یہ قرآن مجید کی تیسویں سورت ہے؛ اِس میں ساٹھ آیتیں اور چھ رکوع ہیں۔ یہ مکی سورت ہے، اور ہجرت سے کچھ سال پہلے اُس وقت نازل ہوئی جب ایران (فارس) کی آتش پرست سلطنت نے روم کی عیسائی سلطنت کو شام اور فلسطین میں زبردست شکست دی تھی، یہاں تک کہ روم کا بادشاہ ہرقل اپنے دار السلطنت قسطنطنیہ میں گھر گیا تھا۔
کیا اُنہوں نے اپنے دلوں میں غور نہیں کیا کہ اللہ نے آسمانوں کو، زمین کو اور اُن کے درمیان کی چیزوں کو کسی مقصد ہی سے اور ایک مقررہ مدت کے لیے پیدا فرمایا ہے؟ لیکن بہت سے لوگ اپنے پروردگار کی ملاقات کا انکار کرتے ہیں۔
کیا وہ زمین میں چلے پھرے نہیں کہ دیکھ لیتے کہ اُن سے پہلے لوگوں کا کیا انجام ہوا؟ وہ قوت میں اِن سے بڑھے ہوئے تھے، اُنہوں نے زمین کو بویا جوتا تھا اور اُسے اُس سے زیادہ آباد کیا تھا جتنا اِنہوں نے آباد کیا ہے، اور اُن کے پاس اُن کے پیغمبر کھلی دلیلیں لے کر آئے تھے (مگر وہ ایمان نہیں لائے)؛ تو اللہ ایسا نہیں تھا کہ اُن پر ظلم کرتا، لیکن وہ خود ہی اپنے آپ پر ظلم کر رہے تھے۔
وہ زندہ کو مردہ سے نکالتا ہے اور مردہ کو زندہ سے نکالتا ہے، اور زمین کو اُس کے مردہ ہونے کے بعد زندہ کرتا ہے؛ اور اِسی طرح تم بھی (موت سے زندگی کی طرف) نکالے جاؤ گے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اور اُس کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ اُس نے تمہارے لیے تمہاری ہی جنس سے جوڑے (بیویاں) بنائے، تاکہ تم اُن کے پاس سکون حاصل کرو، اور تمہارے درمیان محبت اور ہمدردی پیدا کر دی؛ یقیناً اِس میں اُن لوگوں کے لیے نشانیاں ہیں جو غور و فکر سے کام لیتے ہیں۔
اور اُس کی نشانیوں میں سے آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنا اور تمہاری زبانوں اور رنگوں کا الگ الگ ہونا بھی ہے؛ یقیناً اِس میں سمجھ دار لوگوں کے لیے نشانیاں ہیں۔
اور اُس کی نشانیوں میں سے تمہارا رات اور دن میں سونا اور اُس کے فضل (روزی) کو تلاش کرنا بھی ہے؛ یقیناً اِس میں اُن لوگوں کے لیے نشانیاں ہیں جو (دل کے کانوں سے) سنتے ہیں۔
اور اُس کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ وہ تمہیں بجلی دکھاتا ہے، جس سے ڈر بھی ہوتا ہے اور امید بھی، اور وہ آسمان سے پانی برساتا ہے، پھر اُس کے ذریعے زمین کو اُس کے مردہ ہو جانے کے بعد زندہ کر دیتا ہے؛ یقیناً اِس میں اُن لوگوں کے لیے نشانیاں ہیں جو عقل سے کام لیتے ہیں۔
اور وہی ہے جو مخلوق کو پہلی بار پیدا کرتا ہے، پھر وہی اُسے دوبارہ پیدا کرے گا، اور یہ اُس کے لیے زیادہ آسان ہے؛ اور آسمانوں اور زمین میں سب سے اونچی صفت اُسی کی ہے، اور وہی غالب اور حکمت والا ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اللہ تمہارے لیے خود تمہارے ہی حالات کی ایک مثال بیان کرتا ہے: کیا تمہارے غلاموں میں سے کوئی اُس روزی میں تمہارا شریک ہے جو ہم نے تمہیں دی ہے، کہ تم اور وہ اُس میں برابر ہو جاؤ، (اور) تم اُن سے اُسی طرح ڈرتے ہو جیسے آپس میں ایک دوسرے سے ڈرتے ہو؟ ہم اِسی طرح سمجھ داروں کے لیے آیتیں کھول کھول کر بیان کرتے ہیں۔
بلکہ (حقیقت یہ ہے کہ) یہ ظالم بے سمجھے بوجھے اپنی خواہشات کے پیچھے چل رہے ہیں؛ تو جسے اللہ نے گمراہی میں پڑا رہنے دیا ہو، اُسے کون ہدایت دے سکتا ہے؟ اور اُن کا کوئی مددگار نہیں ہوگا۔
لہٰذا (اے پیغمبر!) آپ یکسو ہو کر اپنا رخ اِس دین کی طرف سیدھا رکھیے؛ اللہ کی (بنائی ہوئی) اُس فطرت کی پیروی کیجیے جس پر اُس نے لوگوں کو پیدا کیا ہے؛ اللہ کی بنائی ہوئی (اِس) فطرت میں کوئی تبدیلی نہیں ہو سکتی؛ یہی سیدھا اور درست دین ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔
اور جب لوگوں کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو اپنے پروردگار کی طرف رجوع کرتے ہوئے اُسی کو پکارتے ہیں، پھر جب وہ اُنہیں اپنی طرف سے رحمت کا مزہ چکھا دیتا ہے تو اچانک اُن میں سے ایک گروہ اپنے پروردگار کے ساتھ شرک کرنے لگتا ہے،
اور جب ہم لوگوں کو (اپنی) رحمت کا مزہ چکھاتے ہیں تو وہ اُس پر اترانے لگتے ہیں، اور اگر اُن کی اپنی کارستانیوں کی وجہ سے اُنہیں کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو یکایک ناامید ہو جاتے ہیں۔
کیا اُنہوں نے نہیں دیکھا کہ اللہ جس کے لیے چاہتا ہے روزی کشادہ کر دیتا ہے اور (جس کے لیے چاہتا ہے) تنگ کر دیتا ہے؟ یقیناً اِس میں ایمان رکھنے والوں کے لیے نشانیاں ہیں۔
لہٰذا رشتہ دار کو اُس کا حق دو، اور مسکین اور مسافر کو بھی؛ یہ اُن لوگوں کے حق میں بہتر ہے جو اللہ کی خوشنودی چاہتے ہیں، اور ایسے ہی لوگ کامیاب ہوں گے۔
اور تم جو (چیز) سود کے طور پر دیتے ہو تاکہ لوگوں کے مال میں (شامل ہو کر) بڑھ جائے، تو وہ اللہ کے نزدیک نہیں بڑھتی؛ اور جو زکوٰۃ تم اللہ کی خوشنودی چاہتے ہوئے دیتے ہو، تو ایسے ہی لوگ (اپنے مال کو) کئی گنا بڑھانے والے ہیں۔
اللہ وہی ہے جس نے تمہیں پیدا کیا، پھر تمہیں روزی دی، پھر وہ تمہیں موت دیتا ہے، پھر تمہیں (دوبارہ) زندہ کرے گا؛ کیا تمہارے ٹھہرائے ہوئے شریکوں میں کوئی ایسا ہے جو اِن کاموں میں سے کچھ بھی کر سکے؟ وہ اُن کے شرک سے پاک اور بالاتر ہے۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
لہٰذا آپ اپنا رخ سیدھے دین کی طرف قائم رکھیے، اِس سے پہلے کہ اللہ کی طرف سے وہ دن آ جائے جس کے لیے پھر کوئی ٹلنا نہیں ہوگا؛ اُس دن سب لوگ الگ الگ ہو جائیں گے۔
اور اُس کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ وہ ہواؤں کو (بارش کی) خوش خبری دینے کے لیے بھیجتا ہے، اور تاکہ تمہیں اپنی رحمت کا مزہ چکھائے، اور تاکہ کشتیاں اُس کے حکم سے چلیں، اور تاکہ تم اُس کا فضل (روزی) تلاش کرو، اور تاکہ تم شکر ادا کرو۔
اور ہم نے آپ سے پہلے بھی بہت سے پیغمبر اُن کی قوموں کی طرف بھیجے، تو وہ اُن کے پاس کھلی دلیلیں لے کر آئے؛ پھر جن لوگوں نے جرم کیا تھا ہم نے اُن سے بدلہ لیا؛ اور مسلمانوں کی مدد کرنا ہم پر لازم تھا۔
اللہ ہی ہے جو ہواؤں کو بھیجتا ہے، پھر وہ بادلوں کو اٹھاتی ہیں، پھر وہ اُن (بادلوں) کو آسمان میں جس طرح چاہتا ہے پھیلا دیتا ہے اور اُنہیں ٹکڑے ٹکڑے کر دیتا ہے، پھر تم دیکھتے ہو کہ اُن کے بیچ میں سے بارش نکلتی ہے؛ پھر جب وہ اپنے بندوں میں سے جن پر چاہتا ہے اُسے برسا دیتا ہے تو وہ یکایک خوشیاں منانے لگتے ہیں،
تو اللہ کی رحمت کے نشانات کو دیکھو کہ وہ زمین کو اُس کے مردہ ہونے کے بعد کیسے زندہ کرتا ہے! یقیناً وہی مُردوں کو زندہ کرنے والا ہے، اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔
اور نہ آپ اندھوں کو اُن کی گمراہی سے نکال کر راستہ دکھا سکتے ہیں؛ آپ تو صرف اُنہی کو سنا سکتے ہیں جو ہماری آیتوں پر ایمان لاتے ہیں، پھر وہی فرماں بردار ہیں۔
اس رکوع کا لفظ بہ لفظ معنی، ترکیب اور تفسیر ممبرشپ میں آئے گا، ویب سائٹ اور ایپ دونوں پر۔ نمونہ: سورۃ الفاتحہ مکمل مفت ←
اللہ وہ ہے جس نے تمہیں کمزوری کی حالت میں پیدا کیا، پھر کمزوری کے بعد طاقت عطا فرمائی، پھر طاقت کے بعد (دوبارہ) کمزوری اور بڑھاپا دے دیا؛ وہ جو چاہتا ہے پیدا فرماتا ہے، اور وہی خوب جاننے والا، پوری قدرت والا ہے۔
اور جن لوگوں کو علم اور ایمان عطا ہوا تھا وہ کہیں گے: تم تو اللہ کے لکھے ہوئے (فیصلے) کے مطابق قیامت کے دن تک ٹھہرے رہے ہو؛ تو یہی قیامت کا دن ہے، لیکن تم یقین نہیں رکھتے تھے۔
اور ہم نے اِس قرآن میں لوگوں کے لیے ہر طرح کی مثالیں بیان کر دی ہیں؛ اور اگر آپ اُن کے پاس کوئی بھی نشانی لے آئیں تو یہ کافر لوگ یہی کہیں گے کہ تم سب بالکل جھوٹے ہو۔