پرانے طلبہ کے لیے: آپ کا داخلہ محفوظ ہے؛ چند دن میں آپ کا کورس اسی جی میل سے نئی سائٹ اور ایپ میں کھل جائے گا۔

سُوْرَةُ النحل

سورۃ النحل · 128 آیات · 16 رکوع

تعارفِ سورت

یہ قرآن مجید کی سولھویں سورت ہے؛ اِس میں ایک سو اٹھائیس آیتیں اور سولہ رکوع ہیں۔ یہ مکی سورت ہے، یعنی ہجرت سے پہلے نازل ہوئی؛ بعض اہلِ علم نے آخری چند آیتوں (۱۲۶ تا ۱۲۸) کو مدنی کہا ہے، جو غزوۂ احد کے بعد نازل ہوئیں۔

رکوع 1 آیات 1 تا 9
1
اَتٰٓي اَمْرُ اللّٰهِ فَلَا تَسْتَعْجِلُوْهُؕ سُبْحٰنَهٗ وَتَعٰلٰي عَمَّا يُشْرِكُوْنَ
اللہ کا حکم آ پہنچا، لہٰذا اُس کے لیے جلدی نہ مچاؤ؛ وہ پاک اور بلند و برتر ہے اُس شرک سے جو یہ لوگ کرتے ہیں۔
2
يُنَزِّلُ الْمَلٰۤىِٕكَةَ بِالرُّوْحِ مِنْ اَمْرِهٖ عَلٰي مَنْ يَّشَاۤءُ مِنْ عِبَادِهٖٓ اَنْ اَنْذِرُوْٓا اَنَّهٗ لَا͏ٓ اِلٰهَ اِلَّا͏ٓ اَنَا فَاتَّقُوْنِ
وہ اپنے حکم سے فرشتوں کو وحی دے کر اپنے بندوں میں سے جس پر چاہتا ہے اُتارتا ہے کہ (لوگوں کو) خبردار کر دو کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں، لہٰذا مجھ ہی سے ڈرو۔
3
خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ بِالْحَقِّؕ تَعٰلٰي عَمَّا يُشْرِكُوْنَ
اُس نے آسمانوں اور زمین کو برحق (مقصد کے ساتھ) پیدا کیا؛ وہ اُس شرک سے بلند و برتر ہے جو یہ لوگ کرتے ہیں۔
4
خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ نُّطْفَةٍ فَاِذَا هُوَ خَصِيْمٌ مُّبِيْنٌ
اُس نے انسان کو پانی کی ایک بوند سے پیدا کیا، پھر اچانک وہ کھلا جھگڑالو بن بیٹھا۔
5
وَالْاَنْعَامَ خَلَقَهَاۚ لَكُمْ فِيْهَا دِفْءٌ وَّمَنَافِعُ وَمِنْهَا تَاْكُلُوْنَ
اور چوپائے بھی اُسی نے پیدا کیے؛ اُن میں تمہارے لیے گرمی کا سامان ہے اور بہت سے فائدے ہیں، اور اُن میں سے (بعض کو) تم کھاتے بھی ہو۔
6
وَلَكُمْ فِيْهَا جَمَالٌ حِيْنَ تُرِيْحُوْنَ وَحِيْنَ تَسْرَحُوْنَ
اور جب تم اُنہیں شام کو (چرا کر) واپس لاتے ہو اور جب صبح کو چرنے کے لیے چھوڑتے ہو تو اُن میں تمہارے لیے ایک رونق بھی ہے۔
7
وَتَحْمِلُ اَثْقَالَكُمْ اِلٰي بَلَدٍ لَّمْ تَكُوْنُوْا بٰلِغِيْهِ اِلَّا بِشِقِّ الْاَنْفُسِؕ اِنَّ رَبَّكُمْ لَرَءُوْفٌ رَّحِيْمٌ
اور وہ تمہارے بوجھ اٹھا کر ایسے شہر تک لے جاتے ہیں جہاں تم جان کھپائے بغیر نہیں پہنچ سکتے تھے؛ بے شک تمہارا پروردگار بڑا شفیق، نہایت مہربان ہے۔
8
وَّالْخَيْلَ وَالْبِغَالَ وَالْحَمِيْرَ لِتَرْكَبُوْهَا وَزِيْنَةًؕ وَيَخْلُقُ مَا لَا تَعْلَمُوْنَ
اور گھوڑے، خچر اور گدھے (پیدا کیے) تاکہ تم اُن پر سواری کرو اور وہ تمہارے لیے زینت بھی ہوں؛ اور وہ (آئندہ بھی) ایسی چیزیں پیدا کرے گا جنہیں تم (ابھی) نہیں جانتے۔
9
وَعَلَي اللّٰهِ قَصْدُ السَّبِيْلِ وَمِنْهَا جَاۤىِٕرٌؕ وَلَوْ شَاۤءَ لَهَدٰىكُمْ اَجْمَعِيْنَ
اور سیدھا راستہ بتانا اللہ کے ذمے ہے، اور کچھ راستے ٹیڑھے بھی ہیں؛ اور اگر وہ چاہتا تو تم سب کو (زبردستی) ہدایت دے دیتا۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 2 آیات 10 تا 21
10
هُوَ الَّذِيْٓ اَنْزَلَ مِنَ السَّمَاۤءِ مَاۤءً لَّكُمْ مِّنْهُ شَرَابٌ وَّمِنْهُ شَجَرٌ فِيْهِ تُسِيْمُوْنَ
وہی ہے جس نے آسمان سے تمہارے لیے پانی اُتارا؛ اُسی میں سے تمہارے پینے کا پانی ہے اور اُسی سے درخت (اور گھاس) اُگتے ہیں جن میں تم (اپنے مویشی) چراتے ہو۔
11
يُنۢ͏ْبِتُ لَكُمْ بِهِ الزَّرْعَ وَالزَّيْتُوْنَ وَالنَّخِيْلَ وَالْاَعْنَابَ وَمِنْ كُلِّ الثَّمَرٰتِؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيَةً لِّقَوْمٍ يَّتَفَكَّرُوْنَ
وہ اُسی (پانی) سے تمہارے لیے کھیتی، زیتون، کھجور، انگور اور ہر قسم کے پھل اُگاتا ہے؛ بے شک اِس میں غور و فکر کرنے والوں کے لیے بڑی نشانی ہے۔
12
وَسَخَّرَ لَكُمُ الَّيْلَ وَالنَّهَارَۙ وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَؕ وَالنُّجُوْمُ مُسَخَّرٰتٌۢ بِاَمْرِهٖؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيٰتٍ لِّقَوْمٍ يَّعْقِلُوْنَ
اور اُس نے رات اور دن کو اور سورج اور چاند کو تمہارے کام پر لگا رکھا ہے، اور ستارے بھی اُسی کے حکم سے کام پر لگے ہوئے ہیں؛ بے شک اِس میں عقل سے کام لینے والوں کے لیے بہت سی نشانیاں ہیں۔
13
وَمَا ذَرَاَ لَكُمْ فِي الْاَرْضِ مُخْتَلِفًا اَلْوَانُهٗؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيَةً لِّقَوْمٍ يَّذَّكَّرُوْنَ
اور اُس نے تمہارے لیے زمین میں جو طرح طرح کے رنگوں کی چیزیں پیدا کی ہیں (وہ بھی تمہارے کام پر لگی ہیں)؛ بے شک اِس میں نصیحت حاصل کرنے والوں کے لیے بڑی نشانی ہے۔
14
وَهُوَ الَّذِيْ سَخَّرَ الْبَحْرَ لِتَاْكُلُوْا مِنْهُ لَحْمًا طَرِيًّا وَّتَسْتَخْرِجُوْا مِنْهُ حِلْيَةً تَلْبَسُوْنَهَاۚ وَتَرَي الْفُلْكَ مَوَاخِرَ فِيْهِ وَلِتَبْتَغُوْا مِنْ فَضْلِهٖ وَلَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ
اور وہی ہے جس نے سمندر کو کام پر لگا دیا، تاکہ تم اُس سے تازہ گوشت کھاؤ اور اُس سے زیور نکالو جنہیں تم پہنتے ہو؛ اور تم کشتیوں کو دیکھتے ہو کہ وہ اُس میں پانی کو چیرتی ہوئی چلتی ہیں؛ (یہ سب اِس لیے) کہ تم اللہ کا فضل (روزی) تلاش کرو اور تاکہ تم شکر گزار بنو۔
15
وَاَلْقٰي فِي الْاَرْضِ رَوَاسِيَ اَنْ تَمِيْدَ بِكُمْ وَاَنْهٰرًا وَّسُبُلًا لَّعَلَّكُمْ تَهْتَدُوْنَ
اور اُس نے زمین میں مضبوط جمے ہوئے پہاڑ ڈال دیے تاکہ وہ تمہیں لے کر ڈگمگانے نہ لگے، اور دریا اور راستے بنا دیے تاکہ تم (منزل تک) راہ پاؤ۔
16
وَعَلٰمٰتٍؕ وَبِالنَّجْمِ هُمْ يَهْتَدُوْنَ
اور (راستوں میں) بہت سی نشانیاں (بنائیں)، اور ستاروں سے بھی لوگ راستہ معلوم کرتے ہیں۔
17
اَفَمَنْ يَّخْلُقُ كَمَنْ لَّا يَخْلُقُؕ اَفَلَا تَذَكَّرُوْنَ
تو کیا جو (یہ سب کچھ) پیدا کرتا ہے وہ اُس جیسا ہو سکتا ہے جو کچھ بھی پیدا نہیں کرتا؟ کیا پھر بھی تم نصیحت حاصل نہیں کرتے؟
18
وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَةَ اللّٰهِ لَا تُحْصُوْهَاؕ اِنَّ اللّٰهَ لَغَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ
اور اگر تم اللہ کی نعمتوں کو گننا چاہو تو اُنہیں گن نہیں سکو گے؛ بے شک اللہ بہت بخشنے والا، نہایت مہربان ہے۔
19
وَاللّٰهُ يَعْلَمُ مَا تُسِرُّوْنَ وَمَا تُعْلِنُوْنَ
اور اللہ جانتا ہے جو کچھ تم چھپاتے ہو اور جو کچھ ظاہر کرتے ہو۔
20
وَالَّذِيْنَ يَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ لَا يَخْلُقُوْنَ شَيْـًٔا وَّهُمْ يُخْلَقُوْنَ
اور اللہ کے سوا جنہیں یہ لوگ پکارتے ہیں وہ کچھ بھی پیدا نہیں کرتے، بلکہ وہ خود پیدا کیے جاتے ہیں۔
21
اَمْوَاتٌ غَيْرُ اَحْيَاۤءٍۚ وَمَا يَشْعُرُوْنَۙ اَيَّانَ يُبْعَثُوْنَ
وہ مُردے ہیں، زندہ نہیں؛ اور اُنہیں یہ بھی خبر نہیں کہ (اُن کے پوجنے والے) کب اُٹھائے جائیں گے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 3 آیات 22 تا 25
22
اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ فَالَّذِيْنَ لَا يُو͏ٔ͏ْمِنُوْنَ بِالْاٰخِرَةِ قُلُوْبُهُمْ مُّنْكِرَةٌ وَّهُمْ مُّسْتَكْبِرُوْنَ
تمہارا معبود ایک ہی معبود ہے؛ پھر جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں رکھتے، اُن کے دل (حق کا) انکار کرنے والے ہیں اور وہ تکبر میں مبتلا ہیں۔
23
لَا جَرَمَ اَنَّ اللّٰهَ يَعْلَمُ مَا يُسِرُّوْنَ وَمَا يُعْلِنُوْنَؕ اِنَّهٗ لَا يُحِبُّ الْمُسْتَكْبِرِيْنَ
یقیناً اللہ جانتا ہے جو کچھ وہ چھپاتے ہیں اور جو کچھ ظاہر کرتے ہیں؛ بے شک وہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
24
وَاِذَا قِيْلَ لَهُمْ مَّاذَا͏ٓ اَنْزَلَ رَبُّكُمْۙ قَالُوْٓا اَسَاطِيْرُ الْاَوَّلِيْنَ
اور جب اُن سے پوچھا جاتا ہے کہ تمہارے پروردگار نے کیا نازل کیا ہے؟ تو کہتے ہیں: (کچھ نہیں، یہ تو) پچھلے لوگوں کی کہانیاں ہیں۔
25
لِيَحْمِلُوْٓا اَوْزَارَهُمْ كَامِلَةً يَّوْمَ الْقِيٰمَةِۙ وَمِنْ اَوْزَارِ الَّذِيْنَ يُضِلُّوْنَهُمْ بِغَيْرِ عِلْمٍؕ اَلَا سَاۤءَ مَا يَزِرُوْنَ
(یہ بات اِس لیے کہتے ہیں) تاکہ قیامت کے دن اپنے (گناہوں کے) بوجھ بھی پورے کے پورے اُٹھائیں، اور اُن لوگوں کے بوجھوں کا ایک حصہ بھی جنہیں یہ بغیر علم کے گمراہ کر رہے ہیں؛ سن لو! بہت برا بوجھ ہے جو یہ اُٹھا رہے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 4 آیات 26 تا 34
26
قَدْ مَكَرَ الَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِهِمْ فَاَتَي اللّٰهُ بُنْيَانَهُمْ مِّنَ الْقَوَاعِدِ فَخَرَّ عَلَيْهِمُ السَّقْفُ مِنْ فَوْقِهِمْ وَاَتٰىهُمُ الْعَذَابُ مِنْ حَيْثُ لَا يَشْعُرُوْنَ
اِن سے پہلے والوں نے بھی (حق کے خلاف) چالیں چلی تھیں، تو اللہ نے اُن کی عمارت کو بنیادوں سے اُکھاڑ پھینکا، پھر چھت اُن پر اوپر سے آ گری، اور اُن پر عذاب ایسی جگہ سے آیا جس کا اُنہیں خیال بھی نہ تھا۔
27
ثُمَّ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ يُخْزِيْهِمْ وَيَقُوْلُ اَيْنَ شُرَكَاۤءِيَ الَّذِيْنَ كُنْتُمْ تُشَاۤقُّوْنَ فِيْهِمْؕ قَالَ الَّذِيْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ اِنَّ الْخِزْيَ الْيَوْمَ وَالسُّوْۤءَ عَلَي الْكٰفِرِيْنَ
پھر قیامت کے دن اللہ اُنہیں رسوا کرے گا اور فرمائے گا: کہاں ہیں میرے وہ شریک جن کے بارے میں تم (اہلِ حق سے) جھگڑا کرتے تھے؟ جنہیں علم دیا گیا تھا وہ کہیں گے: آج رسوائی اور برائی کافروں ہی پر ہے۔
28
الَّذِيْنَ تَتَوَفّٰىهُمُ الْمَلٰۤىِٕكَةُ ظَالِمِيْٓ اَنْفُسِهِمْࣕ فَاَلْقَوُا السَّلَمَ مَا كُنَّا نَعْمَلُ مِنْ سُوْۤءٍؕ بَلٰٓي اِنَّ اللّٰهَ عَلِيْمٌۢ بِمَا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ
جن کی جانیں فرشتے اِس حال میں قبض کرتے ہیں کہ وہ اپنے اوپر ظلم کر رہے ہوتے ہیں، تو (اُس وقت) وہ ہتھیار ڈال دیتے ہیں (اور کہتے ہیں:) ہم تو کوئی برائی نہیں کرتے تھے۔ (فرشتے کہتے ہیں:) کیوں نہیں! تم جو کچھ کرتے تھے اللہ اُسے خوب جانتا ہے۔
29
فَادْخُلُوْٓا اَبْوَابَ جَهَنَّمَ خٰلِدِيْنَ فِيْهَاؕ فَلَبِي͏ٔ͏ْسَ مَثْوَي الْمُتَكَبِّرِيْنَ
تو اب جہنم کے دروازوں میں داخل ہو جاؤ، اُس میں ہمیشہ رہنے کے لیے؛ بہت ہی برا ٹھکانا ہے تکبر کرنے والوں کا۔
30
وَقِيْلَ لِلَّذِيْنَ اتَّقَوْا مَاذَا͏ٓ اَنْزَلَ رَبُّكُمْؕ قَالُوْا خَيْرًاؕ لِلَّذِيْنَ اَحْسَنُوْا فِيْ هٰذِهِ الدُّنْيَا حَسَنَةٌؕ وَلَدَارُ الْاٰخِرَةِ خَيْرٌؕ وَلَنِعْمَ دَارُ الْمُتَّقِيْنَ
اور (جب) پرہیزگاروں سے پوچھا گیا کہ تمہارے پروردگار نے کیا نازل کیا ہے؟ تو اُنہوں نے کہا: بھلائی (نازل کی ہے)۔ جن لوگوں نے نیکی کی اُن کے لیے اِس دنیا میں بھی بھلائی ہے، اور آخرت کا گھر تو اور بھی بہتر ہے؛ اور پرہیزگاروں کا گھر کیا ہی خوب ہے!
31
جَنّٰتُ عَدْنٍ يَّدْخُلُوْنَهَا تَجْرِيْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ لَهُمْ فِيْهَا مَا يَشَاۤءُوْنَؕ كَذٰلِكَ يَجْزِي اللّٰهُ الْمُتَّقِيْنَ
ہمیشہ رہنے کے باغات، جن میں وہ داخل ہوں گے؛ اُن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی؛ وہاں اُن کے لیے وہ سب کچھ ہو گا جو وہ چاہیں گے؛ اللہ پرہیزگاروں کو ایسا ہی بدلہ دیتا ہے۔
32
الَّذِيْنَ تَتَوَفّٰىهُمُ الْمَلٰۤىِٕكَةُ طَيِّبِيْنَۙ يَقُوْلُوْنَ سَلٰمٌ عَلَيْكُمُۙ ادْخُلُوا الْجَنَّةَ بِمَا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ
جن کی جانیں فرشتے اِس حال میں قبض کرتے ہیں کہ وہ پاکیزہ ہوتے ہیں؛ (فرشتے) کہتے ہیں: تم پر سلامتی ہو! جو عمل تم کرتے رہے اُن کے بدلے جنت میں داخل ہو جاؤ۔
33
هَلْ يَنْظُرُوْنَ اِلَّا͏ٓ اَنْ تَاْتِيَهُمُ الْمَلٰۤىِٕكَةُ اَوْ يَاْتِيَ اَمْرُ رَبِّكَؕ كَذٰلِكَ فَعَلَ الَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِهِمْؕ وَمَا ظَلَمَهُمُ اللّٰهُ وَلٰكِنْ كَانُوْٓا اَنْفُسَهُمْ يَظْلِمُوْنَ
یہ (کافر) لوگ بس اِسی بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ اِن کے پاس فرشتے آ جائیں یا تمہارے پروردگار کا حکم (عذاب) آ جائے؟ اِن سے پہلے والوں نے بھی ایسا ہی کیا تھا؛ اور اللہ نے اُن پر ظلم نہیں کیا، بلکہ وہ خود اپنی جانوں پر ظلم کرتے رہے۔
34
فَاَصَابَهُمْ سَيِّاٰتُ مَا عَمِلُوْا وَحَاقَ بِهِمْ مَّا كَانُوْا بِهٖ يَسْتَهْزِءُوْنَ
آخر اُن کے برے کاموں کی سزائیں اُنہیں آ پہنچیں، اور جس (عذاب) کا وہ مذاق اُڑاتے تھے اُسی نے اُنہیں گھیر لیا۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 5 آیات 35 تا 40
35
وَقَالَ الَّذِيْنَ اَشْرَكُوْا لَوْ شَاۤءَ اللّٰهُ مَا عَبَدْنَا مِنْ دُوْنِهٖ مِنْ شَيْءٍ نَّحْنُ وَلَا͏ٓ اٰبَاۤو͏ٔ͏ُنَا وَلَا حَرَّمْنَا مِنْ دُوْنِهٖ مِنْ شَيْءٍؕ كَذٰلِكَ فَعَلَ الَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِهِمْۚ فَهَلْ عَلَي الرُّسُلِ اِلَّا الْبَلٰغُ الْمُبِيْنُ
اور مشرکین کہتے ہیں: اگر اللہ چاہتا تو نہ ہم اُس کے سوا کسی چیز کی عبادت کرتے، نہ ہمارے باپ دادا، اور نہ ہم اُس (کے حکم) کے بغیر کسی چیز کو حرام ٹھہراتے۔ اِن سے پہلے والوں نے بھی ایسا ہی کیا تھا؛ تو رسولوں کے ذمے صاف صاف پہنچا دینے کے سوا اور کیا ہے؟
36
وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِيْ كُلِّ اُمَّةٍ رَّسُوْلًا اَنِ اعْبُدُوا اللّٰهَ وَاجْتَنِبُوا الطَّاغُوْتَۚ فَمِنْهُمْ مَّنْ هَدَي اللّٰهُ وَمِنْهُمْ مَّنْ حَقَّتْ عَلَيْهِ الضَّلٰلَةُؕ فَسِيْرُوْا فِي الْاَرْضِ فَانْظُرُوْا كَيْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُكَذِّبِيْنَ
اور ہم نے ہر امت میں کوئی نہ کوئی رسول (یہ پیغام دے کر) بھیجا کہ اللہ کی عبادت کرو اور طاغوت سے بچو؛ پھر اُن میں سے بعض کو اللہ نے ہدایت دی، اور بعض پر گمراہی ثابت ہو گئی؛ تو زمین میں چل پھر کر دیکھو کہ جھٹلانے والوں کا انجام کیسا ہوا!
37
اِنْ تَحْرِصْ عَلٰي هُدٰىهُمْ فَاِنَّ اللّٰهَ لَا يَهْدِيْ مَنْ يُّضِلُّ وَمَا لَهُمْ مِّنْ نّٰصِرِيْنَ
(اے پیغمبر!) اگر آپ اِن کی ہدایت کے لیے کتنے ہی خواہش مند ہوں، تو (یاد رکھیے کہ) اللہ جسے (اُس کی ضد کی وجہ سے) گمراہی میں چھوڑ دے اُسے ہدایت نہیں دیتا، اور ایسے لوگوں کا کوئی مددگار نہیں۔
38
وَاَقْسَمُوْا بِاللّٰهِ جَهْدَ اَيْمَانِهِمْۙ لَا يَبْعَثُ اللّٰهُ مَنْ يَّمُوْتُؕ بَلٰي وَعْدًا عَلَيْهِ حَقًّا وَّلٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُوْنَ
اور یہ لوگ بڑے زور سے اللہ کی قسمیں کھاتے ہیں کہ جو مر جائے اللہ اُسے دوبارہ زندہ نہیں کرے گا۔ کیوں نہیں! (وہ ضرور زندہ کرے گا) یہ وعدہ ہے جسے پورا کرنا اُس کے ذمے ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔
39
لِيُبَيِّنَ لَهُمُ الَّذِيْ يَخْتَلِفُوْنَ فِيْهِ وَلِيَعْلَمَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْٓا اَنَّهُمْ كَانُوْا كٰذِبِيْنَ
(یہ دوبارہ زندہ کرنا اِس لیے ہے) تاکہ وہ اُن کے سامنے وہ بات کھول کر بیان کر دے جس میں وہ اختلاف کرتے ہیں، اور تاکہ کافر جان لیں کہ وہ جھوٹے تھے۔
40
اِنَّمَا قَوْلُنَا لِشَيْءٍ اِذَا͏ٓ اَرَدْنٰهُ اَنْ نَّقُوْلَ لَهٗ كُنْ فَيَكُوْنُ
ہم جب کسی چیز کا ارادہ کرتے ہیں تو ہمارا کام صرف اتنا ہے کہ اُسے کہتے ہیں: ہو جا، تو وہ ہو جاتی ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 6 آیات 41 تا 50
41
وَالَّذِيْنَ هَاجَرُوْا فِي اللّٰهِ مِنْۢ بَعْدِ مَا ظُلِمُوْا لَنُبَوِّي͏ٔ͏َنَّهُمْ فِي الدُّنْيَا حَسَنَةًؕ وَلَاَجْرُ الْاٰخِرَةِ اَكْبَرُۘ لَوْ كَانُوْا يَعْلَمُوْنَ
اور جن لوگوں نے ظلم سہنے کے بعد اللہ کی خاطر ہجرت کی، ہم اُنہیں دنیا میں بھی ضرور اچھا ٹھکانا دیں گے، اور آخرت کا اجر تو یقیناً بہت بڑا ہے؛ کاش یہ (منکر) لوگ جانتے!
42
الَّذِيْنَ صَبَرُوْا وَعَلٰي رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُوْنَ
یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے صبر کیا اور جو اپنے پروردگار ہی پر بھروسہ رکھتے ہیں۔
43
وَمَا͏ٓ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ اِلَّا رِجَالًا نُّوْحِيْٓ اِلَيْهِمْ فَسْـَٔلُوْٓا اَهْلَ الذِّكْرِ اِنْ كُنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ
اور (اے پیغمبر!) ہم نے آپ سے پہلے بھی مردوں ہی کو رسول بنا کر بھیجا تھا جن پر ہم وحی بھیجتے تھے؛ تو (اے لوگو!) اگر تم نہیں جانتے تو اہلِ علم سے پوچھ لو۔
44
بِالْبَيِّنٰتِ وَالزُّبُرِؕ وَاَنْزَلْنَا͏ٓ اِلَيْكَ الذِّكْرَ لِتُبَيِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَيْهِمْ وَلَعَلَّهُمْ يَتَفَكَّرُوْنَ
(ہم نے اُنہیں) کھلی دلیلیں اور کتابیں دے کر بھیجا تھا؛ اور (اے پیغمبر!) ہم نے آپ کی طرف یہ ذکر (قرآن) اُتارا ہے تاکہ آپ لوگوں کے سامنے وہ باتیں کھول کر بیان کر دیں جو اُن کی طرف اُتاری گئی ہیں، اور تاکہ وہ غور و فکر کریں۔
45
اَفَاَمِنَ الَّذِيْنَ مَكَرُوا السَّيِّاٰتِ اَنْ يَّخْسِفَ اللّٰهُ بِهِمُ الْاَرْضَ اَوْ يَاْتِيَهُمُ الْعَذَابُ مِنْ حَيْثُ لَا يَشْعُرُوْنَ
تو کیا جو لوگ بری بری چالیں چلتے ہیں وہ اِس بات سے بے خوف ہو گئے ہیں کہ اللہ اُنہیں زمین میں دھنسا دے، یا اُن پر ایسی جگہ سے عذاب آ جائے جہاں سے اُنہیں خیال بھی نہ ہو؟
46
اَوْ يَاْخُذَهُمْ فِيْ تَقَلُّبِهِمْ فَمَا هُمْ بِمُعْجِزِيْنَ
یا وہ اُنہیں اُن کے چلتے پھرتے پکڑ لے، تو وہ (اللہ کو) عاجز نہیں کر سکتے؟
47
اَوْ يَاْخُذَهُمْ عَلٰي تَخَوُّفٍؕ فَاِنَّ رَبَّكُمْ لَرَءُوْفٌ رَّحِيْمٌ
یا وہ اُنہیں تھوڑا تھوڑا گھٹا کر پکڑ لے؟ پھر بھی تمہارا پروردگار بڑا شفیق، نہایت مہربان ہے۔
48
اَوَلَمْ يَرَوْا اِلٰي مَا خَلَقَ اللّٰهُ مِنْ شَيْءٍ يَّتَفَيَّو͏ٔ͏ُا ظِلٰلُهٗ عَنِ الْيَمِيْنِ وَالشَّمَاۤىِٕلِ سُجَّدًا لِّلّٰهِ وَهُمْ دٰخِرُوْنَ
کیا اِن لوگوں نے اللہ کی پیدا کی ہوئی چیزوں کو نہیں دیکھا کہ اُن کے سائے دائیں اور بائیں جھکتے ہیں، اللہ کو سجدہ کرتے ہوئے، اور وہ سب عاجزی کر رہی ہیں؟
49
وَلِلّٰهِ يَسْجُدُ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَمَا فِي الْاَرْضِ مِنْ دَاۤبَّةٍ وَّالْمَلٰۤىِٕكَةُ وَهُمْ لَا يَسْتَكْبِرُوْنَ
اور آسمانوں میں جو کچھ ہے اور زمین میں جتنے جاندار ہیں سب اللہ ہی کو سجدہ کرتے ہیں، اور فرشتے بھی؛ اور وہ ذرا بھی تکبر نہیں کرتے۔
50
يَخَافُوْنَ رَبَّهُمْ مِّنْ فَوْقِهِمْ وَيَفْعَلُوْنَ مَا يُو͏ٔ͏ْمَرُوْنَ
وہ اپنے اوپر اپنے پروردگار سے ڈرتے ہیں اور وہی کرتے ہیں جس کا اُنہیں حکم دیا جاتا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 7 آیات 51 تا 60
51
وَقَالَ اللّٰهُ لَا تَتَّخِذُوْٓا اِلٰهَيْنِ اثْنَيْنِۚ اِنَّمَا هُوَ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ فَاِيَّايَ فَارْهَبُوْنِ
اور اللہ نے فرمایا ہے: دو معبود نہ بناؤ؛ وہ تو بس ایک ہی معبود ہے، لہٰذا تم صرف مجھ ہی سے ڈرو۔
52
وَلَهٗ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَلَهُ الدِّيْنُ وَاصِبًاؕ اَفَغَيْرَ اللّٰهِ تَتَّقُوْنَ
اور آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اُسی کا ہے، اور ہمیشہ کی اطاعت اُسی کا حق ہے؛ تو کیا تم اللہ کے سوا دوسروں سے ڈرتے ہو؟
53
وَمَا بِكُمْ مِّنْ نِّعْمَةٍ فَمِنَ اللّٰهِ ثُمَّ اِذَا مَسَّكُمُ الضُّرُّ فَاِلَيْهِ تَجْـَٔرُوْنَ
اور تمہیں جو بھی نعمت حاصل ہے وہ اللہ ہی کی طرف سے ہے؛ پھر جب تمہیں کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو اُسی کے آگے گڑگڑاتے ہو۔
54
ثُمَّ اِذَا كَشَفَ الضُّرَّ عَنْكُمْ اِذَا فَرِيْقٌ مِّنْكُمْ بِرَبِّهِمْ يُشْرِكُوْنَ
پھر جب وہ تم سے تکلیف دور کر دیتا ہے تو اچانک تم میں سے ایک گروہ اپنے پروردگار کے ساتھ شریک ٹھہرانے لگتا ہے،
55
لِيَكْفُرُوْا بِمَا͏ٓ اٰتَيْنٰهُمْؕ فَتَمَتَّعُوْاࣞ فَسَوْفَ تَعْلَمُوْنَ
تاکہ جو (نعمت) ہم نے اُنہیں دی ہے اُس کی ناشکری کریں؛ تو (اچھا) کچھ دن مزے کر لو، پھر جلد ہی تمہیں (انجام) معلوم ہو جائے گا۔
56
وَيَجْعَلُوْنَ لِمَا لَا يَعْلَمُوْنَ نَصِيْبًا مِّمَّا رَزَقْنٰهُمْؕ تَاللّٰهِ لَتُسْـَٔلُنَّ عَمَّا كُنْتُمْ تَفْتَرُوْنَ
اور یہ لوگ ہماری دی ہوئی روزی میں سے اُن (بتوں) کا حصہ مقرر کرتے ہیں جن کی حقیقت تک وہ نہیں جانتے۔ اللہ کی قسم! جو جھوٹ تم گھڑتے رہے ہو اُس کے بارے میں تم سے ضرور پوچھا جائے گا۔
57
وَيَجْعَلُوْنَ لِلّٰهِ الْبَنٰتِ سُبْحٰنَهٗۙ وَلَهُمْ مَّا يَشْتَهُوْنَ
اور یہ لوگ اللہ کے لیے بیٹیاں ٹھہراتے ہیں، وہ اِس سے پاک ہے! اور اپنے لیے وہ (بیٹے) چاہتے ہیں جن کی اُنہیں خواہش ہوتی ہے۔
58
وَاِذَا بُشِّرَ اَحَدُهُمْ بِالْاُنْثٰي ظَلَّ وَجْهُهٗ مُسْوَدًّا وَّهُوَ كَظِيْمٌ
اور جب اُن میں سے کسی کو بیٹی (کی پیدائش) کی خوشخبری دی جاتی ہے تو اُس کا چہرہ (رنج سے) سیاہ پڑ جاتا ہے اور وہ دل ہی دل میں گھٹنے لگتا ہے۔
59
يَتَوَارٰي مِنَ الْقَوْمِ مِنْ سُوْۤءِ مَا بُشِّرَ بِهٖؕ اَيُمْسِكُهٗ عَلٰي هُوْنٍ اَمْ يَدُسُّهٗ فِي التُّرَابِؕ اَلَا سَاۤءَ مَا يَحْكُمُوْنَ
اِس بری خبر کی وجہ سے لوگوں سے چھپتا پھرتا ہے (اور سوچتا ہے کہ) ذلت سہہ کر اُسے رہنے دے یا اُسے مٹی میں دبا دے؟ سنو! بہت برا فیصلہ ہے جو یہ کرتے ہیں۔
60
لِلَّذِيْنَ لَا يُو͏ٔ͏ْمِنُوْنَ بِالْاٰخِرَةِ مَثَلُ السَّوْءِۚ وَلِلّٰهِ الْمَثَلُ الْاَعْلٰيؕ وَهُوَ الْعَزِيْزُ الْحَكِيْمُ
بری صفت تو اُن لوگوں کی ہے جو آخرت پر ایمان نہیں رکھتے، اور اللہ کی صفت سب سے بلند ہے؛ اور وہ زبردست ہے، حکمت والا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 8 آیات 61 تا 65
61
وَلَوْ يُو͏ٔ͏َاخِذُ اللّٰهُ النَّاسَ بِظُلْمِهِمْ مَّا تَرَكَ عَلَيْهَا مِنْ دَاۤبَّةٍ وَّلٰكِنْ يُّو͏ٔ͏َخِّرُهُمْ اِلٰٓي اَجَلٍ مُّسَمًّيۚ فَاِذَا جَاۤءَ اَجَلُهُمْ لَا يَسْتَاْخِرُوْنَ سَاعَةً وَّلَا يَسْتَقْدِمُوْنَ
اور اگر اللہ لوگوں کو اُن کے ظلم پر (فوراً) پکڑتا تو زمین پر کوئی چلنے والا جاندار نہ چھوڑتا؛ لیکن وہ اُنہیں ایک مقررہ وقت تک مہلت دیتا ہے، پھر جب اُن کا مقررہ وقت آ جاتا ہے تو وہ نہ ایک گھڑی پیچھے ہٹ سکتے ہیں نہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔
62
وَيَجْعَلُوْنَ لِلّٰهِ مَا يَكْرَهُوْنَ وَتَصِفُ اَلْسِنَتُهُمُ الْكَذِبَ اَنَّ لَهُمُ الْحُسْنٰيؕ لَا جَرَمَ اَنَّ لَهُمُ النَّارَ وَاَنَّهُمْ مُّفْرَطُوْنَ
اور یہ لوگ اللہ کے لیے وہ چیزیں ٹھہراتے ہیں جو اپنے لیے ناپسند کرتے ہیں، اور اِن کی زبانیں جھوٹ بیان کرتی ہیں کہ اِن کے لیے (آخرت میں بھی) بھلائی ہے۔ یقیناً اِن کے لیے دوزخ ہے، اور یہ سب سے پہلے اُس میں بھیجے جائیں گے (اور وہیں چھوڑ دیے جائیں گے)۔
63
تَاللّٰهِ لَقَدْ اَرْسَلْنَا͏ٓ اِلٰٓي اُمَمٍ مِّنْ قَبْلِكَ فَزَيَّنَ لَهُمُ الشَّيْطٰنُ اَعْمَالَهُمْ فَهُوَ وَلِيُّهُمُ الْيَوْمَ وَلَهُمْ عَذَابٌ اَلِيْمٌ
اللہ کی قسم! (اے پیغمبر!) ہم نے آپ سے پہلے بھی بہت سی قوموں کی طرف رسول بھیجے، تو شیطان نے اُن کے (برے) اعمال اُنہیں خوشنما کر کے دکھائے؛ چنانچہ آج وہی اُن کا ساتھی ہے، اور اُن کے لیے دردناک عذاب ہے۔
64
وَمَا͏ٓ اَنْزَلْنَا عَلَيْكَ الْكِتٰبَ اِلَّا لِتُبَيِّنَ لَهُمُ الَّذِي اخْتَلَفُوْا فِيْهِۙ وَهُدًي وَّرَحْمَةً لِّقَوْمٍ يُّو͏ٔ͏ْمِنُوْنَ
اور ہم نے آپ پر یہ کتاب صرف اِس لیے اُتاری ہے کہ آپ اُن کے سامنے وہ باتیں کھول کر بیان کر دیں جن میں وہ اختلاف کرتے ہیں، اور ایمان لانے والوں کے لیے یہ ہدایت اور رحمت ہے۔
65
وَاللّٰهُ اَنْزَلَ مِنَ السَّمَاۤءِ مَاۤءً فَاَحْيَا بِهِ الْاَرْضَ بَعْدَ مَوْتِهَاؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيَةً لِّقَوْمٍ يَّسْمَعُوْنَ
اور اللہ نے آسمان سے پانی اُتارا، پھر اُس کے ذریعے زمین کو اُس کے مردہ ہو جانے کے بعد زندہ کر دیا؛ بے شک اِس میں اُن لوگوں کے لیے بڑی نشانی ہے جو (بات کو دل سے) سنتے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 9 آیات 66 تا 70
66
وَاِنَّ لَكُمْ فِي الْاَنْعَامِ لَعِبْرَةًؕ نُسْقِيْكُمْ مِّمَّا فِيْ بُطُوْنِهٖ مِنْۢ بَيْنِ فَرْثٍ وَّدَمٍ لَّبَنًا خَالِصًا سَاۤىِٕغًا لِّلشّٰرِبِيْنَ
اور یقیناً تمہارے لیے چوپایوں میں بھی سبق ہے: اُن کے پیٹ میں جو گوبر اور خون ہے اُن کے درمیان سے ہم تمہیں خالص دودھ پلاتے ہیں جو پینے والوں کے لیے بڑا خوشگوار ہے۔
67
وَمِنْ ثَمَرٰتِ النَّخِيْلِ وَالْاَعْنَابِ تَتَّخِذُوْنَ مِنْهُ سَكَرًا وَّرِزْقًا حَسَنًاؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيَةً لِّقَوْمٍ يَّعْقِلُوْنَ
اور کھجور اور انگور کے پھلوں سے بھی (ہم تمہیں پلاتے ہیں)؛ تم اُن سے نشہ آور چیز بھی بنا لیتے ہو اور اچھی روزی بھی؛ بے شک اِس میں عقل رکھنے والوں کے لیے بڑی نشانی ہے۔
68
وَاَوْحٰي رَبُّكَ اِلَي النَّحْلِ اَنِ اتَّخِذِيْ مِنَ الْجِبَالِ بُيُوْتًا وَّمِنَ الشَّجَرِ وَمِمَّا يَعْرِشُوْنَ
اور تمہارے پروردگار نے شہد کی مکھی کے دل میں یہ بات ڈال دی کہ پہاڑوں میں، درختوں میں اور اُن (چھتوں اور ٹٹیوں) میں جو لوگ اونچی بناتے ہیں، گھر بنا۔
69
ثُمَّ كُلِيْ مِنْ كُلِّ الثَّمَرٰتِ فَاسْلُكِيْ سُبُلَ رَبِّكِ ذُلُلًاؕ يَخْرُجُ مِنْۢ بُطُوْنِهَا شَرَابٌ مُّخْتَلِفٌ اَلْوَانُهٗ فِيْهِ شِفَاۤءٌ لِّلنَّاسِؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيَةً لِّقَوْمٍ يَّتَفَكَّرُوْنَ
پھر ہر قسم کے پھلوں سے رس چوس، پھر اپنے پروردگار کے ہموار کیے ہوئے راستوں پر چل۔ اُن کے پیٹ سے ایک پینے کی چیز نکلتی ہے جس کے رنگ مختلف ہیں، اُس میں لوگوں کے لیے شفا ہے؛ بے شک اِس میں غور و فکر کرنے والوں کے لیے بڑی نشانی ہے۔
70
وَاللّٰهُ خَلَقَكُمْ ثُمَّ يَتَوَفّٰىكُمْࣞۙ وَمِنْكُمْ مَّنْ يُّرَدُّ اِلٰٓي اَرْذَلِ الْعُمُرِ لِكَيْ لَا يَعْلَمَ بَعْدَ عِلْمٍ شَيْـًٔاؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلِيْمٌ قَدِيْرٌ
اور اللہ ہی نے تمہیں پیدا کیا، پھر وہی تمہیں موت دیتا ہے؛ اور تم میں سے کوئی سب سے نکمی عمر (سخت بڑھاپے) تک پہنچا دیا جاتا ہے، تاکہ سب کچھ جان لینے کے بعد پھر کچھ نہ جانے؛ بے شک اللہ سب کچھ جاننے والا، بڑی قدرت والا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 10 آیات 71 تا 76
71
وَاللّٰهُ فَضَّلَ بَعْضَكُمْ عَلٰي بَعْضٍ فِي الرِّزْقِۚ فَمَا الَّذِيْنَ فُضِّلُوْا بِرَاۤدِّيْ رِزْقِهِمْ عَلٰي مَا مَلَكَتْ اَيْمَانُهُمْ فَهُمْ فِيْهِ سَوَاۤءٌؕ اَفَبِنِعْمَةِ اللّٰهِ يَجْحَدُوْنَ
اور اللہ نے تم میں سے بعض کو روزی میں بعض پر فوقیت دی ہے؛ پھر جنہیں فوقیت دی گئی ہے وہ اپنی روزی اپنے غلاموں کو لوٹا دینے والے نہیں کہ وہ سب اُس میں برابر ہو جائیں؛ تو کیا یہ لوگ اللہ کی نعمت کا انکار کرتے ہیں؟
72
وَاللّٰهُ جَعَلَ لَكُمْ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ اَزْوَاجًا وَّجَعَلَ لَكُمْ مِّنْ اَزْوَاجِكُمْ بَنِيْنَ وَحَفَدَةً وَّرَزَقَكُمْ مِّنَ الطَّيِّبٰتِؕ اَفَبِالْبَاطِلِ يُو͏ٔ͏ْمِنُوْنَ وَبِنِعْمَتِ اللّٰهِ هُمْ يَكْفُرُوْنَ
اور اللہ نے تمہارے لیے تمہاری ہی جنس سے بیویاں بنائیں، اور تمہاری بیویوں سے تمہارے لیے بیٹے اور پوتے پیدا کیے، اور تمہیں پاکیزہ چیزیں کھانے کو دیں؛ تو کیا یہ لوگ باطل پر ایمان رکھتے ہیں اور اللہ کی نعمت کی ناشکری کرتے ہیں؟
73
وَيَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ مَا لَا يَمْلِكُ لَهُمْ رِزْقًا مِّنَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ شَيْـًٔا وَّلَا يَسْتَطِيْعُوْنَ
اور اللہ کے سوا اُن کی عبادت کرتے ہیں جو آسمانوں اور زمین سے اُنہیں کچھ بھی روزی دینے کا اختیار نہیں رکھتے، اور نہ (اِس کی) طاقت رکھتے ہیں۔
74
فَلَا تَضْرِبُوْا لِلّٰهِ الْاَمْثَالَؕ اِنَّ اللّٰهَ يَعْلَمُ وَاَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ
لہٰذا اللہ کے لیے مثالیں نہ گھڑو؛ بے شک اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔
75
ضَرَبَ اللّٰهُ مَثَلًا عَبْدًا مَّمْلُوْكًا لَّا يَقْدِرُ عَلٰي شَيْءٍ وَّمَنْ رَّزَقْنٰهُ مِنَّا رِزْقًا حَسَنًا فَهُوَ يُنْفِقُ مِنْهُ سِرًّا وَّجَهْرًاؕ هَلْ يَسْتَوٗنَؕ اَلْحَمْدُ لِلّٰهِؕ بَلْ اَكْثَرُهُمْ لَا يَعْلَمُوْنَ
اللہ ایک مثال بیان کرتا ہے: ایک غلام ہے جو کسی کی ملکیت میں ہے، کسی چیز پر اختیار نہیں رکھتا؛ اور ایک وہ شخص ہے جسے ہم نے اپنی طرف سے اچھی روزی دی ہے، اور وہ اُس میں سے چھپ کر اور کھلم کھلا خرچ کرتا ہے؛ کیا یہ دونوں برابر ہو سکتے ہیں؟ تمام تعریف اللہ کے لیے ہے، مگر اِن میں سے اکثر لوگ نہیں جانتے۔
76
وَضَرَبَ اللّٰهُ مَثَلًا رَّجُلَيْنِ اَحَدُهُمَا͏ٓ اَبْكَمُ لَا يَقْدِرُ عَلٰي شَيْءٍ وَّهُوَ كَلٌّ عَلٰي مَوْلٰىهُۙ اَيْنَمَا يُوَجِّهْهُّ لَا يَاْتِ بِخَيْرٍؕ هَلْ يَسْتَوِيْ هُوَۙ وَمَنْ يَّاْمُرُ بِالْعَدْلِۙ وَهُوَ عَلٰي صِرَاطٍ مُّسْتَقِيْمٍ
اور اللہ ایک اور مثال بیان کرتا ہے: دو آدمی ہیں؛ اُن میں سے ایک گونگا ہے، کسی چیز پر قدرت نہیں رکھتا اور اپنے آقا پر بوجھ بنا ہوا ہے؛ وہ اُسے جہاں بھی بھیجے کوئی بھلائی لے کر نہیں آتا۔ کیا وہ اور وہ شخص برابر ہو سکتے ہیں جو انصاف کا حکم دیتا ہے اور خود بھی سیدھے راستے پر ہے؟
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 11 آیات 77 تا 83
77
وَلِلّٰهِ غَيْبُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِؕ وَمَا͏ٓ اَمْرُ السَّاعَةِ اِلَّا كَلَمْحِ الْبَصَرِ اَوْ هُوَ اَقْرَبُؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلٰي كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرٌ
اور آسمانوں اور زمین کی سب چھپی باتیں اللہ ہی کے علم میں ہیں؛ اور قیامت کا معاملہ تو بس ایسا ہے جیسے آنکھ کا جھپکنا، بلکہ اُس سے بھی جلدی؛ بے شک اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔
78
وَاللّٰهُ اَخْرَجَكُمْ مِّنْۢ بُطُوْنِ اُمَّهٰتِكُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ شَيْـًٔاۙ وَّجَعَلَ لَكُمُ السَّمْعَ وَالْاَبْصَارَ وَالْاَفْـِٕدَةَۙ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ
اور اللہ نے تمہیں تمہاری ماؤں کے پیٹ سے اِس حال میں نکالا کہ تم کچھ نہیں جانتے تھے، اور اُس نے تمہیں کان، آنکھیں اور دل دیے تاکہ تم شکر ادا کرو۔
79
اَلَمْ يَرَوْا اِلَي الطَّيْرِ مُسَخَّرٰتٍ فِيْ جَوِّ السَّمَاۤءِؕ مَا يُمْسِكُهُنَّ اِلَّا اللّٰهُؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيٰتٍ لِّقَوْمٍ يُّو͏ٔ͏ْمِنُوْنَ
کیا اِن لوگوں نے پرندوں کو نہیں دیکھا کہ آسمان کی فضا میں (اللہ کے حکم کے) تابع ہیں؟ اللہ کے سوا اُنہیں کوئی تھامے ہوئے نہیں؛ بے شک اِس میں ایمان لانے والوں کے لیے بہت سی نشانیاں ہیں۔
80
وَاللّٰهُ جَعَلَ لَكُمْ مِّنْۢ بُيُوْتِكُمْ سَكَنًا وَّجَعَلَ لَكُمْ مِّنْ جُلُوْدِ الْاَنْعَامِ بُيُوْتًا تَسْتَخِفُّوْنَهَا يَوْمَ ظَعْنِكُمْ وَيَوْمَ اِقَامَتِكُمْۙ وَمِنْ اَصْوَافِهَا وَاَوْبَارِهَا وَاَشْعَارِهَا͏ٓ اَثَاثًا وَّمَتَاعًا اِلٰي حِيْنٍ
اور اللہ نے تمہارے گھروں کو تمہارے لیے سکون کی جگہ بنایا، اور چوپایوں کی کھالوں سے تمہارے لیے ایسے گھر (خیمے) بنائے جنہیں تم سفر کے دن اور ٹھہرنے کے دن ہلکا پھلکا پاتے ہو، اور اُن کی اُون، اُن کے بالوں اور اُن کی پشم سے گھر کا سامان اور ایک مدت تک کام آنے والی چیزیں بنائیں۔
81
وَاللّٰهُ جَعَلَ لَكُمْ مِّمَّا خَلَقَ ظِلٰلًا وَّجَعَلَ لَكُمْ مِّنَ الْجِبَالِ اَكْنَانًا وَّجَعَلَ لَكُمْ سَرَابِيْلَ تَقِيْكُمُ الْحَرَّ وَسَرَابِيْلَ تَقِيْكُمْ بَاْسَكُمْؕ كَذٰلِكَ يُتِمُّ نِعْمَتَهٗ عَلَيْكُمْ لَعَلَّكُمْ تُسْلِمُوْنَ
اور اللہ نے اپنی پیدا کی ہوئی چیزوں سے تمہارے لیے سائے بنائے، اور پہاڑوں میں تمہارے لیے پناہ گاہیں بنائیں، اور تمہارے لیے ایسے لباس بنائے جو تمہیں گرمی سے بچاتے ہیں، اور ایسے لباس (زرہیں) بھی جو تمہیں تمہاری لڑائی میں بچاتے ہیں؛ اسی طرح وہ تم پر اپنی نعمت پوری کرتا ہے تاکہ تم فرماں بردار بنو۔
82
فَاِنْ تَوَلَّوْا فَاِنَّمَا عَلَيْكَ الْبَلٰغُ الْمُبِيْنُ
پھر بھی اگر یہ لوگ منہ پھیریں تو (اے پیغمبر!) آپ کے ذمے تو بس صاف صاف پیغام پہنچا دینا ہے۔
83
يَعْرِفُوْنَ نِعْمَتَ اللّٰهِ ثُمَّ يُنْكِرُوْنَهَا وَاَكْثَرُهُمُ الْكٰفِرُوْنَ
یہ لوگ اللہ کی نعمت کو پہچانتے ہیں، پھر اُس کا انکار کرتے ہیں، اور اِن میں سے اکثر ناشکرے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 12 آیات 84 تا 89
84
وَيَوْمَ نَبْعَثُ مِنْ كُلِّ اُمَّةٍ شَهِيْدًا ثُمَّ لَا يُو͏ٔ͏ْذَنُ لِلَّذِيْنَ كَفَرُوْا وَلَا هُمْ يُسْتَعْتَبُوْنَ
اور (یاد کرو) وہ دن جب ہم ہر امت میں سے ایک گواہ کھڑا کریں گے، پھر کافروں کو (عذر پیش کرنے کی) اجازت نہیں دی جائے گی، اور نہ اُن سے یہ چاہا جائے گا کہ (توبہ کر کے) اللہ کو راضی کر لیں۔
85
وَاِذَا رَاَ الَّذِيْنَ ظَلَمُوا الْعَذَابَ فَلَا يُخَفَّفُ عَنْهُمْ وَلَا هُمْ يُنْظَرُوْنَ
اور جب ظالم عذاب کو دیکھ لیں گے تو نہ وہ اُن سے ہلکا کیا جائے گا اور نہ اُنہیں مہلت دی جائے گی۔
86
وَاِذَا رَاَ الَّذِيْنَ اَشْرَكُوْا شُرَكَاۤءَهُمْ قَالُوْا رَبَّنَا هٰٓو͏ٔ͏ُلَاۤءِ شُرَكَاۤو͏ٔ͏ُنَا الَّذِيْنَ كُنَّا نَدْعُوْا مِنْ دُوْنِكَۚ فَاَلْقَوْا اِلَيْهِمُ الْقَوْلَ اِنَّكُمْ لَكٰذِبُوْنَ
اور جب مشرک اپنے (ٹھہرائے ہوئے) شریکوں کو دیکھیں گے تو کہیں گے: اے ہمارے پروردگار! یہی ہیں ہمارے وہ شریک جنہیں ہم آپ کو چھوڑ کر پکارا کرتے تھے؛ تو وہ (شریک) اُن کی بات اُنہی پر الٹ دیں گے کہ یقیناً تم جھوٹے ہو۔
87
وَاَلْقَوْا اِلَي اللّٰهِ يَوْمَىِٕذِ اࣙلسَّلَمَ وَضَلَّ عَنْهُمْ مَّا كَانُوْا يَفْتَرُوْنَ
اور اُس دن وہ اللہ کے آگے ہتھیار ڈال دیں گے، اور جو (معبود) وہ گھڑا کرتے تھے وہ سب اُن سے غائب ہو جائیں گے۔
88
اَلَّذِيْنَ كَفَرُوْا وَصَدُّوْا عَنْ سَبِيْلِ اللّٰهِ زِدْنٰهُمْ عَذَابًا فَوْقَ الْعَذَابِ بِمَا كَانُوْا يُفْسِدُوْنَ
جن لوگوں نے کفر کیا اور (دوسروں کو) اللہ کے راستے سے روکا، اُن کے لیے ہم عذاب پر عذاب بڑھا دیں گے، اُس فساد کی وجہ سے جو وہ پھیلاتے تھے۔
89
وَيَوْمَ نَبْعَثُ فِيْ كُلِّ اُمَّةٍ شَهِيْدًا عَلَيْهِمْ مِّنْ اَنْفُسِهِمْ وَجِي͏ٔ͏ْنَا بِكَ شَهِيْدًا عَلٰي هٰٓو͏ٔ͏ُلَاۤءِؕ وَنَزَّلْنَا عَلَيْكَ الْكِتٰبَ تِبْيَانًا لِّكُلِّ شَيْءٍ وَّهُدًي وَّرَحْمَةً وَّبُشْرٰي لِلْمُسْلِمِيْنَ
اور (یاد کرو) وہ دن جب ہم ہر امت میں اُنہی میں سے ایک گواہ اُن کے خلاف کھڑا کریں گے، اور (اے پیغمبر!) آپ کو اِن لوگوں پر گواہ بنا کر لائیں گے؛ اور ہم نے آپ پر یہ کتاب اُتاری ہے جو ہر چیز کو کھول کر بیان کرنے والی ہے، اور مسلمانوں کے لیے ہدایت، رحمت اور خوشخبری ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 13 آیات 90 تا 100
90
اِنَّ اللّٰهَ يَاْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْاِحْسَانِ وَاِيْتَاۤي͏ٔ͏ِ ذِي الْقُرْبٰي وَيَنْهٰي عَنِ الْفَحْشَاۤءِ وَالْمُنْكَرِ وَالْبَغْيِۚ يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُوْنَ
بے شک اللہ عدل کا، احسان کا اور رشتہ داروں کو (اُن کا حق) دینے کا حکم دیتا ہے، اور بے حیائی، بری بات اور ظلم سے منع کرتا ہے؛ وہ تمہیں نصیحت کرتا ہے تاکہ تم نصیحت حاصل کرو۔
91
وَاَوْفُوْا بِعَهْدِ اللّٰهِ اِذَا عٰهَدْتُّمْ وَلَا تَنْقُضُوا الْاَيْمَانَ بَعْدَ تَوْكِيْدِهَا وَقَدْ جَعَلْتُمُ اللّٰهَ عَلَيْكُمْ كَفِيْلًاؕ اِنَّ اللّٰهَ يَعْلَمُ مَا تَفْعَلُوْنَ
اور جب تم آپس میں عہد کر لو تو اللہ کے عہد کو پورا کرو، اور قسموں کو پکا کر لینے کے بعد اُنہیں نہ توڑو، جبکہ تم اللہ کو اپنے اوپر گواہ (ضامن) بنا چکے ہو؛ بے شک اللہ جانتا ہے جو کچھ تم کرتے ہو۔
92
وَلَا تَكُوْنُوْا كَالَّتِيْ نَقَضَتْ غَزْلَهَا مِنْۢ بَعْدِ قُوَّةٍ اَنْكَاثًاؕ تَتَّخِذُوْنَ اَيْمَانَكُمْ دَخَلًاۢ بَيْنَكُمْ اَنْ تَكُوْنَ اُمَّةٌ هِيَ اَرْبٰي مِنْ اُمَّةٍؕ اِنَّمَا يَبْلُوْكُمُ اللّٰهُ بِهٖؕ وَلَيُبَيِّنَنَّ لَكُمْ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ مَا كُنْتُمْ فِيْهِ تَخْتَلِفُوْنَ
اور اُس عورت کی طرح نہ ہو جاؤ جس نے بڑی محنت سے کاتا ہوا سوت پختہ ہو جانے کے بعد ٹکڑے ٹکڑے کر کے اُدھیڑ ڈالا؛ تم اپنی قسموں کو آپس میں فریب کا ذریعہ بناتے ہو، اِس لیے کہ ایک گروہ دوسرے گروہ سے بڑھ جائے؛ اللہ تو اِس (عہد) کے ذریعے تمہیں آزماتا ہے، اور قیامت کے دن وہ ضرور تمہارے سامنے وہ باتیں کھول کر بیان کر دے گا جن میں تم اختلاف کرتے تھے۔
93
وَلَوْ شَاۤءَ اللّٰهُ لَجَعَلَكُمْ اُمَّةً وَّاحِدَةً وَّلٰكِنْ يُّضِلُّ مَنْ يَّشَاۤءُ وَيَهْدِيْ مَنْ يَّشَاۤءُؕ وَلَتُسْـَٔلُنَّ عَمَّا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ
اور اگر اللہ چاہتا تو تم سب کو ایک ہی امت بنا دیتا؛ لیکن وہ جسے چاہتا ہے گمراہی میں چھوڑ دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ہدایت دے دیتا ہے؛ اور جو کچھ تم کرتے رہے ہو اُس کے بارے میں تم سے ضرور پوچھا جائے گا۔
94
وَلَا تَتَّخِذُوْٓا اَيْمَانَكُمْ دَخَلًاۢ بَيْنَكُمْ فَتَزِلَّ قَدَمٌۢ بَعْدَ ثُبُوْتِهَا وَتَذُوْقُوا السُّوْۤءَ بِمَا صَدَدْتُّمْ عَنْ سَبِيْلِ اللّٰهِۚ وَلَكُمْ عَذَابٌ عَظِيْمٌ
اور اپنی قسموں کو آپس میں فریب کا ذریعہ نہ بناؤ، ورنہ کوئی قدم جمنے کے بعد پھسل جائے گا، اور تمہیں اللہ کے راستے سے روکنے کی وجہ سے برا انجام چکھنا پڑے گا، اور تمہارے لیے بڑا عذاب ہو گا۔
95
وَلَا تَشْتَرُوْا بِعَهْدِ اللّٰهِ ثَمَنًا قَلِيْلًاؕ اِنَّمَا عِنْدَ اللّٰهِ هُوَ خَيْرٌ لَّكُمْ اِنْ كُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ
اور اللہ کے عہد کو تھوڑی سی قیمت کے بدلے نہ بیچو؛ جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہی تمہارے لیے بہتر ہے، اگر تم سمجھو۔
96
مَا عِنْدَكُمْ يَنْفَدُ وَمَا عِنْدَ اللّٰهِ بَاقٍؕ وَلَنَجْزِيَنَّ الَّذِيْنَ صَبَرُوْٓا اَجْرَهُمْ بِاَحْسَنِ مَا كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ
جو کچھ تمہارے پاس ہے وہ ختم ہو جائے گا اور جو اللہ کے پاس ہے وہ باقی رہنے والا ہے؛ اور جن لوگوں نے صبر کیا ہم اُنہیں اُن کے بہترین کاموں کے مطابق اُن کا اجر ضرور دیں گے۔
97
مَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّنْ ذَكَرٍ اَوْ اُنْثٰي وَهُوَ مُو͏ٔ͏ْمِنٌ فَلَنُحْيِيَنَّهٗ حَيٰوةً طَيِّبَةًۚ وَلَنَجْزِيَنَّهُمْ اَجْرَهُمْ بِاَحْسَنِ مَا كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ
جو شخص بھی نیک عمل کرے، مرد ہو یا عورت، بشرطیکہ وہ مومن ہو، تو ہم اُسے ضرور پاکیزہ زندگی بسر کرائیں گے، اور (آخرت میں) اُن کے بہترین کاموں کے مطابق اُن کا اجر ضرور دیں گے۔
98
فَاِذَا قَرَاْتَ الْقُرْاٰنَ فَاسْتَعِذْ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ
پھر جب تم قرآن پڑھنے لگو تو شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگ لیا کرو۔
99
اِنَّهٗ لَيْسَ لَهٗ سُلْطٰنٌ عَلَي الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَعَلٰي رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُوْنَ
یقیناً اُس کا اُن لوگوں پر کوئی زور نہیں چلتا جو ایمان لائے ہیں اور اپنے پروردگار پر بھروسہ رکھتے ہیں۔
100
اِنَّمَا سُلْطٰنُهٗ عَلَي الَّذِيْنَ يَتَوَلَّوْنَهٗ وَالَّذِيْنَ هُمْ بِهٖ مُشْرِكُوْنَ
اُس کا زور تو بس اُن لوگوں پر چلتا ہے جو اُسے دوست بناتے ہیں اور جو اللہ کے ساتھ شریک ٹھہراتے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 14 آیات 101 تا 110
101
وَاِذَا بَدَّلْنَا͏ٓ اٰيَةً مَّكَانَ اٰيَةٍۙ وَّاللّٰهُ اَعْلَمُ بِمَا يُنَزِّلُ قَالُوْٓا اِنَّمَا͏ٓ اَنْتَ مُفْتَرٍؕ بَلْ اَكْثَرُهُمْ لَا يَعْلَمُوْنَ
اور جب ہم ایک آیت کی جگہ دوسری آیت بدل کر لاتے ہیں، اور اللہ ہی خوب جانتا ہے کہ وہ کیا اُتارے، تو یہ لوگ کہتے ہیں کہ تم تو گھڑ لینے والے ہو؛ (ایسا نہیں) بلکہ اِن میں سے اکثر لوگ (حقیقت) نہیں جانتے۔
102
قُلْ نَزَّلَهٗ رُوْحُ الْقُدُسِ مِنْ رَّبِّكَ بِالْحَقِّ لِيُثَبِّتَ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَهُدًي وَّبُشْرٰي لِلْمُسْلِمِيْنَ
آپ کہہ دیجیے کہ اِسے روح القدس (جبریل) نے آپ کے پروردگار کی طرف سے حق کے ساتھ اُتارا ہے، تاکہ ایمان والوں کو ثابت قدم رکھے، اور مسلمانوں کے لیے ہدایت اور خوشخبری ہو۔
103
وَلَقَدْ نَعْلَمُ اَنَّهُمْ يَقُوْلُوْنَ اِنَّمَا يُعَلِّمُهٗ بَشَرٌؕ لِسَانُ الَّذِيْ يُلْحِدُوْنَ اِلَيْهِ اَعْجَمِيٌّ وَّهٰذَا لِسَانٌ عَرَبِيٌّ مُّبِيْنٌ
اور ہم خوب جانتے ہیں کہ یہ لوگ کہتے ہیں: اِسے تو ایک انسان سکھاتا ہے؛ (حالانکہ) جس شخص کی طرف یہ (اِس کی) غلط نسبت کرتے ہیں اُس کی زبان عجمی ہے، اور یہ (قرآن) صاف عربی زبان ہے۔
104
اِنَّ الَّذِيْنَ لَا يُو͏ٔ͏ْمِنُوْنَ بِاٰيٰتِ اللّٰهِۙ لَا يَهْدِيْهِمُ اللّٰهُ وَلَهُمْ عَذَابٌ اَلِيْمٌ
بے شک جو لوگ اللہ کی آیتوں پر ایمان نہیں لاتے، اللہ اُنہیں ہدایت نہیں دیتا، اور اُن کے لیے دردناک عذاب ہے۔
105
اِنَّمَا يَفْتَرِي الْكَذِبَ الَّذِيْنَ لَا يُو͏ٔ͏ْمِنُوْنَ بِاٰيٰتِ اللّٰهِۚ وَاُولٰۤىِٕكَ هُمُ الْكٰذِبُوْنَ
جھوٹ تو وہی لوگ گھڑتے ہیں جو اللہ کی آیتوں پر ایمان نہیں رکھتے، اور یہی لوگ (حقیقت میں) جھوٹے ہیں۔
106
مَنْ كَفَرَ بِاللّٰهِ مِنْۢ بَعْدِ اِيْمَانِهٖٓ اِلَّا مَنْ اُكْرِهَ وَقَلْبُهٗ مُطْمَىِٕنٌّۢ بِالْاِيْمَانِ وَلٰكِنْ مَّنْ شَرَحَ بِالْكُفْرِ صَدْرًا فَعَلَيْهِمْ غَضَبٌ مِّنَ اللّٰهِۚ وَلَهُمْ عَذَابٌ عَظِيْمٌ
جو شخص ایمان لانے کے بعد اللہ کا انکار کرے، سوائے اُس کے جسے (کفر کا کلمہ کہنے پر) مجبور کیا گیا ہو جبکہ اُس کا دل ایمان پر مطمئن ہو؛ لیکن جو شخص کھلے دل سے کفر اختیار کرے، تو ایسے لوگوں پر اللہ کا غضب ہے اور اُن کے لیے بڑا عذاب ہے۔
107
ذٰلِكَ بِاَنَّهُمُ اسْتَحَبُّوا الْحَيٰوةَ الدُّنْيَا عَلَي الْاٰخِرَةِۙ وَاَنَّ اللّٰهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الْكٰفِرِيْنَ
یہ اِس لیے کہ اُنہوں نے دنیا کی زندگی کو آخرت کے مقابلے میں زیادہ پسند کیا، اور اِس لیے کہ اللہ کافر لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
108
اُولٰۤىِٕكَ الَّذِيْنَ طَبَعَ اللّٰهُ عَلٰي قُلُوْبِهِمْ وَسَمْعِهِمْ وَاَبْصَارِهِمْۚ وَاُولٰۤىِٕكَ هُمُ الْغٰفِلُوْنَ
یہی وہ لوگ ہیں جن کے دلوں، کانوں اور آنکھوں پر اللہ نے مہر لگا دی ہے، اور یہی لوگ غافل ہیں۔
109
لَا جَرَمَ اَنَّهُمْ فِي الْاٰخِرَةِ هُمُ الْخٰسِرُوْنَ
یقیناً یہی لوگ آخرت میں نقصان اُٹھانے والے ہیں۔
110
ثُمَّ اِنَّ رَبَّكَ لِلَّذِيْنَ هَاجَرُوْا مِنْۢ بَعْدِ مَا فُتِنُوْا ثُمَّ جٰهَدُوْا وَصَبَرُوْٓاۙ اِنَّ رَبَّكَ مِنْۢ بَعْدِهَا لَغَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ
پھر بے شک آپ کا پروردگار اُن لوگوں کے لیے جنہوں نے ستائے جانے کے بعد ہجرت کی، پھر جہاد کیا اور صبر کیا، بے شک آپ کا پروردگار اِن باتوں کے بعد بہت بخشنے والا، نہایت مہربان ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 15 آیات 111 تا 119
111
يَوْمَ تَاْتِيْ كُلُّ نَفْسٍ تُجَادِلُ عَنْ نَّفْسِهَا وَتُوَفّٰي كُلُّ نَفْسٍ مَّا عَمِلَتْ وَهُمْ لَا يُظْلَمُوْنَ
(یاد کرو) وہ دن جب ہر شخص اپنی ہی جان بچانے کے لیے جھگڑتا ہوا آئے گا، اور ہر شخص کو اُس کے کیے کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا، اور اُن پر کوئی ظلم نہیں کیا جائے گا۔
112
وَضَرَبَ اللّٰهُ مَثَلًا قَرْيَةً كَانَتْ اٰمِنَةً مُّطْمَىِٕنَّةً يَّاْتِيْهَا رِزْقُهَا رَغَدًا مِّنْ كُلِّ مَكَانٍ فَكَفَرَتْ بِاَنْعُمِ اللّٰهِ فَاَذَاقَهَا اللّٰهُ لِبَاسَ الْجُوْعِ وَالْخَوْفِ بِمَا كَانُوْا يَصْنَعُوْنَ
اور اللہ ایک بستی کی مثال بیان کرتا ہے جو امن اور اطمینان میں تھی، اُس کی روزی ہر طرف سے فراغت کے ساتھ اُس کے پاس آتی تھی؛ پھر اُس نے اللہ کی نعمتوں کی ناشکری کی، تو اللہ نے اُن کی کرتوتوں کی وجہ سے اُسے بھوک اور خوف کا لباس پہنا کر (اُس کا) مزہ چکھایا۔
113
وَلَقَدْ جَاۤءَهُمْ رَسُوْلٌ مِّنْهُمْ فَكَذَّبُوْهُ فَاَخَذَهُمُ الْعَذَابُ وَهُمْ ظٰلِمُوْنَ
اور اُن کے پاس اُنہی میں سے ایک رسول آیا، تو اُنہوں نے اُسے جھٹلایا؛ چنانچہ عذاب نے اُنہیں اِس حال میں آ پکڑا کہ وہ ظالم تھے۔
114
فَكُلُوْا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللّٰهُ حَلٰلًا طَيِّبًاࣕ وَّاشْكُرُوْا نِعْمَتَ اللّٰهِ اِنْ كُنْتُمْ اِيَّاهُ تَعْبُدُوْنَ
تو (اے مسلمانو!) اللہ نے تمہیں جو حلال پاکیزہ روزی دی ہے اُس میں سے کھاؤ، اور اللہ کی نعمت کا شکر ادا کرو، اگر تم واقعی اُسی کی عبادت کرتے ہو۔
115
اِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيْكُمُ الْمَيْتَةَ وَالدَّمَ وَلَحْمَ الْخِنْزِيْرِ وَمَا͏ٓ اُهِلَّ لِغَيْرِ اللّٰهِ بِهٖۚ فَمَنِ اضْطُرَّ غَيْرَ بَاغٍ وَّلَا عَادٍ فَاِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ
اُس نے تو تم پر صرف مردار، خون، سور کا گوشت اور وہ جانور حرام کیا ہے جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو؛ پھر جو شخص (بھوک سے) مجبور ہو جائے، نہ لذت چاہنے والا ہو اور نہ (ضرورت کی) حد سے آگے بڑھنے والا، تو بے شک اللہ بہت بخشنے والا، نہایت مہربان ہے۔
116
وَلَا تَقُوْلُوْا لِمَا تَصِفُ اَلْسِنَتُكُمُ الْكَذِبَ هٰذَا حَلٰلٌ وَّهٰذَا حَرَامٌ لِّتَفْتَرُوْا عَلَي اللّٰهِ الْكَذِبَؕ اِنَّ الَّذِيْنَ يَفْتَرُوْنَ عَلَي اللّٰهِ الْكَذِبَ لَا يُفْلِحُوْنَ
اور اپنی زبانوں سے جھوٹ گھڑ کر یہ نہ کہا کرو کہ یہ حلال ہے اور یہ حرام ہے، تاکہ اللہ پر جھوٹ باندھو؛ یقیناً جو لوگ اللہ پر جھوٹ باندھتے ہیں وہ فلاح نہیں پاتے۔
117
مَتَاعٌ قَلِيْلٌࣕ وَّلَهُمْ عَذَابٌ اَلِيْمٌ
(دنیا میں) تھوڑا سا فائدہ ہے، اور (آخرت میں) اُن کے لیے دردناک عذاب ہے۔
118
وَعَلَي الَّذِيْنَ هَادُوْا حَرَّمْنَا مَا قَصَصْنَا عَلَيْكَ مِنْ قَبْلُۚ وَمَا ظَلَمْنٰهُمْ وَلٰكِنْ كَانُوْٓا اَنْفُسَهُمْ يَظْلِمُوْنَ
اور یہودیوں پر ہم نے وہ چیزیں حرام کی تھیں جن کا ذکر ہم آپ سے پہلے کر چکے ہیں؛ اور ہم نے اُن پر ظلم نہیں کیا، بلکہ وہ خود اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے۔
119
ثُمَّ اِنَّ رَبَّكَ لِلَّذِيْنَ عَمِلُوا السُّوْۤءَ بِجَهَالَةٍ ثُمَّ تَابُوْا مِنْۢ بَعْدِ ذٰلِكَ وَاَصْلَحُوْٓاۙ اِنَّ رَبَّكَ مِنْۢ بَعْدِهَا لَغَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ
پھر بے شک آپ کا پروردگار اُن لوگوں کے لیے جنہوں نے نادانی سے برا کام کر لیا، پھر اُس کے بعد توبہ کر لی اور اپنی اصلاح کر لی، بے شک آپ کا پروردگار اِس کے بعد بہت بخشنے والا، نہایت مہربان ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
رکوع 16 آیات 120 تا 128
120
اِنَّ اِبْرٰهِيْمَ كَانَ اُمَّةً قَانِتًا لِّلّٰهِ حَنِيْفًاؕ وَلَمْ يَكُ مِنَ الْمُشْرِكِيْنَ
بے شک ابراہیم اپنی ذات میں ایک امت تھے، اللہ کے فرماں بردار، (سب سے کٹ کر) اُسی کی طرف یکسو، اور وہ مشرکوں میں سے نہیں تھے۔
121
شَاكِرًا لِّاَنْعُمِهٖؕ اِجْتَبٰىهُ وَهَدٰىهُ اِلٰي صِرَاطٍ مُّسْتَقِيْمٍ
وہ اللہ کی نعمتوں کے شکر گزار تھے؛ اللہ نے اُنہیں چن لیا اور سیدھے راستے کی ہدایت دی۔
122
وَاٰتَيْنٰهُ فِي الدُّنْيَا حَسَنَةًؕ وَاِنَّهٗ فِي الْاٰخِرَةِ لَمِنَ الصّٰلِحِيْنَ
اور ہم نے اُنہیں دنیا میں بھی بھلائی دی، اور آخرت میں بھی وہ یقیناً نیک لوگوں میں سے ہوں گے۔
123
ثُمَّ اَوْحَيْنَا͏ٓ اِلَيْكَ اَنِ اتَّبِعْ مِلَّةَ اِبْرٰهِيْمَ حَنِيْفًاؕ وَمَا كَانَ مِنَ الْمُشْرِكِيْنَ
پھر ہم نے آپ کی طرف وحی بھیجی کہ ابراہیم کے طریقے کی پیروی کیجیے، جو (اللہ کی طرف) یکسو تھے اور مشرکوں میں سے نہیں تھے۔
124
اِنَّمَا جُعِلَ السَّبْتُ عَلَي الَّذِيْنَ اخْتَلَفُوْا فِيْهِؕ وَاِنَّ رَبَّكَ لَيَحْكُمُ بَيْنَهُمْ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ فِيْمَا كَانُوْا فِيْهِ يَخْتَلِفُوْنَ
ہفتے (کی تعظیم) تو اُنہی لوگوں پر لازم کی گئی تھی جنہوں نے اُس میں اختلاف کیا تھا؛ اور یقیناً آپ کا پروردگار قیامت کے دن اُن کے درمیان اُن باتوں کا فیصلہ کر دے گا جن میں وہ اختلاف کرتے تھے۔
125
اُدْعُ اِلٰي سَبِيْلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ وَجَادِلْهُمْ بِالَّتِيْ هِيَ اَحْسَنُؕ اِنَّ رَبَّكَ هُوَ اَعْلَمُ بِمَنْ ضَلَّ عَنْ سَبِيْلِهٖ وَهُوَ اَعْلَمُ بِالْمُهْتَدِيْنَ
(اے پیغمبر!) اپنے پروردگار کے راستے کی طرف حکمت اور اچھی نصیحت کے ساتھ بلائیے، اور اُن سے بہترین طریقے سے بحث کیجیے؛ یقیناً آپ کا پروردگار اُسے بھی خوب جانتا ہے جو اُس کے راستے سے بھٹک گیا، اور وہ اُنہیں بھی خوب جانتا ہے جو ہدایت پر ہیں۔
126
وَاِنْ عَاقَبْتُمْ فَعَاقِبُوْا بِمِثْلِ مَا عُوْقِبْتُمْ بِهٖؕ وَلَىِٕنْ صَبَرْتُمْ لَهُوَ خَيْرٌ لِّلصّٰبِرِيْنَ
اور اگر تم (کسی زیادتی کا) بدلہ لو تو اُتنا ہی بدلہ لو جتنی زیادتی تمہارے ساتھ کی گئی ہے؛ اور اگر تم صبر کرو تو یقیناً صبر کرنے والوں کے لیے یہی بہتر ہے۔
127
وَاصْبِرْ وَمَا صَبْرُكَ اِلَّا بِاللّٰهِ وَلَا تَحْزَنْ عَلَيْهِمْ وَلَا تَكُ فِيْ ضَيْقٍ مِّمَّا يَمْكُرُوْنَ
اور (اے پیغمبر!) صبر کیجیے، اور آپ کا صبر اللہ ہی کی توفیق سے ہے؛ اور اُن (کافروں) پر غم نہ کیجیے، اور جو چالیں وہ چلتے ہیں اُن سے دل تنگ نہ ہوں۔
128
اِنَّ اللّٰهَ مَعَ الَّذِيْنَ اتَّقَوْا وَّالَّذِيْنَ هُمْ مُّحْسِنُوْنَ
یقیناً اللہ اُن لوگوں کے ساتھ ہے جو تقویٰ اختیار کرتے ہیں اور جو نیکی کرنے والے ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
دینی علم کا سفر آج سے شروع کریںممبر بنیں