یہ قرآن مجید کی اکسٹھویں سورت ہے؛ اِس میں چودہ آیتیں اور دو رکوع ہیں، اور یہ مدنی سورت ہے۔ اِس کی آیت ۴ میں «صَفًّا» کا لفظ آیا ہے اور اُن لوگوں کی تعریف کی گئی ہے جو صف باندھ کر اللہ کے راستے میں لڑتے ہیں؛ اِسی مناسبت سے اِس کا نام «سورۃ الصف» ہے۔ حضرت عبد اللہ بن سلامؓ فرماتے ہیں: ہم کچھ صحابہ آپس میں بات کر رہے تھے کہ کون رسول اللہ ﷺ سے جا کر پوچھے کہ اللہ کو کون سا عمل سب سے زیادہ پسند ہے؟ ہم میں سے کوئی نہ اٹھا؛ پھر رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی بھیج کر ہمیں جمع کیا اور یہ پوری سورت ہمیں پڑھ کر سنائی (مسند احمد ۵/۴۵۲؛ ترمذی: ۳۳۰۹)۔ اِس سورت کا مرکزی مقصد مسلمانوں کو اللہ کے دین کی مدد اور اُس کے راستے میں جہاد پر ابھارنا ہے۔ اِس میں اللہ کی راہ میں قربانی کی فضیلت اور جہاد کا ادب بیان ہوا ہے کہ صف باندھ کر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح لڑنا چاہیے؛ بنی اسرائیل حضرت موسیٰ علیہ السلام کو جو تکلیف پہنچاتے تھے اُس کا ذکر ہے؛ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے رسول اللہ ﷺ کی آمد کی جو خوش خبری دی تھی وہ صاف بیان ہوئی ہے؛ اور یہ بتایا گیا ہے کہ اللہ نے اِس دین کو سب دینوں پر غالب کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ آخر میں ایمان اور جہاد کو ایک نفع بخش تجارت قرار دیا گیا ہے جس کا نفع مغفرت، جنت اور دنیا میں نصرت و فتح ہے؛ اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواریوں کی مثال دے کر مسلمانوں کو «اللہ کے مددگار» بننے کی دعوت دی گئی ہے۔
اور (یاد کرو) جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا: اے میری قوم! تم مجھے کیوں ستاتے ہو حالانکہ تم جانتے ہو کہ میں تمہاری طرف اللہ کا بھیجا ہوا رسول ہوں؟ پھر جب وہ ٹیڑھے ہو گئے تو اللہ نے اُن کے دل ٹیڑھے کر دیے؛ اور اللہ نافرمان لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
اور (یاد کرو) جب مریم کے بیٹے عیسیٰ نے کہا: اے بنی اسرائیل! میں تمہاری طرف اللہ کا بھیجا ہوا رسول ہوں، مجھ سے پہلے آئی ہوئی تورات کی تصدیق کرنے والا ہوں، اور ایک ایسے رسول کی خوش خبری سنانے والا ہوں جو میرے بعد آئیں گے، جن کا نام احمد ہوگا؛ پھر جب وہ (رسول) کھلی نشانیاں لے کر اُن کے پاس آئے تو وہ کہنے لگے: یہ تو کھلا جادو ہے۔
(وہ یہ ہے کہ) تم اللہ اور اُس کے رسول پر ایمان رکھو، اور اللہ کے راستے میں اپنے مالوں اور اپنی جانوں سے جہاد کرو؛ یہ تمہارے لیے بہتر ہے اگر تم سمجھ رکھتے ہو۔
(اِس کے بدلے) اللہ تمہارے گناہ بخش دے گا، اور تمہیں ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، اور ہمیشہ رہنے کے باغوں میں عمدہ مکانوں میں؛ یہی بڑی کامیابی ہے۔
اے ایمان والو! اللہ کے مددگار بن جاؤ، جیسے مریم کے بیٹے عیسیٰ نے حواریوں سے کہا تھا: کون ہیں جو اللہ کی طرف (بلانے میں) میرے مددگار بنیں؟ حواریوں نے کہا: ہم اللہ کے مددگار ہیں؛ پھر بنی اسرائیل میں سے ایک گروہ ایمان لایا اور ایک گروہ نے انکار کیا؛ پھر ہم نے ایمان والوں کی اُن کے دشمنوں کے مقابلے میں مدد کی، تو وہ غالب ہو گئے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←