاری کھیتیاں ہیں، تو اپنی کھیتی پر جس طرح چاہو آؤ، اور آئندہ کے واسطے بھی عمل کرتے رہو، اللہ سے ڈرتے رہو اور جان لو کہ تم لوگوں کو یقیناً اللہ سے ملنا ہے نیز ایمان والوں کو خوشخبری سنا دیجئے۔
اللہ ”یمین لغو“ میں تمہاری پکڑ نہیں فرمائے گا؛ لیکن تمہارے دلوں نے جس کا ارادہ کیا ہو، اس میں گرفت فرمائے گا، اور اللہ بہت درگذر کرنے والا اور بردبار ہے۔
اور جن عورتوں کو طلاق دے دی گئی ہے، وہ تین حیض تک (دوسرے نکاح سے) رکی رہیں، اور اگر وہ اللہ اور آخرت پر ایمان رکھتی ہوں تو ان کے لئے روا نہیں کہ اللہ نے ان کے رحم میں جو پیدا کیا ہے، وہ اسے چھپائیں، نیز اس مدت میں ان کے شوہر ان کو لوٹانے کے زیادہ حقدار ہیں؛ بشرطیکہ اصلاح مقصود ہو، اور جیسے عورتوں پر مردوں کے حقوق ہیں، ایسے ہی مردوں پر عورتوں کے حقوق بھی ہیں (دستور کے موافق)، ہاں؛ البتہ مردوں کو عورتوں پر ایک گونہ فضیلت حاصل ہے، اور اللہ غالب اور حکمت والا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
یہ طلاق دو بار تک ہے، اس کے بعد یا تو بھلے طریقے پر روک رکھنا ہے یا اچھے سلوک کے ساتھ چھوڑ دینا ہے، اور جو کچھ تم بیویوں کو دے چکے ہو، تمہارے لئے اس میں سے کچھ بھی واپس لے لینا درست نہیں، سوائے اس کے کہ تم دونوں کو اندیشہ ہو کہ اللہ کی (مقرر کی ہوئی) حدود کو قائم نہ رکھ سکو گے، اگر تم کو اندیشہ ہو کہ میاں بیوی اللہ کی حدوں کو قائم نہ رکھ سکیں گے، پھر عورت اپنی رہائی کے لئے کچھ دے دے تو زوجین پر (اس طرح معاملہ طے کرنے میں) کچھ مضائقہ نہیں، یہ اللہ کی (قائم کی ہوئی) حدیں ہیں، ان سے تجاوز نہ کرنا، اور جو لوگ اللہ کی (مقرر کی ہوئی) حدوں سے تجاوز کر جاتے ہیں، وہی ظالم ہیں۔
پھر اگر شوہر بیوی کو (تیسری) طلاق دے دے، تو اب وہ عورت اس مرد کے لئے حلال نہ ہوگی، جب تک کہ وہ دوسرے مرد کے نکاح میں نہ جائے، پھر اگر دوسرے شوہر نے بھی اسے طلاق دے دی اور دونوں کو اعتماد ہو کہ وہ (اب) اللہ کی حدوں کو قائم رکھ سکیں گے، تو باہم رجوع کر لینے (یعنی نیا نکاح کرنے) میں کچھ حرج نہیں اور یہ اللہ کی (مقرر کی ہوئی) حدیں ہیں، جن کو اللہ ان لوگوں کے لئے بیان کرتا ہے جو سمجھ دار ہیں۔
اور جب تم بیویوں کو طلاق دو، پھر وہ اپنی عدت (کی تکمیل کے قریب) پہنچ جائیں تو یا تو بہتر طریقہ پر ان کو روک رکھو یا بھلے طریقہ پر چھوڑ دو، محض ان کو نقصان پہنچانے کے ارادہ سے، کہ تم زیادتی کرتے رہو، ان کو نہ روکو، جو ایسا کرتا ہے، وہ اپنے آپ ہی پر ظلم کرتا ہے، نیز اللہ کے احکام کو مذاق نہ بنالو اور اپنے آپ پر اللہ کے انعام کو اور اس بات کو کہ اللہ نے تمہاری نصیحت کے لئے تم پر کتاب اور حکمت اتاری ہے، یاد رکھو، اللہ سے ڈرتے رہو اور جان لو کہ اللہ ہر چیز سے خوب واقف ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور جب تم عورتوں کو طلاق دو پھر وہ اپنی عدت پوری کر لیں، تو اب ان کو اس بات سے نہ روکو کہ وہ اپنے (سابق) شوہر سے باہمی رضامندی کے ساتھ بھلے طریقہ پر نکاح کر لیں، تم میں سے جو اللہ پر اور آخرت پر ایمان رکھتا ہو، اس کو اس کی نصیحت کی جاتی ہے، یہ بات تمہیں پاکباز اور صاف ستھرا رکھے گی، اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔
مائیں اپنے بچوں کو پورے دو سال دودھ پلائیں، یہ حکم اس کے لئے ہے جو دودھ کی مدت پوری کرنا چاہے، اور (اس مدت میں) دودھ پیتے بچہ کے باپ پر اُن عورتوں کا مروج طریقہ کے مطابق کھانا اور کپڑا واجب ہے، کسی بھی شخص کو اس کی طاقت کے لحاظ سے ہی تکلیف دی جائے، نہ کسی ماں کو اس کی اولاد کے ذریعہ تکلیف پہنچائی جائے اور نہ کسی باپ کو، اور باپ کا انتقال ہو چکا ہو، تو (بچہ کے) وارث پر ایسا ہی واجب ہے، اگر وہ دونوں (ماں باپ) باہمی رضامندی سے اور مشورہ سے دودھ چھڑانا چاہیں تو کوئی حرج نہیں، اور اگر تم بچوں کو (کسی دایہ سے) دودھ پلانا چاہو تب بھی تم پر حرج نہیں؛ بشرطیکہ مروج طریقہ کے مطابق تم جو اُجرت دے رہے ہو، وہ حوالہ کر دو، اور اللہ سے ڈرو اور جان لو کہ تم جو کچھ بھی کرتے ہو، اللہ دیکھ رہا ہے۔
اور تم میں سے جن لوگوں کی وفات ہو جائے اور وہ بیویاں چھوڑ جائیں، وہ اپنے آپ کو چار ماہ دس دنوں روکے رکھیں، پھر جب یہ اپنی عدت پوری کر لیں، تو وہ اپنی ذات کے بارے میں درست طریقہ پر جو بھی قدم اُٹھائیں (اے بیوہ عورتوں کے اولیاء!) تم پر اس میں کچھ گناہ نہیں، اور تم جو بھی عمل کرتے ہو، اللہ اس سے باخبر ہے۔
نیز (اُن) عورتوں کو پیامِ نکاح کے متعلق اشارۃً کوئی بات کہنے یا اپنے دلوں میں چھپائے رکھنے میں تم پر گناہ نہیں، اللہ جانتا ہے کہ تم ان کا ذکر ضرور کرو گے؛ لیکن ان سے خفیہ عہد و قرار نہ کر لینا، ہاں، بھلی بات کہہ سکتے ہو، اور جب تک مقررہ عدت نہ گذر جائے، نکاح کرنے کا پختہ ارادہ نہ کر لو اور آگاہ رہو کہ جو کچھ تمہارے دلوں میں ہے، یقیناً اللہ اسے بھی جانتا ہے (سو اس سے ڈرتے رہو) اور جان لو کہ اللہ بخشنے والا اور بردبار ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اگر تم عورتوں کو ہاتھ لگانے یا ان کا مہر مقرر کرنے سے پہلے ہی طلاق دے دو، تو تم پر گناہ نہیں اور ان کو رخصتانہ ادا کر دو، خوش حال پر اس کی حیثیت کے مطابق رخصتانہ ہے اور تنگ دست پر اس کی حیثیت کے بہ قدر، بھلے طریقہ پر رخصتانہ ادا کر دینا چاہئے، یہ نیکی کرنے والوں پر لازم ہے۔
اور اگر ان کو ہاتھ لگانے سے پہلے طلاق دے دی اور تم ان کے لئے مہر بھی مقرر کر چکے تھے تو مقررہ مہر کا آدھا واجب ہے، سوائے اس کے کہ عورتیں خود معاف کر دیں یا جس کے ہاتھ میں نکاح کی گرہ ہے، وہ معاف کر دے، اور یہ بات کہ تم درگذر سے کام لو (اور پورا مہر چھوڑ دو) تقویٰ سے قریب تر ہے، اور ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کرنا نہ بھولو، تم جو کچھ کرتے ہو، یقیناً اللہ اس کو دیکھ رہا ہے۔
پس اگر دشمن یا کسی کا خوف ہو تو پیدل یا سوار (جیسے بَن پڑے) نماز ادا کر لو، پھر جب خوف نہ رہے تو اللہ نے جس طرح تم کو (نماز کا طریقہ) سکھایا ہے، جسے تم نہیں جانتے تھے، اسی طرح اللہ کو یاد کیا کرو۔
اور تم میں جن لوگوں کی وفات ہو جائے اور وہ بیویاں چھوڑ جائیں تو وہ اپنی بیویوں کے لئے ایک سال تک خرچ اور (گھر سے) نہ نکالے جانے کی وصیت کر جائیں، پھر اگر وہ (عدت گذرنے کے بعد خود ہی) نکل جائیں، تو وہ اپنے بارے میں جو بھی (بھلی بات) کریں، تم پر کچھ حرج نہیں، اور اللہ زبردست اور حکمت والا ہے۔
آپ کو ان لوگوں کے بارے میں علم ہے، جو موت کے ڈر سے اپنے گھروں سے نکل پڑے؟ حالاں کہ وہ ہزاروں کی تعداد میں تھے، اللہ نے ان سے فرمایا کہ مر جاؤ (وہ سب مر گئے)، پھر اللہ نے ان کو (دوبارہ) زندہ فرما دیا، بے شک اللہ تو انسان پر مہربان ہے؛ لیکن اکثر لوگ شکر ادا نہیں کرتے۔
کون ہے جو اللہ کو بہتر قرض پیش کرے، کہ اللہ اس کے لئے اس کو کئی چند فرما دے؟ اللہ ہی تنگی اور فراخی پیدا کرتا ہے اور اسی کی طرف تم لوگوں کو لوٹ کر جانا ہے۔
کیا آپ کو موسیٰ کے بعد بنی اسرائیل کے اس گروہ کا حال معلوم ہے کہ جب ان لوگوں نے اپنے نبی سے کہا: آپ ہمارے لئے ایک بادشاہ مقرر کر دیں کہ ہم (اس کے تحت) اللہ کے راستہ میں جہاد کریں، نبی نے کہا: ایسا تو نہ کرو گے کہ جب تم پر جہاد فرض کر دیا جائے تو جہاد نہ کرو؟ کہنے لگے: ہمیں کیا ہوا ہے کہ ہم اللہ کی راہ میں جہاد نہ کریں؛ حالاں کہ ہمیں ہمارے گھر بار اور بال بچوں سے محروم کر دیا گیا ہے؟ پھر جب ان پر جہاد فرض کر دیا گیا تو ان میں سے کچھ لوگوں کو چھوڑ کر سب نے پشت پھیر لی اور اللہ ظالموں سے خوب واقف ہے۔
اور ان سے ان کے نبی نے کہا: اللہ نے تمہارے لئے طالوت کو بادشاہ مقرر کیا ہے، کہنے لگے: بھلا اِس کو ہم پر کیسے حکومت حاصل ہو سکتی ہے؟ اِس سے زیادہ بادشاہت کے حقدار تو ہم ہیں، اس کو تو (ہم سے زیادہ) دولت نہیں دی گئی ہے؟ نبی نے کہا: اللہ نے اس کو تم پر بادشاہت کے لئے منتخب کر لیا ہے اور علمی و جسمانی اعتبار سے اس کو فوقیت عطا کی ہے، نیز اللہ جسے چاہے اپنا ملک عطا فرما دے اور اللہ کشادگی والا اور علم والا ہے۔
اور ان سے ان کے نبی نے کہا کہ اس کے حکمراں ہونے کی نشانی یہ ہے کہ تمہارے پاس وہ تابوت واپس آ جائے گا، جس میں تمہارے رب کی طرف سے سامانِ سکینت اور آلِ موسیٰ اور آلِ ہارون کے چھوڑے ہوئے (آثار و تبرکات) کا بچا کھچا ہے، جسے فرشتے اُٹھا کر لائیں گے، اگر تم (واقعی) ایمان والے ہو تو یقیناً اس میں تمہارے لئے کھلی نشانی ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
پھر جب طالوت فوج لے کر چلے تو کہا: اللہ ضرور ایک نہر سے تمہارا امتحان لے گا، جو نہر میں سے (آسودہ ہو کر) پی لے، وہ میرا نہیں ہے، اور جو اس سے نہ پئے، وہ میرے رفقاء میں ہوگا، سوائے اس کے کہ اپنے ہاتھ سے ایک چلو بھر لے (کہ اس قدر پینے کی اجازت ہے)؛ مگر ان میں سے کچھ لوگوں کے سوا سب پانی پی کر ہی رہے، جب طالوت اور ان کے ساتھ ایمان لانے والے نہر سے آگے بڑھے، تو کہنے لگے: آج ہمارے اندر جالوت اور اس کے لشکر کے مقابلہ کی طاقت نہیں؛ (البتہ) جو لوگ اللہ سے ملاقات کا یقین رکھتے تھے، انھوں نے کہا: بہت سے چھوٹے گروہ اللہ کے حکم سے بڑے گروہوں پر غالب آچکے ہیں اور اللہ تو صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔
اور جب انھوں نے جالوت اور اس کے لشکر کا سامنا کیا تو کہا: ہمارے پروردگار! ہم پر صبر نازل فرمایئے! ہمارے قدم جما دیجئے اور کافروں کے مقابلہ ہماری مدد فرمایئے!
چنانچہ طالوت کے لشکر نے جالوت کے لشکر کو اللہ کے حکم سے شکست دی، نیز داؤد نے جالوت کو قتل کر دیا، اللہ نے داؤد کو حکومت اور تدبیر سے نوازا تھا، اور جو کچھ اللہ کو منظور تھا، داؤد کو اس کا علم عطا فرمایا تھا، اگر اللہ تعالیٰ لوگوں میں سے ایک گروہ کی دوسرے گروہ کے ذریعہ مدافعت نہ کرتا رہے تو زمین میں فساد پھیل جائے؛ لیکن اللہ دنیا والوں پر بہت فضل کرنے والا ہے۔
ہم نے ان پیغمبروں میں بھی بعض کو بعض پر فضیلت دی ہے، بعض وہ ہیں جن سے اللہ نے گفتگو فرمائی ہے، بعض کے درجات بلند کئے ہیں، اور عیسیٰ بن مریم کو کھلی ہوئی دلیلیں عطا کیں اور روح القدس سے ان کی مدد کی، اگر اللہ چاہتا تو کھلی ہوئی دلیلیں آجانے کے باوجود ان رسولوں کے بعد آنے والے آپس میں قتل و قتال نہ کرتے؛ لیکن ان لوگوں نے اختلاف کیا، بعض ایمان لائے اور بعض نے کفر کیا اور اگر اللہ چاہتا تو یہ آپس میں نہ لڑتے؛ لیکن اللہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اے ایمان والو! اس دن کے آنے سے پہلے جب نہ خرید وفروخت ہوگی، نہ کوئی دوستی اور سفارش کام آئے گی، ہم نے تم کو جو کچھ عطا کیا ہے، اس میں سے خرچ کرو اور جو لوگ کفر کرتے ہیں، وہی (اصل میں) ظالم ہیں۔
اللہ جو زندۂ جاوید ہے، جو کائنات کے نظم کو تھامے ہوئے ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، نہ اس کو اونگھ آتی ہے اور نہ نیند، زمین اور آسمانوں میں جو کچھ ہے، اسی کا ہے، کون ہے جو اس کے سامنے اس کی اجازت کے بغیر سفارش کرے؟ وہ اسے بھی جانتا ہے جو مخلوقات کے سامنے ہے اور اسے بھی جو اُن سے اوجھل ہے، بندے اس کے علم کا ذرا بھی احاطہ نہیں کر سکتے، سوائے ان باتوں کے علم کے جو خود اللہ دینا چاہے، اس (کے اقتدار) کی کرسی آسمانوں کو اور زمین کو گھیرے ہوئے ہے، زمین وآسمان کی حفاظت اس پر دشوار نہیں ہے اور وہ بلند وعظیم ذات ہے۔
دین میں زبردستی کی گنجائش نہیں، گمراہی کے مقابلہ ہدایت آشکارا ہو چکی ہے، تو جس نے ”طاغوت“ کا انکار کیا اور اللہ پر ایمان لایا، اس نے مضبوط ڈوری تھام لی جو ٹوٹ نہیں سکتی اور اللہ خوب سننے والا اور خوب جاننے والا ہے۔
اللہ مومنوں کا ناصر ومددگار ہے، ان کو (گمراہی کی) تاریکیوں سے (ایمان وہدایت کی) روشنی کی طرف لاتا ہے اور جن لوگوں نے کفر کیا، ”طاغوت“ ان کے دوست ہیں، جو ان کو روشنی سے تاریکیوں کی طرف لے جاتے ہیں، یہی ہیں دوزخ کے حقدار، جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
(اے رسول!) آپ نے اس شخص کے حال پر نظر نہیں کی کہ چوں کہ اللہ نے اس کو حکومت عطا کی تھی، اس نے ابراہیم سے اس کے رب کے سلسلہ میں بحث کی، جب ابراہیم نے کہا: میرا رب وہ ہے جو زندگی اور موت دیتا ہے، اس نے کہا: میں بھی زندہ کرتا ہوں اور مارتا ہوں، ابراہیم نے کہا کہ اللہ مشرق سے سورج نکالتا ہے تم مغرب سے سورج نکال کر دکھاؤ، پس یہ کافر ہکا بکا رہ گیا، اور اللہ تعالیٰ ناانصافی کرنے والوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
(اے رسول!) یا آپ نے اس شخص کے حال پر نظر نہیں فرمائی، جس کا ایک بستی پر گذر ہوا، جو اپنے چھپروں پر گری ہوئی تھی، اس نے کہا: اللہ اس کو مر جانے کے بعد کس طرح زندہ کرے گا؟ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اسے موت دی اور سو سال اسی حال میں رکھا، پھر اسے زندہ کیا (اور) دریافت فرمایا: تو کتنے دن (اس حال میں) رہا ہوگا؟ اس نے کہا: ایک دن یا دن کا کچھ حصہ، اللہ نے کہا: بلکہ تو سو سال (اس حال میں) رہا ہے، (ذرا) اپنے کھانے پینے کا سامان تو دیکھ، جو اب تک خراب نہیں ہوا اور اپنے گدھے کو بھی دیکھ، ایسا ہم نے اس لئے کیا کہ تجھ کو لوگوں کے لئے نشانی بنادیں، اور ان ہڈیوں کی طرف تو دیکھنا کہ ہم کس طرح ان ہڈیوں کو جوڑتے ہیں، پھر ان پر گوشت چڑھاتے ہیں، جب اس پر (دوبارہ زندہ کرنے کی) کیفیت واضح ہوگئی تو کہنے لگا: میں جانتا ہوں کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے،
اور (وہ واقعہ بھی قابل ذکر ہے کہ) جب ابراہیم نے عرض کیا: میرے پروردگار! مجھے دکھا دیجئے کہ آپ کس طرح مُردوں کو زندہ کرتے ہیں؟ اللہ نے دریافت فرمایا: کیا تجھے یقین نہیں ہے؟ ابراہیم نے عرض کیا: کیوں نہیں؛ لیکن (دیکھنا چاہتا ہوں کہ) دل کی تسلی ہو جائے، اللہ کا ارشاد ہوا: چار پرندے لے لو، ان کو اپنے آپ سے مانوس کرلو، پھر ہر پہاڑ پر ان پرندوں میں سے ایک ٹکڑا رکھ دو، اس کے بعد ان کو بلاؤ، وہ تمہارے پاس دوڑتے ہوئے آجائیں گے اور جان لو کہ اللہ زبردست اور حکمت والا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
جو لوگ اللہ کے راستے میں خرچ کرتے ہیں، ان کی مثال اس دانہ کی سی ہے جو سات بالیاں اگائے، ہر بالی میں سو دانے ہوں اور اللہ جس کے لئے چاہے (اس سے بھی) بڑھا دے، اور اللہ کشادگی والا اور خوب جاننے والا ہے۔
جو لوگ اللہ کے راستہ میں اپنا مال خرچ کرتے ہیں، پھر خرچ کرنے کے بعد نہ احسان جتاتے ہیں اور نہ ایذاء پہنچاتے ہیں، ان کے لئے ان کے رب کے پاس ان کا اجر (محفوظ) ہے، نہ ان کو خوف ہوگا اور نہ وہ غم سے دوچار ہوں گے۔
اے ایمان والو! احسان جتلا کر اور تکلیف پہنچا کر اپنے صدقہ کو اس شخص کی طرح ضائع نہ کرلو، جو اپنا مال لوگوں کے دکھاوے کے لئے خرچ کرتا ہے اور اللہ اور آخرت پر یقین نہیں رکھتا، اس کی مثال اس چٹان کی سی ہے جس پر (تھوڑی سی) مٹی ہو، پھر زور کی بارش ہو اور اسے بالکل صاف کردے، ان کو اپنی کمائی میں سے بھی کچھ ہاتھ نہ لگے گا، اور اللہ کفر پر بہ ضد رہنے والوں کو ہدایت سے سرفراز نہیں کرتا۔
اور جو لوگ اپنا مال اللہ کی خوشنودی کے لئے اور دلوں کی آمادگی کے ساتھ خرچ کرتے ہیں، ان کی مثال اس باغ کی ہے جو بلندی پر ہو، زور کی بارش ہو تو دوگنا پھل آجائے، اگر زور کی بارش نہ ہو تو پھوار بھی کافی ہوجائے، اور اللہ تمہارے کاموں کو دیکھ رہا ہے۔
کیا تم میں سے کسی کو یہ بات پسند ہوگی کہ اس کے پاس کھجور اور انگوروں کے باغ ہوں، جس کے نیچے نہریں بہتی ہوں، اس میں ہر طرح کے پھل ہوں اور اس کا بوڑھاپا آجائے، ناتواں بچوں کا ساتھ ہو، کہ باغ کو آگ کا شعلہ آلگے اور باغ جل کر رہ جائے، اللہ اسی طرح کھول کھول کر تمہارے لئے احکام بیان کرتا ہے؛ تاکہ تم غور وفکر سے کام لو۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اے ایمان والو! جو کچھ تم نے کمایا ہے اور جو کچھ ہم نے تمہارے لئے زمین سے پیدا کیا ہے، اس میں سے بہتر حصہ خرچ کرو اور تم خرچ کرتے ہوئے مال میں سے ایسی خراب چیز دینے کا ارادہ نہ کرو کہ تم خود اس کو قبول کرنے کو تیار نہ ہو، سوائے اس کے کہ چشم پوشی سے کام لو، اور جان لو کہ اللہ (تمہارے خرچ کرنے سے) بے نیاز اور خوبیوں والا ہے۔
اگر تم صدقہ ظاہر کر کے دو تب بھی اچھی بات ہے اور چھپا کر دو اور دو محتاجوں کو، تو یہ تمہارے حق میں زیادہ بہتر ہے، نیز اللہ (اس کو) تمہارے کچھ گناہوں کے لئے کفارہ بھی بنا دے گا، اور اللہ تمہارے کاموں سے باخبر ہے۔
ان کو راہِ ہدایت پر لانا آپ کی ذمہ داری نہیں؛ لیکن اللہ ہی جسے چاہتا ہے، ہدایت دیتا ہے اور جو مال تم خرچ کرو گے، وہ اپنے ہی لئے خرچ کرو گے، نیز اللہ کی خوشنودی ہی کے لئے خرچ کیا کرو، تم جو بھی خرچ کرتے ہو تم کو پورا پورا مل جائے گا اور تمہارے ساتھ ظلم نہیں کیا جائے گا۔
اصل حق ان ضرورت مندوں کا ہے جو اللہ کے راستہ میں گھرے ہوئے ہیں، وہ زمین میں چل پھر نہیں سکتے، دستِ سوال نہ پھیلانے کی وجہ سے ناواقف لوگ ان کو مالدار سمجھتے ہیں، تم ان کو ان کے چہرہ سے پہچان سکتے ہو، تم جو بھی مال خرچ کرو گے، اللہ اس سے واقف ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
جو لوگ اپنے مال دن ورات چھپا کر بھی اور علانیہ بھی خرچ کرتے ہیں، ان کے لئے ان کے رب کے پاس ان کا اجر (محفوظ) ہے، نہ ان پر خوف طاری ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
سود کھانے والے (قیامت میں) آسیب زدہ شخص کی طرح کھڑے ہوں گے، ایسا اس لئے ہوگا کہ انھوں نے کہا تھا: یقیناً تجارت بھی سود ہی کی طرح ہے؛ حالاں کہ اللہ نے تجارت کو حلال قرار دیا ہے اور سود کو حرام، تو جس کو اس کے پروردگار کی طرف سے نصیحت پہنچی اور وہ رک گیا، تو جو پہلے لے چکا ہے، وہ اس کے لئے ہے اور اس کا معاملہ اللہ کے حوالہ ہے اور جو اَب بھی سود لیں، وہی لوگ دوزخی ہیں، وہ ہمیشہ دوزخ ہی میں رہیں گے۔
بے شک جو لوگ ایمان لائے، عمل صالح کیا، نماز قائم کی اور زکوٰۃ ادا کی، ان کے لئے ان کا اجر اُن کے رب کے پاس محفوظ ہے، نہ ان کو خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
اگر ایسا نہ کیا تو اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کے لئے تیار ہو جاؤ، پھر اگر تم توبہ کر لیتے ہو تو تمہارا اصل مال تمہارے لئے (حلال) ہے، نہ تم کسی پر ظلم کرو اور نہ کوئی تم پر ظلم کرے۔
اور اگر کوئی (مقروض) تنگ دست ہے تو آسانی پیدا ہونے تک مہلت دینی چاہئے اور یہ بات کہ (قرض) معاف ہی کر دو، تمہارے لئے زیادہ بہتر ہے، اگر تم سمجھ رکھتے ہو۔
اے ایمان والو! جب تم ایک مقررہ مدت کے لئے ادھار کا معاملہ کرو تو اسے لکھ لیا کرو اور چاہئے کہ تمہارے درمیان کوئی لکھنے والا انصاف کے ساتھ لکھ دے، نیز جس کو لکھنا آتا ہے، اسے لکھنے سے انکار نہ کرنا چاہئے، جیسا کہ اللہ نے اس کو (لکھنا) سکھا دیا ہے، اس کو (بھی) چاہئے کہ لکھ دے اور جس کے ذمہ حق ہے، وہ لکھائے، اللہ سے، جو اس کا پروردگار ہے، ڈرتا رہے اور اس میں سے کچھ بھی کمی نہ کرے، اگر وہ کم عقل یا کمزور ہو یا وہ خود لکھانے پر قادر نہ ہو تو اس کا ”ولی“ انصاف کے ساتھ لکھا دے اور اپنے مردوں میں سے دو شخص کو گواہ بنا لو، اگر دو مرد نہ ہوں تو ایک مرد اور دو عورتوں کو، گواہان ایسے لوگوں میں سے ہوں جن کو تم پسند کرتے ہو، (دو عورتیں اس لئے کہ) اِن دو میں سے ایک بھول جائے تو ایک دوسری کو یاد دلا دے، اور گواہان جب بلائے جائیں تو انکار نہ کریں اور ادھار معاملہ چھوٹا ہو یا بڑا، لکھنے میں سستی نہ کرو، اس طرح لکھ لینا اللہ کے نزدیک زیادہ قرین انصاف، گواہی کو درست رکھنے کا باعث اور شک وشبہ سے بچانے والا ہے، ہاں، اگر کوئی دست بدست خرید وفروخت کا معاملہ ہو، جو تم آپس میں کیا کرتے ہو، تو اس کے نہ لکھنے میں کوئی مضائقہ نہیں، اور خرید وفروخت کے وقت گواہ بنا لیا کرو، کسی کاتب اور گواہ کو تکلیف نہ دی جائے، اگر ایسا کرو گے تو تم کو گناہ ہوگا، نیز اللہ سے ڈرتے رہو، اللہ تم کو علم سے نوازتا ہے اور ہر چیز کا علم رکھتا ہے۔
اور اگر تم سفر پر ہو اور کوئی لکھنے والا نہ پاؤ تو رہن کی چیزیں ہوں، جو قبضہ میں دے دی جائیں اور اگر ایک دوسرے پر اعتماد کریں تو جس پر اعتماد کیا گیا ہے، اسے چاہئے کہ اپنی امانت ادا کرے، اور اللہ سے جو اس کا پروردگار ہے، ڈرے، اور تم لوگ گواہی چھپایا مت کرو، جو گواہی کو چھپائے اس کا دل گنہگار ہے اور اللہ تمہارے اعمال سے باخبر ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے، سب اللہ ہی کا ہے، تمہارے دل میں جو باتیں ہیں، ان کو ظاہر کرو یا چھپاؤ، اللہ تم سے اس کا حساب لے گا، پھر جس کو چاہے گا معاف کر دے گا اور جس کو چاہے گا عذاب دے گا، اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔
رسول اور ایمان والے اس کتاب پر ایمان رکھتے ہیں، جو اُن پر ان کے پروردگار کی طرف سے نازل کی گئی ہے، (یہ) سبھی اللہ، اللہ کے فرشتوں، اللہ کی کتابوں اور اللہ کے رسولوں پر ایمان رکھتے ہیں، (اور کہتے ہیں کہ) ہم اللہ کے رسولوں میں سے کسی کے درمیان فرق نہیں کرتے (کہ کسی کو نبی مانیں اور کسی کی نبوت کا انکار کر جائیں)، یہ سب بول اٹھے: ہم نے سنا اور قبول کیا، اے ہمارے پروردگار! ہم آپ کی بخشش چاہتے ہیں اور (ہمیں) آپ ہی کی طرف لوٹنا ہے۔
اللہ کسی بھی شخص کو اس کی طاقت کے بہ قدر ہی ذمہ دار ٹھہراتا ہے، ہر شخص کو ثواب بھی اسی کا ہے جو اس نے کیا، اور گناہ بھی اسی کا جو اس نے کیا، اے ہمارے پروردگار! اگر ہم سے بھول چوک ہو جائے تو ہماری پکڑ نہ فرمائیے، ہمارے رب! اور ہم پر (سخت احکام کا) بوجھ نہ رکھئے، جیسا کہ آپ نے ہم سے پہلی اُمتوں پر رکھا تھا، ہمارے پروردگار! ہم پر ایسا بار نہ ڈالئے کہ جس کی ہم میں طاقت نہیں اور ہم سے درگذر کیجئے، ہمیں بخش دیجئے اور ہم پر رحم فرمائیے، آپ ہی ہمارے کارساز ہیں، پس آپ کافروں کے مقابلہ ہماری مدد فرمائیے!!
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←